ہم نے پچھلے حصوں میں عہد کے صندوق اور خداوند کی میز کے بارے میں دئے گئے احکامات کا مطالعہ کیا تھا۔ آج ہم شمعدان کے بارے میں پڑھیں گے۔
خداوند نے بنی اسرائیل کو خالص سونے کا ایک شمعدان بنانے کو کہا۔ شمعدان کو عبرانی میں "منورہ، מְנֹרָהMenorah, ” کہا جاتا ہے۔ اسکو 1 سموئیل 3:3 میں "خدا کا چراغ” پکارا گیا ہے۔ خداوند نے خاص حکم دیا تھا کہ یہ شمعدان یعنی اسکا پایہ، ڈنڈی، اسکی پیالیاں ، لٹو اور اسکے پھول سب ایک ہی ٹکڑے کے ہوں۔ تلمود کے مطابق منورہ کو بنانے کی جو تفصیل بیان کی گئی تھی وہ موسیٰ نبی کے لئے بھی سمجھنا کچھ مشکل تھا ۔ اگر خداوند نے موسیٰ نبی کو اسکا نمونہ نہ دکھایا ہوتا تو وہ ٹھیک اس طرح سے نہ بنتا جیسا خداوند نے فرمایا تھا۔ گنتی 8:4 میں ذکر ملتا ہے کہ شمعدان کے پایہ پر بھی پھول تھا جو کہ ہمیں خروج 25 باب میں لکھا نہیں ملتا۔
میں نے جب پہلی بار منورہ بنانے کی تفصیل کو خروج 25 باب میں پڑھا تھا تو سب تفصیل میرے سر کے اوپر سے گذر گئی تھی۔ مجھے مشناہ توراہ میں اسکے بارے میں پڑھ کر بہتر سمجھ آئی تھی۔ خداوند نے اس شمعدان کو بنانے کی اتنی تفصیل کیوں دی؟ ایک عام شخص کے لئے یہ سب کچھ سمجھنا آسان نہیں اگر کوئی سمجھانے والا موجود نہ ہو۔ خروج 25 باب (چوتھا حصہ) پڑھنا جاری رکھیں

