عید فسح کے چار پیالے

image_pdfimage_print

لوقا 22:19

۔۔۔۔۔۔۔۔۔ میری یادگاری کے لیے یہی کرو۔

اگر آپ سے ہو سکے تو لوقا کا 22 باب خود وقت نکال کر پڑھیں میں اس وقت صرف اس ایک فقرے اور عید فسح کے چار پیالوں پر بات کروں گی۔

ہمیں ہمیشہ یہی بتایا گیا ہے کہ ہمیں اب عید فسح منانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے کیونکہ یشوعا (مسیح) نے اسے پورا کر دیا ہے۔ میں نے ابھی تک یشوعا کے صلیب پر بولے کلمات کے بارے میں مکمل نہیں لکھا مگر ابھی آپ ان کلموں کو   چھوڑ کر اس اوپر دئے  ایک فقرے کے بارے میں خود سوچیں، میری دعا ہے کہ روح القدس آپ کو اس فقرے کو سمجھنے میں مدد کرے۔

 لوقا 22 باب میں یشوعا اپنے شاگردوں کے ساتھ عید فسح کا کھانا کھا رہا ہے اس نے کہا:

لوقا 22:15 اور 16 آیت؛

مجھے بڑی آرزو تھی کہ دکھ سہنے سے پہلے یہ فسح تمہارے ساتھ کھاوں۔ کیونکہ میں تم سے کہتا ہوں کہ اسے کبھی نہ کھاوں گا جب تک وہ خدا کی بادشاہی میں پورا نہ ہو۔

خدا کی بادشاہی؟؟؟

لوقا 22:17 اور 18 آیت؛

پھر اس نے پیالہ لے کر شکر کیا اور کہا کہ اسکو لےکر آپس میں بانٹ لو۔ کیونکہ میں تم سے کہتا ہوں کہ انگور کا شیرہ اب سے کبھی نہ پیونگا جب تک خدا کی بادشاہی نہ آ لے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ جب تک خدا کی بادشاہی نہ آ لے!!!

لوقا 22:19

پھر اس نے روٹی لی اور شکر کر کے توڑی اور یہ کہہ کر انکو دی کہ یہ میرا بدن ہے جو تمہارے واسطے دیا جاتا ہے۔ میری یادگاری کے لیے یہی کیا کرو۔

—-میری یادگاری کے لیے یہی کیا کرو؟؟؟

عید فسح کے کھانے کے دوران یشوعا نے کہا کہ میری یادگاری کے لیے یہی کرو۔ اب آپ شاید یہ کہیں کہ اس نے "تم” نہیں کہا اسلئے یہ ہم پر عائد نہیں۔ یہ یشوعا کا حکم تھا کہ ہم اسکی یادگاری میں عید فسح منائیں۔ اس نے ہماری خاطر یہ قربانی دی تاکہ ہم اس فسح کو خوشی سے منا سکیں اسکی یادگاری میں۔ سبت کے دن پر اگر آپ کو میرا آرٹیکل یاد ہو تو میں نے ذکر کیا تھا کہ سبت پر مے (اور روٹی) سبت منانے کا اہم حصہ ہے۔ مے خوشی کا اظہار کرتا ہے۔ احبار 23 میں خدا نے کہا؛

احبار 23:1

بنی اسرائیل سے کہہ کہ خداوند کی عیدیں جنکا تم کو مقدس مجمعوں کے لیے اعلان دینا ہوگا میری وہ عیدیں یہ ہیں۔

 کلام میں بیان کردہ یہ عیدیں خدا کی عیدیں ہیں انسان سوختہ تہوار نہیں۔ فسح کے لیے خدا نے کہا "یہ فسح خداوند کی ہے۔ (خروج 12:11)”  اگر آپ نے خدا کی مقرر کردہ عیدوں کے بارے میں پڑھنا ہے تو آپ احبار 23 کا پورا باب پڑھ سکتے ہیں۔ ہر عید کے منانے کے حکم کے آخر میں خدا نے کہا "۔۔۔۔ پشت در پشت یہی آئین رہے گا۔” میری بات کا یقین نہ کریں بلکہ کلام میں خود دیکھیں۔ اور پھر لوقا 22 میں بھی یشوعا یہی کہہ رہے ہیں کہ "میری یادگاری کے لیے یہی کیا کرو۔” اور تو اور پولس نے بھی 1کرنتھیوں 5:8 میں یہی کہا؛

پس آؤ ہم عید کریں۔ نہ پرانے خمیر سے اور نہ بدی اور شرارت کے خمیر سے بلکہ صاف دلی اور سچائی کی بےخمیری روٹی سے۔

