فسح کے کھانے کی پلیٹ

image_pdfimage_print

میں نے ایک پچھلے آرٹیکل میں سیدر Seder, کی پلیٹ کا ذکر کیا تھا۔ آپ نے شاید فسح کے چار پیالوں اور روٹی کے بارے میں میرا آرٹیکل پڑھا ہو اگر نہیں تو ان آرٹیکلز کو ضرور پڑھیں۔ میں سیدر کی پلیٹ کو تھوڑا سا تفصیل میں بیان کرنے لگی ہوں۔ یہودی لوگ ابھی تک مسیحا کے انتظار میں فسح مناتے ہیں اور میسیانک یہودی اسلیے مناتے ہیں کہ یشوعا نے کہا تھا کہ "تم میری یادگاری میں ایسا ہی کرنا۔” خدا نے چاہا تو کبھی میں ھگادا Haggadah,  اپنے مسیحی بہن بھائیوں کے لیے لکھوں گی۔

آپ انٹرنیٹ پر سیدر کی پلیٹ کی تصویریں دیکھ سکتے ہیں اور اپنے گھر میں عید فسح کی تیاری کے لیے اپنے طور پر اپنی ایک سادہ پلیٹ تیار کر سکتے ہیں۔ آپ کو کسی خاص پلیٹ کے استعمال کی ضرورت نہیں۔ عام پلیٹ ہی خاص بن جائے گی۔  جو  کتاب گائیڈ کے طور پر عید فسح کی عبادت کے لیے استعمال ہوتی ہے اسکو ھگادا کہتے ہیں۔ گو کہ میں رسم و رواج کی بہت زیادہ تائید کرنے والوں میں سے نہیں ہوں مگر میں ان کی اہمیت سے انکار نہیں کروں گی۔ اگر رسمیں خدا کے حکموں پر ہاوی ہونا شروع ہو جائیں تو خالی رسم رہ جاتی اور روح سے خدا پرستی ختم ہوجاتی ہے۔ کچھ اسی قسم کی ھگادا کی ترتیب آپ کو کلام میں نظر بھی آئے گی جس سے معلوم ہوگا کہ  شاید یشوعا بھی ان رسموں پر چل رہا تھا مگر ساتھ میں یہ بھی جانتا تھا کہ خدا کا حکم ان تمام باتوں سے بڑھ کر ہے۔

فسح کو عبرانی میں پیساخ، פסח، Pesach کہتے ہیں جس کا مطلب ہے "پار کرنا ۔” جب خداعبرانیوں کو مصر سے نکالنے لگا تو خدا نے انہیں برہ کا خون دروازے کی اوپر کی چوکھٹ اور دروازے کے دونوں بازوں پر لگانے کو کہا (خروج 12:22) تاکہ جب خدا انکے گھروں کے دروازوں پر خون دیکھے تو انھیں ہلاک نہ کرے۔ یشوعا کا خون آج ہمیں ہمارے گناہوں کی غلامی سے آزاد کرتا ہے۔ خدا نے بنی اسرائیل کو یہ عید نسل در نسل منانے کو حکم دیا ہے۔ عید فسح سے پہلے پورے گھر کو خمیر سے پاک کیا جاتا ہے۔ (روحانی طور پر خمیر گناہ کی طرف اشارہ کرتا ہے لہذا اپنے آپ کو روحانی طور پر تیار کیا جاتا ہے کہ عید فسح اوربے خمیری روٹی کا تہوار منایا جا سکے۔)

ھگادا پڑھنے سے خروج 12 باب کی 23 سے 28 اور 13 باب کی 7 سے 10 آیات میں دیا خدا کا حکم پورا ہوتا ہے جس میں خدا نے حکم دیا کہ اپنی اولاد کو اس عبادت اور عید منانے کا مقصد بیان کریں۔

