(پیدائش 27 باب (دوسرا حصہ

image_pdfimage_print

پچھلی بار ہم نے جانا کہ کیسے ہم اپنے اوپر  لعنتیں، اپنی ہی باتوں سے لاتے ہیں۔ استثنا 28 میں خدا نے  پہلی چودہ آیات میں  اپنے احکامات ماننے پر  برکتوں کا ذکر کیا ہے اور 15 سے 68 آیات میں حکموں کی نافرمانی پر لعنتوں کا ذکر کیا ہے۔ ویسے تو کلام میں اور بھی حوالے ہیں جیسے کہ آپ احبار کی کتاب میں بھی خدا کے دئے احکامات کے بارے میں پڑھ سکتے ہیں۔  استثنا11:26 سے 28  میں لکھا ہے؛

دیکھو میں آج کے دن تمہارے آگے برکت اور لعنت دونوں رکھ دیتا ہوں۔ برکت اس حال میں جب تم خداوند اپنے خدا کے حکموں کو جو آج میں تم کو دیتا ہوں مانو۔ اور لعنت اس وقت جب تم خداوند اپنے خدا کی فرمانبرداری نہ کرو اور اس راہ کو جسکی بابت میں آج تم کو حکم دیتا ہوں چھوڑ کر غیر معبودوں کی پیروی کرو جن سے تم اب تک واقف نہیں۔

آپ کی زندگی میں کون سے ایسے غیر معبود ہیں جن کو آج تک آپ نے غیر معبود جانا نہیں۔ جب بھی کوئی چیز یا خواہش ہماری زندگی میں خدا سے بڑھ کر ہو جاتی ہے وہ بھی ایک طرح سے  ،ایک غیر معبود کی صورت اختیار کر لیتی ہے۔ آپ کواپنے لیے  چننا پڑے گا کہ خدا کے حکموں کو مان کر اس کی  برکتوں تلے رہنا ہے یا کہ اسکے احکامات کی نافرمانی   پر لعنتوں میں۔  میں  تمام تو نہیں مگر کچھ باتیں جو کلام کے مطابق ہمارے لیے لعنت کا باعث ہیں، درج کر رہی ہوں۔ آپ ان میں سے دیکھ سکتے ہیں کہ آپ نے اپنے اوپر کس قسم کی لعنتوں کے دروازے خود کھولے ہیں۔

  • خداوند اپنے خدا کو نہ پاک ماننا (دس حکموں میں سے پہلے چار احکامات ، خروج 20 باب)
  • میں نے زبان کے بارے میں تو پہلے ہی ذکر کیا تھا کہ زندگی اور موت  زبان کے قابو میں ہیں۔ لہذا وہ الفاظ جو ہم اپنے لیے غلط بولتے ہیں۔
  • غیر معبودں کی پرستش کرنا۔
  • ماں باپ کی عزت نہ کرنا۔
  • اسرائیل پر لعنت بھیجنا۔
  • جھوٹ بولنا، دھوکا دینا، چوری کرنا، طلم کرنا یا خون بہانا۔
  • اپاہج لوگوں کے ساتھ برا سلوک کرنا۔
  • غریب کو حقیر جاننا۔
  • جادومنتر کرنا، شگون نکلوانا یا ان لوگوں کے پاس جانا اور انکے طالب ہونا یا پھر مرِدوں سے رابطہ کرنا۔
  • آدمیوں پرخدا سے زیادہ بھروسہ رکھنا۔
  • شادی کے بستر کو پاک نہ رکھنا اور شادی سے باہر ناجائز تعلقات رکھنا۔
  • دہ یکی نہ دینا۔
  • خدا کے کلام کو چھوڑ کر کسی اور کو اپنانا۔

اسکے علاوہ کچھ خاص قسم کی بھی لعنتیں ہیں جن کے بارے میں ہم آگے پڑھیں گے مثال کے طور پرجیسے ہم نے پیدائش  9 میں نوح کو جو کہ خدا کی نظر میں راستباز تھا ،اسکو اپنے بیٹے حام  کو لعنت بھیجتے پڑھا تھا اور جیسے کہ  یشوع 6:26 میں ، یشوع نے یریحو شہر کو دوبارہ تعمیر کرنے پر لعنت بھیجی تھی۔ ہم پیدائش 27 باب میں یہ بھی  ہم پڑھ رہے ہیں کہ یعقوب کو اپنے باپ کی بددعا کا بھی ڈر تھا۔