آپ کے خیال میں پولس رسول کس عید کے بارے میں بات کر رہے تھے؟

میں نے جب سے میسیانک یہودیوں کی عبادت گاہ میں جانا شروع کیا ہے کلام مجھے پہلےسے زیادہ بہتر سمجھ میں آنا شروع ہوا ہے۔ عید فسح کی عبادت/منانے کی ترتیب بہت سی کلام کی باتوں پر بہتر نظر ڈالتی ہے۔ میں عید فسح کی پوری ترتیب کو ابھی بیان نہیں کر رہی مگر آج اس میں سے صرف عید فسح کے پیالوں پر تھوڑی سی روشنی ڈالوں گی ۔ میں نے لوقا 22 کی 17 اور 18 آیات اوپر درج کیں ہیں۔ مگر اس سے پہلے کہ تفصیل بیان کروں آئیں خروج 6 کی 6 اور 7 آیت دیکھیں؛

سو تو بنی اسرائیل سے کہہ کہ میں خداوند ہوں اور میں تم کو مصریوں کے بوجھوں کے نیچے سے نکال لوںگا۔ اور میں تم کو انکی غلامی سے آزاد کروں گا اورمیں اپنا ہاتھ بڑھا کراور انکو بڑی بڑی سزائیں دےکر تمکو رہائی دونگا۔ اور میں تمکو لےلونگا کہ میری قوم بن جاؤ اور میں تمہارا خدا ہونگا اور تم جان لو گے کہ میں خداوند تمہارا خدا ہوں جو تم کو مصریوں کے بوجھوں کے نیچے سے نکالتا ہوں۔

ان آیات میں خدا نے چار باتوں، چار عہد کا ذکر کیا جو اس نے ہمارے لیے کرنے کا کہا ہے۔

1-      میں تمہیں نکال لونگا۔

2-      میں تمہیں غلامی سے آزاد کرونگا۔

3-      میں تم کو رہائی دونگا۔

4-      میں تمکو لے لونگا کہ میری قوم بن جاؤ۔

عید فسح کے کھانے میں چار مے کے پیالے ہوتے ہیں جو ان چار باتوں کی طرف اشارہ کرتے ہیں۔ آپ کے خیال میں اس نے کونسا پیالہ پیا؟ آپ کو یشوعا کی دعا یاد ہے؟ انھوں نے دو پیالے عام رسمی انداز میں پیے مگر جب تیسرا پیالہ پینے لگے تو انھوں نے کہا "یہ میرا خون ہے۔”(متی 26 باب کی 27 سے 39 آیات پڑھیں۔) اوپر خروج کی آیات میں وہ عہد درج ہیں جو انھوں نے پیالوں کو پیتے وقت کہے۔  مگر چوتھا پیالہ انھوں نے نہیں پیا جو کہ متی 26:29 میں درج ہے مطلب اس  نے پہلا پیالہ جو "میں تمہیں نکال لونگا”، دوسرا پیالہ "میں تمہیں غلامی سے آزاد کرونگا  تیسرا پیالہ "میں تم کو رہائی دونگا” پیے  مگر چوتھا پیالہ "میں تم کو لے لونگا کہ میری قوم بن جاؤ”  یہ کہہ کے نہیں پیا؛

متی 26:29

"میں تم سے کہتا ہوں کہ انگور کا شیرہ پھر کبھی نہ پیونگا۔ اس دن تک کہ تمہارے ساتھ اپنے باپ کی بادشاہی میں نیا نہ پیوں۔”

اگر آپ لوقا کے 22 باب کو پورا پڑھیں گے تو واضع ہوگا کہ اس نے پیالہ ایک بار نہیں بلکہ دو بار پکڑا تھا۔ چار پیالے چار وعدوں کی نشاندہی کے لیے۔

1-     خداوند نے ہمیں مقدس ٹھہرایا۔

2-      ہمیں گناہ سے آزادکیا۔

3-      ہمیں نجات دی۔

4-       وہ ہمیں اپنی بادشاہی میں داخل کریں گے۔

ابھی خدا کی بادشاہی نہیں آئی ہے۔ ابھی یہ کام مکمل ہونا باقی ہے اور تب تک لازم ہے کہ ہم پشت در پشت خداوند کی دی ہوئی عیدوں کو منائیں جیسا کہ احبار 23 میں لکھا ہے۔ اگلے آرٹیکل میں ہم خمیری روٹی (عید فطیر) اور یہودیوں کی عید فسح اور عید فطیر کی رسم پر نظر ڈالیں گے۔ شلوم۔

تحریر؛ شازیہ لوئیس

عید فسح کے چار پیالے” پر ایک تبصرہ

تبصرے بند ہیں۔