کدش کے پیالے Kiddish cup, (عید فسح کے چار پیالے) کے بارے میں میں نے پہلے بھی بیان کیا تھا کہ چار پیالے، چار باتوں کی طرف اشارہ کرتے ہیں پہلی کہ خدا تمہیں نکالے گا، دوسری کہ وہ تمہیں غلامی سے آزاد کرے گا، تیسری کہ وہ ہمیں رہائی دےگا اور چوتھی کہ وہ ہمیں اپنائے گا کہ ہم اسکی قوم بن جائیں۔ ایک اور پانچواں پیالہ بھی ہے جسے "ایلیاہ کا پیالہ” کہا جاتا ہے جو کہ اس وعدے کی نشان دہی کرتا ہے کہ خدا اس ملک میں اپنے لوگوں کو لائے گا جو اس نے ابرہام اور اضحاق اور یعقوب کو دینے کا کہا تھا۔ اس پیالہ سے مے نہیں پیتے کیونکہ ابھی تک بنی اسرائیل اس ملک میں داخل نہیں ہوئے ہیں۔

سیدر کی پلیٹ میں کچھ خاص کھانے کی چیزیں مختلف باتوں کی طرف اشارہ کرتی ہیں۔  چونکہ ہر کوئی اپنے لحاظ سے پلیٹ میں چیزوں کی ترتیب رکھتا ہے اسلیے یہ آپ کو ایک خاص ترتیب میں نہیں نظر آئیں گی مگر یہ  درج ذیل باتوں کی علامت ہیں؛

کرپاس، כרפס، Karpas ؛

 کوئی ہری سبزی جیسے کہ ہرا دھنیا، نئی زندگی کی علامت ہے۔ ہرے دھنیے کو نمک ملے پانی میں ڈبویا جاتا ہے۔ نمک ملا پانی اسرائیلیوں کے آنسوں کی طرف اشارہ کرتا ہے جو انھوں نے غلامی میں بہائے اور پھر جب وہ سمندر سے گزر کر دوسری طرف پار کر گئے تو نئی زندگی میں داخل ہوئے۔ ہمارا پانی کا بپتسمہ ہمارے لیے خدا میں نئی زندگی کی علامت ہے۔ زوفے کے گچھے سے عبرانیوں نے خون دروازوں پر لگایا تھا۔ ہرا، سردی کے بعد بہار کی نشاندہی کرتا ہے۔ یشوعا آیا کہ ہم اس میں کثرت کی زندگی پائیں۔ جب ہم اپنے گناہوں کی وجہ سے افسوس کے آنسو بہاتے ہیں اور توبہ کرتے ہیں تو یشوعا میں نئی زندگی پاتے ہیں۔

خوست، חֲרֽוֹסֶת، Charoset ؛ (اس لفظ میں "ر” کی آواز سنائی نہیں دیتی مگر لکھی ضرور جاتی ہے۔)

 ایک میٹھے بھورے رنگ کا سیب، پسی دارچینی اور اخروٹ کا آمیزہ ہے جو کہ ان اینٹوں کے رنگ کو ظاہر کرتا ہے جو عبرانیوں نے مصر میں غلامی کے دوران بنائی تھیں۔ یہ اس میٹھے پن کی طرف اشارہ کرتا ہے کہ خدا ہماری کڑی زندگی میں بھی مسیح میں امید کی کرن کو میٹھا بنا دیتا ہے۔ کیونکہ وہی ہے جو ہمارے بوجھ کو ہلکا کرتا ہے۔ آپ سیب پر تھوڑی پسی دار چینی ڈال کر اسکو آسانی سے گھر میں بنا سکتے ہیں۔ اخروٹ بھی شامل کر سکتے ہیں۔

