ہمارے اس پرشاہ "حا-زینو” کا مطلب ہے "کان دھرو، کان لگاؤ”۔مکاشفہ کی کتاب میں بھی "حازینو” کئی بار لکھا نظر آتا ہے۔ یہ بھی مختصر سا پرشاہ ہے۔ آپ کلام میں سے ان حوالوں کو پڑھیں گے جو میں نیچے درج کرنے لگی ہوں۔ اپنی روحانی غذا کے لئے کلام کے حوالوں کو پڑھ کر میری ان باتوں کو ضرور سوچیں جو میں نیچے درج کر رہی ہوں۔
توراہ – استثنا 32:1 سے 52
ہاف تاراہ- 2 سموئیل 22:1 سے 52
بریت خداشاہ- رومیوں 10:14 سے 11:12 اور عبرانیوں 9:19 سے 28 کچھ میسیانک یہودی رومیوں 12:19 اور 15:9 سے 10 آیات بھی پڑھتے ہیں۔
- ہم نے پچھلے پرشاہ میں پڑھا تھا کہ خداوند نے موسیٰ کو بنی اسرائیل کے لئے گیت لکھنے اور سکھانے کو کہا تھا کہ یہ گیت بنی اسرائیل کے خلاف خداوند کا گواہ تھا اور ہے۔میں نے ذکر کیا تھا کہ یہ گیت "برہ کا گیت” بھی ہے جس کا ذکر ہمیں مکاشفہ میں ملتا ہے۔ یہ پرشاہ جن دنوں میں پڑھا جاتا ہے انھیں عبرانی میں "یمیم نوریم” کہا جاتا ہے، یوم کفارہ کے قریب۔ مکاشفہ کی کتاب کو اگر آپ نے پورا پڑھا ہے تو آپ کے ذہن میں یہ خیال ضرور آئیگا کہ وہ دن بھی دہشت اور خوف کے دن ہیں جب موسیٰ کا گیت اور برہ کا گیت گایا جائے گا۔ امید ہے کہ میری طرح آپ کو بھی ان پرشاہ کی اہمیت کا احساس ہوگیا ہوگا ۔ اس گیت کو دھیان سے پڑھیں اور اپنی زندگی پر نگاہ کر کے سوچیں کہ آپ ، خداوند اپنے پیدا کرنے والے کو کس قدر عزت دیتے ہیں اور آپ کی زندگی میں اسکی کتنی اہمیت ہے؟
- استثنا 32:15 سے 18 کو پڑھ کر سوچیں کہ آپ کس طرح سے اپنی زندگی میں خداوند کی برکتوں کو حاصل بھی کر سکتے ہیں اور تکبر سے بھی دور رہ سکتے ہیں؟ آپ کو کون سی ایسی آیت یاد ہے جو کہ آپ کو تکبر میں پڑنے سے بچا سکتی ہے؟
- غور کریں کہ اس گیت میں "چٹان” کا بار بار ذکر ہوا ہے۔ مجھے ایسے ہی خیال آ رہا تھا کہ رومانیہ میں "ٹروونٹس، Trovants ” کے نام سے وہ پتھر ہیں جو کہ باقی جاندار اشیا کی طرح بڑھتے ہیں۔ آپ اسکو گوگل پر تلاش کر سکتے ہیں۔ http://www.dogonews.com/2014/1/7/rocks-that-grow-hmm , https://www.youtube.com/watch?v=lIhn18apS6U مجھے علم ہے کہ اس کا تعلق ہمارے اس پرشاہ سے نہیں ہے مگر کچھ نرالی باتوں کو جاننے میں کوئی ہرج نہیں ہے۔ مجھے تو خداوند کے نرالے کاموں کا خیال آ رہا تھا مگر ساتھ ہی ساتھ اس بات کا بھی خیال آ رہا تھا کہ خداوند میری مظبوط چٹان ہیں جس پر مجھے بھروسہ ہے۔ میں تو یہ بات اعتماد کے ساتھ کہہ سکتی ہوں کہ وہ میری چٹان ہیں مگر کیا یہ بات آپ بھی اتنے ہی اعتماد سے کہہ سکتے ہیں یا کہ پھر آپ اپنے بارے میں سوچتے ہیں کہ "وہ چٹان کہاں ہے”؟
- ہمارا ہاف تاراہ کا حوالہ داؤد بادشاہ کا گیت ہے جو انھوں نے اسلئے گایا تھا کہ خداوند نے انھیں انکے سب دشمنوں اور ساؤل کے ہاتھ سے رہائی دلائی تھی۔ انھیں بھی علم تھا کہ خداوند کے سوا اور کون چٹان ہے؟ داؤد بادشاہ نے اپنی اس فتح یابی کا سہرا خداوند کو دیا۔ یہی نہیں بلکہ انھوں نے کہا کہ وہ قوموں کے درمیان خداوند کی شکرگذاری کریں گےاور اسکے نام کی مدح سرائی کریں گے۔ میں جب ہاف تاراہ کا حوالہ پڑھ رہی تھی تو آخری آیت پر آ کر مجھے خیال آیا کہ داؤد بادشاہ کی طرح میں بھی کہہ سکتی ہوں کہ "وہ اپنے ممسوح شازیہ اور اسکی نسل پر ہمیشہ شفقت کرتا ہے۔۔۔” کیونکہ یہی حقیقت ہے کہ خداوند کی شفقت میرے خاندان پر اور میری اولاد پر صاف عیاں ہے۔ میں جتنی بھی خداوند کی شکر گذاری کروں، وہ ہمیشہ کم ہوگی۔ میں جتنا بھی خداوند کے نام کی مدح سرائی کروں وہ پھر بھی کم ہوگی کیونکہ اسکی برکتیں اور اسکی شفقت میری زندگی میں ہر لمحہ اور ہر پل بہت بڑھ کر ہیں۔ کیا آپ اپنے بارے میں ایسا کہہ سکتے ہیں کہ خداوندآپ پر ہمیشہ شفقت سے پیش آتے ہیں؟
- بریت خداشاہ میں مجھے رومیوں 15:9 سے 10 کا خیال آیا کہ ہمیں بھی خداوند کے نام کے گیت گانے ہیں اور خداوند کی امت کی ساتھ خوشی کرنی ہے کیونکہ وہ ہماری نجات ہے جسکی راہ ہم دیکھتے ہیں اور جس نے ہمیں اپنی امت کا حصہ بنایا ہے (عبرانیوں 9:28)۔
میری خداوند سے دعا ہے کہ وہ جو کہ آپ کی مظبوط چٹان ، آپ کا قلعہ اور آپ کو چھڑانے والے ہیں، آپ کو اپنے اوپر بھروسہ کرنا سکھائیں تاکہ آپ ہمیشہ اپنے خداوند کی ستایش کریں، یشوعا کے نام میں۔ آمین
موضوع: موسیٰ کا گیت (آڈیو میسج 2018)
(Topic: Song of Moses (Audio Message 2018