آپ اس باب کو پورا خود کلام میں پڑھیں۔
ایک وقت تھا جب میں کبھی پیدائش 5 جیسے باب کو پڑھنے اور سمجھنے میں زیادہ وقت نہیں لگاتی تھی ظاہر ہے کہ صرف نام لکھے ہیں کوئی خاص مطلب تو ہو نہیں سکتا تھا سوائے اسکے کہ نسل کا بیان ہو رہا ہے۔ مگر ایک سوال ضرور ذہن میں اٹھتا تھا کہ آخر ان ناموں کی کیا اہمیت ہے؟ کیا خدا کی نظر میں باقی لوگ اہم نہیں تھے؟! یہ باتیں ہم آج کے مطالعہ میں سکھیں گے۔ میں نے پیدائش 1 کے مطالعہ میں چھپے پیغام کا ذکر کیا تھا جو کہ شاید بہت سے لوگ سوچ سکتے ہیں کہ غلط بھی ہو سکتا ہے۔ توریت میں خدا نے کتنے ہی خفیہ پیغام چھپائے ہوئے ہیں۔ 1980 میں کچھ ربیوں نے مل کر اس وقت کے ماڈرن کمپیوٹر کا استعمال کیا جو کہ ہیبرو (عبرانی) یونیورسٹیHebrew University, ، یروشلیم میں لگا ہوا تھا، اس بات کی کھوج لگانے کے لیے کہ کیا واقعی توریت میں کوئی راز چھپا ہے۔ ربی ڈیوڈ اور انکے ساتھیوں نے توریت (موسٰی کی پہلی پانچ کتابوں ) میں بے شمار چھپے ہوئے راز دریافت کیے۔ انکا کہنا ہے کہ کسی عام انسان کا اس طرح سے انہیں توریت میں ڈالنا ناممکن ہے کیونکہ صرف ایک پیٹرن نہیں بلکہ کئی قسم کے پیٹرن توریت میں موجود ہیں۔ جیسے کہ بائبل کہتی ہے کہ خدا نے موسٰی کو توریت کوہ سینا پہ دی تھی اور ان ربیوں کا یہی ماننا ہے کہ توریت حقیقت میں عام انسان کا کام نہیں بلکہ "کسی خاص کا کام ہے”۔
میں نے پہلے بھی بیان کیا تھا کہ عبرانی کلام ملتے جلتے الفاظ پر مشتمل ہے اور ابھی تک میں نے جو پچھلے آرٹیکل لکھے ہیں ان میں آپ کو ان لفظوں کےکھیل کا تھوڑا بہت پتہ چل رہا ہوگا۔ لہذا ان الفاظ پر مبنی پر معنی جملوں کا استعمال اور پھر ان میں چھپے کوڈز (خفیہ زبان) توریت میں خدا کی چھاپ ہے۔ مثال کے طور پر پیدائش کے پہلے باب کا پہلا عبرانی لفظ "بیرشیت” کے آخری حرف (پیدائش کا مطالعہ، پہلا حصہ پڑھیں) ” ת، تاوو” سے اگر 49 حرف آگے گنیں توہر 50پچاسواں حرف ملا کر "תורה، توراہ (تاوو، واو، ریش، حے، توریت)” بنتا ہے۔ پیدائش اور خروج میں ہر 50پچاسویں حرف کوملا کر دائیں سے بائیں بار بار "توراہ” نظر آئے گا مگر گنتی اور استثنا میں لفظ "توراہ” کے عبرانی حروف الٹے لکھے نظر آئیں گے مطلب کے "הרות(حے، ریش، واو، تاوو) پیدائش اور خروج دائیں سے بائیں لفظ توراہ اور گنتی اور استثنا بائیں سے دائیں لفظ توراہ، ان چاروں کتابوں کے درمیان میں احبار کی کتاب جس میں توریت کے احکام درج ہیں۔