مارور، מָרֹר، Maror؛

 کڑوی جڑی بوٹی۔ امریکہ میں عام طور سفید مولی کی طرح کی جڑی بوٹی کو استعمال کرتے ہیں جسکا زائقہ تھوڑا بہت کریلے کی طرح ہوتا ہے۔ آپ سفید یا لال مولی کا استعمال کر سکتے ہیں۔ یہ کڑواہٹ عبرانیوں کی مصر میں غلامی کی کڑواہٹ کی یاد دہانی کرواتی ہے۔ گناہ کی زندگی ہمیں کڑوا کر دیتی ہے۔

خزرت، חזרת،  Chazeretبھی ایک سبز سبزی ہے جو کہ ہر کوئی سیدر کی پلیٹ میں نہیں رکھتا مگر کچھ لوگ سیدر کی پلیٹ میں رکھتے ہیں، مارور کی طرح یہ بھی ایسی ہی ہے کہ کھاتے وقت تھوڑی کڑواہٹ محسوس ہو۔ جب فرعون نے عبرانی بچوں کو مار ڈالنے کا حکم دیا تھا تو عبرانی لوگوں کے لیے برداشت کے ناقابل تھا یہ اسکی یاد دہانی کرواتی ہے۔

زروآ، זרוע، Zero’a ؛

   ٹانگ کی ہڈی ،  فسح کی قربانی کے برہ کی طرف اشارہ کرتی ہے۔ جب سے  دوسری ہیکل تباہ ہوئی ہے کوئی قربانی نہیں چڑھائی گئی۔ ہمارے لیے یہ یشوعا کی قربانی کی نشاندہی کرتا ہے جسکی کوئی ہڈی نہیں توڑی گئی تھی۔ عبرانی زبان میں ہڈی کو ” ایتزم، etzem” کہتے ہیں مگر عبرانی لفظ زروآ، Zero’a  علما کے مطابق اس برے کی طرف اشارہ کرتا ہے جس کی ٹانگیں (بازو) باہر کو پھیلائے گئے ہوں۔ زروآ کا مطلب عام عبرانی میں "بازو” ہے۔

بیتزا، ביצה، Beitzah؛

 ابلا انڈہ،  قربانی کے برہ کی طرف اشارہ کرتا ہے جو یروشلیم میں ہیکل میں چڑھائی جاتی تھی۔ انڈے جنازے کے بعد ماتم میں کھانے میں پیش کیے جاتے تھے۔

ایک رسمی فسح کی عبادت/دعوت ایسے ہوتی ہے۔ سب سے پہلے موم بتیاں جلائی جاتی ہیں۔ مے کے پہلے پیالہ پر برکت دے کر گھونٹ لیتے ہیں (کچھ لوگ ایک ہی پیالہ استعمال کرتے ہیں الگ الگ سے چار پیالے استعمال نہیں کرتے)۔ ہاتھ دھو کر (کرپاس) ہری سبزی پانی میں ڈبوتے ہیں۔ متزا، بے خمیری روٹی توڑی جاتی ہے۔ دوسرے پیالے پر مصر سے رہائی کی کہانی بتائی جاتی ہے۔  پھرکڑوی جڑی بوٹی کھائی جاتی ہے۔ پھر بے خمیری روٹی میں خوست لپیٹ کر کھایا جاتا ہے، فسح کے کھانے کے ساتھ میں۔  افیکومین کھایا جاتا ہے۔ اور حمد وثنا کے گیت گائے جاتے ہیں۔  یہ بہت تفصیل میں نہیں ہے مگر اگر آپ فسح منانا چاہتے ہیں تو اس سادہ طریقے کو اپنا سکتے ہیں۔

 اب کی بار جب آپ متی کا 26 باب، مرقس 14 باب اور لوقا 22 باب یا مسیح کے مصلوب ہونے کی کھانی کو کلام میں پڑھیں تو ان تمام باتوں کو دھیان میں رکھ کر پڑھیں تاکہ آپ یہودیوں کی ان رسموں کا مطلب گہرائی میں جان سکیں۔

تحریر؛ شازیہ لوئیس