پیدائش 9 باب

image_pdfimage_print

پیدائش 9 باب آپ کلام میں پورا خود پڑھیں۔

الوہیم (خدا) نے نوح اور اسکے بیٹوں کو برکت دی۔ خدا نے انھیں زمین کو معمور کرنے کو کہا۔ خدا نے انھیں ہری سبزی کے علاوہ گوشت کھانے کی بھی اجازت دی مگر خاص منع کیا کہ گوشت کے ساتھ خون جو کہ جاندار کی جان ہے نہ کھانا۔  احبار 17:11 میں خدا نے کہا ہے؛

کیونکہ جسم کی جان خون میں ہے ۔۔۔

نو باب کی پہلی چند آیتوں میں گویا خدا نے ایک طرح سے قانون نافذ کیا کہ اگرکوئی آدمی خون کرے اسکا خون آدمی سے ہو گا۔  آدمی کی جان کا بدلہ خدا ضرور لے گا۔ جو قوانین خدا نے نوح کے زمانے میں دئے انکو نوح کی شریعت  یا نوحی شریعت سے جانا جاتا ہے۔ ربیوں کے مطابق یہ 7 شریعت نوح کے زمانے میں نافذ تھیں۔

1-      انسان بت پرستی مت کرے۔

2-      خدا کا نام بے فائدہ نہ لے۔

3-      خون نہ کرے۔

4-      قریبی  خونی رشتےداروں سے جنسی تعلقات نہ رکھے۔

5-      چوری نہ کرے۔

6-      خون نہ کھائے اور پیے۔

7-       حکمرانوں  کی فرمانبرداری کرے۔

اعمال کے 15 باب میں رسولوں نے ان ایمانداروں کو جو نیا نیا ایمان لائے تھے اورفریسیوں کے سبب سے شریعت کو بوجھ سمجھنے لگ گئے تھے انکو رسولوں نے نوحی شریعت پر عمل کرنے کو کہا کیونکہ انھیں علم تھا کہ ہر سبت کو جب عبادتخانوں میں موسٰی کی توریت سنائی جائے گی تو لوگ آہستہ آہستہ خود ان پر عمل کرنا شروع کر دیں گے۔ یہی بات میں ان لوگوں کو بھی کہوں گی جو کہ توریت پر عمل کرنا چاہتے ہیں مگر اسکو ایک طرح سے بوجھ سمجھتے ہیں۔ روح القدس آپ سے آپ کا اطمینان نہیں چھیننا چاہتا ہے بلکہ آپ کو اپنا اطمینان دینا چاہتا ہے۔ توریت پر عمل کرنے میں آپ کا اپنا بھلا ہے مگر آپ تمام حکموں کو ایک دم سے سیکھ نہیں سکتے اور چونکہ اتنے سالوں سے مسحیوں کو یہی کہا گیا ہے کہ توریت پر عمل کرنے کی ضرورت نہیں کیونکہ آپ پر خدا نے اپنا فضل کیا ہے اور اب شریعت آپ پر لاگو نہیں ہوتی تو غلط کہا گیا  ہے اور ان باتوں کو چھوڑتے ہوئے وقت لگے گا۔ آپ کو میں نے پچھلے آرٹیکلز میں نوح کا عبرانی نام اور فضل کا عبرانی لفظ بتایا تھا۔ پیدائش 6:8 میں عبرانی لفظ "فضل ” کا ہی استعمال خدا نے نوح کے لیے کیا تھا۔

مگر نوح خدا کی نظر میں مقبول ہوا۔

ترجمہ کرتے ہوئے فضل کا لفظ اردو ترجمے میں نہیں لکھا گیا جسکی بنا پر لوگ سوچتے ہیں کہ فضل نئے عہد نامے کا حصہ ہے مگر پرانے عہد نامے میں کہیں پر بھی  نہیں خدا نے لوگوں پر فضل کیا۔ میرے سے اکثر لوگ یہی سوال کرتے ہیں کہ رومیوں 6:14 کہتی ہے؛

اسلئے کہ گناہ کا تم پر اختیار نہ ہوگا کیونکہ تم شریعت کے ماتحت نہیں بلکہ فضل کے ماتحت ہو۔

چونکہ ہم فضل کے ماتحت ہیں اسلیے شریعت پر چلنے کی ضرورت نہیں تو پھر میں کیوں توریت پر چلنے کی بات کرتی ہوں؟ آپ اعمال کا 15 باب پڑھ سکتے ہیں۔ پولس کے زیادہ خط ان  غیر قوموں کے ایمانداروں کے لیے تھے جو کہ نیا نیا ایمان لائے تھے اور پولس نہیں چاہتا تھا کہ وہ شریعت کو بوجھ سمجھ کر یشوعا کو نجات دہندہ ماننا چھوڑ دیں اسلئے وہ انکو بار بار یاد دلاتا تھا کہ خدا کے فضل کی بنا پر آپ نے نجات پائی ہے نہ کہ شریعت کے ماتحت  ہو کر اسلئے اپنے ایمان کو نہ چھوڑو۔ پولس کے زمانے میں بھی لوگ پولس کی تعلیم سے یہ سوچنے لگ گئے تھےکہ شاید انھیں اب توریت پر عمل کرنے کی ضرورت نہیں ؛ آپ اعمال کا 21 باب پڑھیں۔  مگر جب بزرگوں نے جانا کہ لوگ سوچ رہے ہیں کہ اب موسٰی کی شریعت کی ضرورت نہیں تو انھوں نے پولس کو مشورہ دیا کہ وہ خود غیر قوموں کو دکھاے کہ وہ  خود بھی موسٰی کی شریعت  پر عمل کرکے درستی سے چلتا ہے۔ پولس بزرگوں کی اس بات سے متفق تھا اور اسلئے اس نے انکے کہنے پر عمل کیا۔

نئے عہد نامے میں جہاں کہیں بھی بزرگوں یا باپ دادا کی روایت کا ذکر ملتا ہے وہ لوگوں کی اپنی بنائی ہوئی رسموں کا حوالہ ہے جو کہ آپ کو تلمود میں ملتی ہیں نا کہ توریت کی تعلیم کا حوالہ ہے اور اسلئے یشوعا نے فریسیوں  اور فقہیوں کو اسی قسم کی باتوں سے جھڑکا تھا۔ موسٰی کی شریعت پر   یشوعا  نے خود بھی عمل کیا تھا۔ اگر  آپ آج یشوعا کے پیروکاروں میں سے ہے تو  کیا آپ ان باتوں پر چل رہے ہیں جن پر وہ چلتا تھا اور عمل کرتا تھا؟

ہم نویں باب کا باقی مطالعہ اگلے ہفتے کریں گے۔ خدا آپ کو ہمت دے کہ آپ یشوعا کے پیچھے اپنی صلیب اٹھا کر چل سکیں۔ وہی صلیب جو دکھ کا باعث تھی مگر پھرجیسے خدا نے یشوعا کو مردوں میں سے جی اٹھایا ویسے ہی وہ آپ کو بھی نئی زندگی دے۔ آمین

پیدائش 9 باب” پر ۲ تبصرے

  1. شالوم میڈم شازیہ
    ہم تبصرہ کیا کریں ،خدا آپ کو بہت برکت دے۔
    ہم تو آپ کے شکر گزار ہیں کہ آپ ہمیں ہمارے خدا ہمارے باپ کی باتیں بتاتیں ہیں آپ بس ہمیں سکھاتی جا یں شکریہ۔

    اسرائیل کا خدا ابد تک مبارک ۔

تبصرے بند ہیں۔