پیدائش، خروج ← احبار → گنتی، استثنا
توراہ، توراہ ← یہواہ → توراہ، توراہ
نمبر 50 احبار 23 میں دئے پنتکوست کا دن اور احبار 25 میں دئے خاص یوبلی کے سال کا ہے اسلئے ہر پچاسواں حرف چنا گیا۔ احبار کی کتاب میں توراہ کا لفظ نہیں چھپا بلکہ یہوواہ چھپا ہے جو کہ عبرانی میں יהוה ایسے لکھا جاتا ہے۔ اور اسکے لیے انھوں نے ہر ساتویں حرف کے بعد کا حرف ملا کر نوٹ کیا کہ یہوواہ کا نام بار بار ظاہر ہوا ہے۔ 7ضرب 7 ، 49 بنتا ہے۔ اسی طرح انھوں نے ہارون اور عدن کے کوڈز اور پھر پیدائش 2:9 میں انھوں نے 31 درختوں کے نام بھی نوٹ کیے۔ یعسیاہ 53:10 میں ہر 20 حرف کے وقفے سے یاقو رامبسل Yakov Rambsel نے کوڈ ڈھونڈا جو کہ عبرانی سے اردو میں یہ بنتا ہے "یشوعا میرا نام ہے” توریت میں یشوعا کا نام بھی چھپا ہے۔ اوپر دئے کوڈز تہواروں سے جڑے ہیں جن کی تفصیل میں ہم ابھی نہیں جائیں گے۔خیر یہ میں نے معمولی سا حوالہ دیا تھا کچھ چھپے کوڈز (خفیہ زبان) کا ۔ آپ یاقو رامبسل کے بارے میں انٹرنیٹ پر پڑھ سکتے ہیں۔ میں نے انکا ذکر اپنے ان دوستوں کے لیےکیا ہے جو کہ زیادہ انگلش نہیں سمجھ سکتے۔
پیدائش پانچ میں آدم سے لے کر نوح تک پہلے دس نسلوں کے نام درج ہیں۔ انکی زندگی کے سال درج ہیں۔ ہم ان کے ناموں کا مطلب دیکھیں گے کیونکہ انکے ناموں کے مطلب سے ایک اہم فقرہ بنتا ہے۔
آدم – مرد
سیت – مقرر، تعینات، مامور یا آراستہ
انوس – فانی، فنا پزیر یا مرنے والا، خطا، غلطی
قینان – غم، رنج، ملال تکلیف، دکھ، ماتم کرنے والا
محلل ایل – بابرکت خدا
یارد- نیچے آئے گا یا اترے گا
حنوک – تعلیم ، ہدایت، ارشاد، تدریس
متوسلح – اسکی موت لائے گی
لمک – مایوس کن، ناامیدی کی طرف مائل
نوح – آرام یا سکون
اسکو ہم فقر ے میں ایسے لکھ سکتے ہیں؛
مرد تعینات (ہے) فنا پزیر غم (میں) (مگر) بابرکت خدا نیچے آئے گا(یہ)تعلیم (دیتے ہوئےکہ) اسکی موت لائے گی مایوس کن (کے لیے) آرام۔
آپ کو یاد ہے کہ فرشتے نے یوسف کو متی 1:21 میں یشوعا کے بارے میں یہ پیغام دیا تھا؛
اسکے بیٹا ہوگا اور تو اسکا نام یسوع رکھنا کیونکہ وہی اپنے لوگوں کو انکے گناہوں سے نجات دئے گا۔
متی 11:28 میں یشوعا نے کہا؛
ائے محنت اٹھانے والو اور بوجھ سے دبے ہوئے لوگو سب میرے پاس آؤ۔ میں تمکو آرام دونگا۔