آپ کو استثنا کا 28 باب کلام میں خود پڑھنا ہے یہ دیکھنے کے لیے کہ کس قسم کی لعنت کا ذکر کیا ہے کچھ لعنتیں نسل در نسل چلتی ہیں اور کچھ وقتی ہیں ۔  کبھی  آپ نے ڈاکٹروں کو کہتے سنا ہے "خاندان میں کس کس کو یہ بیماری ہے؟” یا پھر یہ کہ "یہ خاندانی بیماری ہے؟” کلام کے مطابق یہ نسل در نسل لعنت ہے۔ گلتیوں 3:13 میں ایسے لکھا ہے؛

مسیح جو ہمارے لیے لعنتی بنا اس نے ہمیں مول لیکر شریعت کی لعنت سے چھڑایاکیونکہ لکھا ہے کہ جو کوئی لکڑی پر لٹکایا گیا وہ لعنتی ہے۔

آپ کو اس آیت کے بارے میں اگر اس طرح سے بتایا گیا ہے کہ ہم اب شریعت کو قائم رکھنے کی لعنت سے آزاد ہیں یا پھر یہ کہ شریعت لعنت ہے،   تو آپ اس آیت کو غلط سمجھ رہے ہیں۔ میں نے جن باتوں کا اوپر  ذکر کیا ہے کہ  یہ کرنے سے ہم لعنتی ٹھہرتے ہیں تو یہ سب باتیں شریعت کے دائرے میں ہی آتی  ہیں کیونکہ یہ موسیٰ کی دی ہوئی پہلے پانچ کتا بوں میں لکھیں ہیں اور موسیٰ کی ان کتابوں کو توریت کہتے ہیں  اور اس میں دئے گئے  خدا کے احکامات، شریعت کہلاتے ہیں گو کہ لفظ  "شریعت”،  توریت کا صحیح ترجمہ نہیں ہے۔ شریعت پر نہ عمل کرنا ، خدا  کی نافرمانی کرنا ہے اور خدا کے حکموں کی نافرمانی کرنا، مطلب گناہ کرنا ہے اور  اپنے لیے لعنت  لینا ہے (1 یوحنا 3:4) ۔ اس لئے  گلتیوں 3:13 میں پولس یہ بات سمجھانے کی کوشش کر رہا ہے کہ جب مسیح نے صلیب (لکڑی) پر جان دی تو اس نے  ہمارے  گناہ اپنے اوپر لے لیے (ہمیں مول لیا) اور ہمیں شریعت کی نافرمانی کی لعنت سے چھڑایا۔ 1  یوحنا 5:3 میں لکھا ہے؛

اور خدا کی محبت یہ ہے کہ ہم اسکے  حکموں پر عمل کریں اور اسکے حکم سخت نہیں۔

آپ کے خیال میں کن احکامات کا یوحنا نبی کہہ رہا ہے؟    یشوعا کے شاگردوں کے پاس نیا عہد نامہ نہیں تھا بلکہ پرانا عہد نامہ تھا اور وہ انہی احکامات کی بات کر رہے تھے۔ اگر آپ نے کبھی اپنے اوپر سے لعنتوں کو ختم کرنے کی دعا نہیں کی تو آپ میری اس دعا کو استعمال کر سکتے ہیں۔   لازمی نہیں کہ اس دعا کے ہر لفظ آپ کے لیے ہیں ، صرف وہ جو کہ آپ پر عائد ہوتے ہیں۔ آپ اس کو ایک مثال کے طور پر لے سکتے ہیں اور جن باتوں کو میں نے اس دعا میں نہیں شامل کیا وہ آپ اپنے لیے بیچ میں شامل کر سکتے ہیں۔

دعا:

یہواہ ، آسمانی باپ میں  عاجزی سے تیرے حضور میں حاضر ہوتی ہوں ۔ میں تیری پرستش اور تری تعریف کرتی ہوں  یہ جان کر کہ تو یہواہ  اخاد ،  واحد خدا ہے اور میرے لیے تیرے علاوہ اور کوئی خدا نہیں۔ میں تیرا شکر کرتی ہوں تیرے بیٹے یشوعا ہا مشیاخ (یسوع مسیح) کے لئے کیونکہ اسکے خون بہانے اور صلیب پر اپنی جان دینے کے وجہ سے مجھے تجھ میں ایک نئی زندگی  ملی ہے۔ یہواہ روئی، آپ وہ خدا ہیں جن کی آنکھوں سے کچھ چھپا نہیں۔ تو میرے تمام گناہوں کو جانتا ہے، مجھے اپنے برہ کے خون سے پاک صاف کر۔ خداوند خدا تو نے مجھے مول لیا ہے اور شریعت کی لعنت سےچھڑایا ہے اسلئے میں اپنے اوپر سے، اپنے باپ اور ماں دونوں کے خاندانوں کی طرف سے- آدم تک، تمام پشت در پشت لعنتوں کو ؛ بت پرستی کی لعنت کو،  جادومنتر ، شگون اور اس قسم کی تمام لعنتوں کو،  گھمنڈ، ہوِس، خوف، موت، لت اور بربادی کی لعنت کو یشوعا کے نام میں ختم کرتی ہوں۔میں ان تمام لعنتوں کو جو مجھ پر اسرائیل کو برا بھلا کہنے سے نازل ہوئیں ہیں یشوعا کے نام میں ختم کرتی ہوں۔  میں ان تمام بری روحوں کو جو کہ میرے اس دنیا میں جنم لینے کے ساتھ ہی جڑ گئی تھیں، ان کو میں یشوعا کے نام میں اپنی زندگی سے نکل جانے کا حکم دیتی ہوں۔ میں ان تمام  بولی گئی لعنتوں کو جو کہ جانے انجانے میں مجھے پر بھیجی گئی ہیں یشوعا کے نام میں ختم کرتی ہوں۔ میں ان تمام بولے ہوئے غلط لفظوں کو جو کہ تیرے نام اور کلام کے خلاف جاتے ہیں  یشوعا کے نام میں ہمیشہ کے لیے مٹاتی ہوں چاہے وہ الفاظ میں نے بولے ہیں یا پھر وہ  جو کہ صاحبِ اختیار ہے انھوں نے کہے ہوں۔  میں یشوعا کے نام میں  تمام جھوٹے مذاہب کی تعلیم،  دماغی ابتری، جسمانی یا اخلاقی بیماری جو مجھے کمزور کرتی ہے، جلن، غصہ، نشہ کی لعنت اور نفرت کو یشوعا کے نام میں اپنے سے ہمیشہ کے لیے دور کرتی ہوں۔ میرا کوئی ایسا کام یا عمل جس نے  بری روح  کو میری  زندگی میں قانونی اختیار دے دیا ہے  چاہے وہ میری  وجہ سے ہے یا پھر میرے باپ دادا  کی طرف سے وراثت میں ساتھ ہے(باپ کا خاندان یا ماں کا)  میں اسکے تمام قانونی اختیارات کو یشوعا کے نام میں توڑتی ہوں۔ میں ان تمام جھوٹے عقائد کو  اور فلسفوں کو جن کو میں نے اپنی زندگی میں اپنانے کی  کبھی کوشش کی ، یشوعا کے نام میں ہمیشہ کے لیے ختم کرتی ہوں۔  اگر کبھی میں نے کسی کا دل دکھایا ہے یا پھر میرے گھر والوں نے  (ہماری پرانی نسل نے)  اور اس شخص نے  کبھی دکھی ہو کر بد دعا دی ہے جو کہ خداوند کے حضور تک پہنچی ہو میں اسے یشوعا کے نام میں ختم کرتی ہوں کیونکہ میں یشوعا میں ایک نئی مخلوق ہوں جسکے پچھلے تمام گناہ خداوند نے یشوعا میں معاف کر دئے ہیں۔ میں نے یا پھر میرے گھر والوں نے (پچھلی تمام نسلوں نے) جو وعدے اور قسمیں شیطانی روحوں کے ساتھ کیے میں ان کو یشوعا کے نام میں ختم کرتی ہوں کوئی ایسی لعنت جو کہ عمر کے ساتھ ساتھ میری زندگی میں چھوٹتی ہے اسکو میں یشوعا کے نام میں ہمیشہ کے لیے ختم کرتی ہوں۔ میں بلعام کی ،  اخی اب اور ایزبل جیسی ان تمام بری روحوں کو جو میری برکتوں کو چھینتی ہیں اور مجھے اپنا غلام بناتی ہیں میں ان تمام کو یشوعا کے نام میں حکم دیتی ہوں کہ میرے سے دور ہو جائیں اور پھر کبھی میری زندگی میں داخل نہ ہوں۔  تمام شیطانی چیزیں جو کہ روح میں میرے سے چھپی ہوئی ہیں میں انکو یشوعا کے نام میں حکم دیتی ہوں کہ مجھ سے اور میرے خاندان سے ہمیشہ کے لئے دور ہوجائیں اور پھر کبھی ہماری طرف نہ مڑیں کیونکہ میں اپنے خداوند یہواہ پاک خدا کی بیٹی ہوں جس پر اب تمہارا کوئی اختیار نہیں اس نے مجھے اپنے بیش قیمت  خون سے خرید لیا ہے اور مجھے اپنی برکتوں سے نوازنے کا عہد کیا ہے۔ میں  تمام شیطانی بندھنوں سے آزاد ہوں اور اب یہواہ کے راستبازوں میں شمار ہوتی ہوں یشوعا کے پاک اور مبارک نام میں ؛ ہیلیلویاہ۔ آمین

ہم اگلی دفعہ پیدائش 27 باب کا مطالعہ ختم کریں گے۔ خداوند آپ سب کو برکت دے۔ آمین