پرشاہ:   ناسو،  נָשֹאֹ, Naso

image_pdfimage_print

بمیدبار کے بعد کے ہفتے کا پرشاہ "ناسو” ہے جسکے معنی ہیں "اونچا کرنا، بلند کرنا یا اٹھانا۔”  ویسے ہی جیسے کہ کوئی کسی چیز کو اٹھا کر بلند کرتا ہے اسکا بھی یہی مفہوم نکلتا ہے۔ ہم نے بمیدبار میں پڑھا تھا کہ خداوند نے موسیٰ کو مردم شماری کا کہا تھا اور اس پرشاہ میں  ابھی بھی  "گننے” یعنی مردم شماری کا ہی کام ہو رہا ہے  اور وہ تمام سر جو خدا کے لئے  کام کرنے کے لئے "بلند (ناسو)” کئے گئے تھے یہاں  ان کو دی گئی ذمے داریوں کا ذکر چل رہا ہے۔ آپ کلام میں سے یہ حوالے پڑھیں گے۔

توراہ- گنتی 4:21 سے 7:89

ہاف تاراہ- قضاۃ 13:2 سے 25

بریت خداشاہ- یوحنا 12:20 سے 36 کچھ میسیانک یہودی اعمال 21:17 سے 26 آیات پڑھتے ہیں۔

ان حوالوں کو پڑھیں اور ان باتوں پر غور کریں جو میں نیچے درج کرنے لگی ہوں۔

  • لاوی کا قبیلہ مزید چار   گروہ میں بٹا ہوا تھا ۔ بنی قہات، بنی  جیرسون،بنی   مراری اور ہارون اور اسکے بیٹے جو کہ کاہن  تھے۔  ویسے تو ہارون اور اسکے بیٹے بھی قہات کے قبیلے سے ہی تھے مگر پھر بھی لاوی کے قبیلے کو چار گروہوں میں تقسیم کیا گیا تھا۔ تیس برس سے پچاس برس کی عمر تک کے لوگوں کو گنا گیا۔ کیا آپ کو علم ہے کہ یشوعا کی کیا عمر تھی جب  یشوعا نے  تعلیم دینا شروع کی (لوقا 3:23)؟
  • گنتی 5 باب میں بیوی کی بیوفائی کا ذکر ہےجو کہ اسکے شوہر سے پوشیدہ ہو مگر اگر شوہر کو شک ہو تو شوہر کو اپنا شک دور کرنے کے لئے اپنی بیوی کو کاہن کے پاس لے کر جانے کا حکم دیا گیا ہے تاکہ کاہن  بیوی کا خداوند کے بتائے ہوئے طریقے سے خاص امتحان کرے۔عبرانی میں اس کو "سوتاہ، Sotah  کہتے ہیں۔ آپ کے خیال میں کیا وجہ ہے کہ خداوند  نے صرف عورت کی بیوفائی پر اس طرح کا امتحان کہا ہے مگر مرد کا نہیں؟ کیا خدا وند ناانصافی کر رہے ہیں؟ میں اسکی تفصیل میں ابھی زیادہ نہیں جاونگی ۔ بنی اسرائیل  کو خداوند نے اپنی بیوی پکارا  اور انھوں نے خداوند  سے بیوفائی کی۔ موسیٰ نبی  نے بھی انھیں اس طرح کے امتحان میں سے گذارا (استثنا 9 اور خروج 32)۔  آپ ان تمام باتوں  سے کیا اخذ کرتے ہیں؟
  • گنتی کے 6 باب میں نزیر یعنی خداوند کے لئے اپنے آپ کو الگ رکھنے کی منت مانگنے پر خاص ہدایات درج ہیں۔  اور ہمارے ہاف تاراہ کے حوالے میں بھی اسی قسم کی کہانی درج ہے۔  اگر اس عہد کے دوران ِمدت میں کوئی بھی اگر ایک بھی حکم  کو توڑے تو اسکو پھر سے منت مان  کر   پاک ہونے کے لئے تمام ہدایات پر مکمل عمل کرنا لازم تھا۔ سمسون خداوند  کا نزیر بچپن سے لے کر مرنے تک تھے (قضاۃ 13:7) اور یوحنا بپتسمہ دینے والے بھی (لوقا 1:15 سے 17)۔ پولس نے بھی نزیر ہونے کی منت مانگی تھی (اعمال 18:18 اور 21:22 سے 26)۔  کیا آپ نے کبھی اپنے آپ کو خداوند  کے لئے الگ رکھنے کا سوچا ہے؟
  • گنتی کے 6 باب میں ہارون اور اسکے بیٹوں کو خاص ہدایت ملی تھی کہ وہ کیسے بنی اسرائیل کو یہوواہ پاک کے نام میں برکت دیں۔ آپ کا کیا خیال ہے کیا ہمارے مسیحی پادریوں/بشپ/پوپ/فادرز کو یہ برکت کلیسیا کو دینی چاہیے؟ کیوں اور کیوں نہیں؟
  • ہاف تاراہ کے حوالے میں سمسون کی کہانی ہے۔ سمسون کو خدا وند نے خود چنا تھا جبکہ باقی نزیر اپنی مرضی سے اپنے آپ کو خدا وندکے لئے الگ کرنے کی منت مانگتے تھے۔ آپ کے لئے سمسون کی کہانی میں کیا خاص سبق چھپا ہے؟
  • بریت خداشاہ کے یوحنا کے حوالے میں یشوعا نے اپنے بلند /اونچے پر چڑھائے جانے یعنی ناسو کا ذکر کیا اور اس نے لوگوں کو "نور کا فرزند” بننے کا کہا؟ کیا آپ نور کے فرزند ہیں؟ اعمال 21:23 کو پڑھ کر غور کریں کہ کس قسم کی منت کا یہاں ذکر کیا گیا ہے؟

میری خدا وند سے آپ کے اور اپنے لئے یہی دعا ہے کہ وہ ہمیں یشوعا کے آنے تک اور اسکی بادشاہی میں داخل ہونے تک، کنواری دلہن کی طرح پاک رکھیں،  یشوعا کے نام میں، آمین۔

موضوع: برکات کوہنیم (آڈیو میسج 2018)

(Topic: Birkat Kohanim (Audio Message 2018