آپ کا کیا خیال ہے خدا کی دی ہوئی توریت کا؟ کیا یہ واقعی میں بدل گئی ہے یا کہ اسکو خدا نے ہر طرح سے محفوظ کیا ہوا ہے؟ میں صرف اپنے خدا کی تعریف کر سکتی ہوں جس نے بارہا مجھ پر ثابت کیا ہے کہ اسکا کلام سچا ہے اور ہم اس پر مکمل بھروسہ کر سکتے ہیں۔ ہلیلویا הַלְּלוּיָהּ، جسکا مطلب ہے یہوواہ کی تعریف ہو۔ ہلیل –و-یاہ ؛ ہلیل کا مطلب ہے "تعریف” اور "یاہ” مخفف ہے یہواہ کا۔
پیدائش 5 باب میں حنوک کا ذکر ہے جو کے پہلا انسان تھا جسکے بارے میں لکھا ہے کہ اسکو خدا نے اٹھا لیا مطلب کہ اس نے جسمانی موت نہیں دیکھی۔ اسکا ذکر یہوداہ کے خط میں بھی ملتا ہے۔ اس باب میں جس لمک کا ذکر آیا ہے وہ چوتھے باب میں بیان لمک نہیں ہے کیونکہ وہ قائن کی اولاد میں سے تھا اور یہ لمک، سیت کی اولاد میں سے ہے۔ حنوک اور ایلیاہ دو واحد ایسے انسان ہیں جنھوں نے کلام کے مطابق موت نہیں دیکھی۔ ہم پیدائش کے پانچویں باب کا مطالعہ یہیں ختم کرتے ہیں۔ اگر آپ نے مکاشفہ 7 میں بھی اسی قسم کا کوڈ دیکھنا ہے تو ان تمام ناموں کا مطلب کلام میں دیکھیں اور سوچیں کہ کیا پیغام بن رہا ہے ورنہ جب ہم یعقوب کی اولاد کے بارے میں پڑھیں تو ہم تب انکا مطلب دیکھیں گے۔
کل خدا نے چاہا تو ہم پیدائش 6 کا مطالعہ کریں گے۔ میں نے پہلے بھی کہا ہے کہ آپ میرے ان آرٹیکلز کو اپنے گھر والوں، دوستوں اور چرچ میں شئیر کر سکتے ہیں۔ مجھے اس بات سے کوئی تکلیف نہیں ہو گی چاہے آپ میرے نام کا ذکر کریں یا نہ کریں، مجھے زیادہ خوشی اس بات کی ہو گی کہ خدا کے کلام کی سچائی پھیل رہی ہے۔ خدا آپ سب کو برکت دے اور اپنے علم میں اور بھی بڑھائے۔ آمین
good Info
khuda Aapko Barqat de…!
amin
Thanks. Blessings to you in Yeshua.
شالوم میڈم شازیہ
میں کچھ دوستوں کے ساتھ مل کر بائبل کی سٹیڈی کر رہا ہوں اور آپ کے آرٹیکل بائبل کی سٹڈی میں بہت مددگار ثابت ہوتے ہیں اور میں آپ کے آرٹیکل دوستوں کے ساتھ شیئر کرنا چاہتا ہوں اپنے چینل لائف ٹائم پرائیویٹ پر اس بات کی میں آپ سے اجازت مانگنا چاہتا تھا لیکن یہ آرٹیکل پڑھتے ہوئے جب میں نے پڑھا کہ آپ نے اس بات کی پہلے ہی اجازت دی ہوئی ہے تو میں بہت خوش ہوا اور آپ کا شکریہ ادا کرنا چاہتا تھا.
خدا آپ کو کلام سمجھنے کی اور زیادہ عقل و دانائی بخشے اور کلام کو سمجھ کر اوروں کو سمجھانے کی بھی عقل و دنائی بخشے اور اسی طرح آپ لوگوں کی تربیت کرتی رہیں۔ آمین
خداوند آپ کو اپنے کلام کو پھیلانے کے لئے یونہی استعمال کرتے رہیں۔ یشوعا کے نام میں آمین۔