پرشاہ نوآخ

image_pdfimage_print

پرشاہ:   نواخ  נֹחַ،  Noach

اس ہفتے کے پرشاہ کا نام "نواخ، ” ہے جس کو ہم اردو  میں نوح کے نام سے جانتے ہیں۔ اس  ہفتے آپ کلام میں سے یہ حوالے پڑھیں گے۔

توراہ-   پیدائش 6:9  سے 11:32

ہاف تارہ-  یسعیاہ 54:1 سے 55:5

بریت خداشاہ-  متی 24:36 سے 47 آیات

جیسا کہ پرشاہ کے نام سے ظاہر ہے کہ یہ نوح  اور اسکے زمانے میں آئے ہوئے سیلاب کی کہانی ہے۔ جب آپ ان حوالوں کو کلام میں سے پڑھیں تو ان باتوں کو سوچیں۔

  • نوح خدا کی نظر میں راستباز تھے۔ وہ خدا کی نظر میں مقبول ٹھہرے مگر اسکے زمانے کے تمام لوگوں نے زمین پر اپنا طریقہ کار بگاڑ لیا تھا جسکی بنا پر خدا نے انھیں ہلاک کرنے کا سوچا۔ کیا آپ کی زندگی کا طریقہ کار خدا کی نظر میں صحیح ہے یا کہ پھر انھی کی طرح بگڑا ہوا ہے؟
  • خدا کی نظر میں صرف نوح راستباز تھے مگر پھر بھی خدا نے اسکے سبب سے اسکے پورے خاندان کو پانی کے طوفان میں ہلاک ہونے سے بچا لیا۔ اگر آپ کے خاندان میں صرف آپ خدا کی نظر میں راستباز ہیں تو وہ آپ کے پورے خاندان کو بھی ہلاک ہونے سے بچا لے گا۔ کیا آپ  خدا سے انکی نجات کی دعا مانگتے ہیں؟
  • اگر نوح خدا کی نظر میں راستباز تھے تو انھوں نے اپنے اعمال سے ثابت بھی کیا کہ وہ خدا کے حکموں کو ماننے والوں میں سے ہے۔ کیا آپ خدا کے حکموں پر عمل کرتے ہیں یا کہ پھر آپ کے خیال میں چونکہ آپ خدا نے فضل تلے ہیں اسلئے آپ اس کے حکموں کو اگر نہیں بھی مانتے تو بھی وہ آپ کو ہلاک ہونے سے بچا لے گا۔
  • آپ کے خیال میں نوح کو کیسے پتہ تھا کہ کونسے جانور پاک ہیں اور کون سے نہیں؟ موسیٰ کی شریعت تو موسیٰ کے دور میں دی گئی تھی۔ نوح کس شریعت کے تابع تھے؟
  • طوفان کے شروع ہونے سے پہلے خدا نے نوح اور اسکے خاندان کو ان تمام چوپایوں اور پرندوں کے ہمراہ کشتی میں بند کر دیا تھا۔ طوفان کے پانی کے سبب کشتی ہچکولے لے کر پانی کے بہاؤ پر بہہ رہی تھی۔ کشتی سے باہر باقی تمام انسان اور جانور اور ہوا کے پرندے   ہلاک ہوگئے۔ نوح اور اسکا پورا  خاندان کشتی میں محفوظ تھے۔ کیا آپ اپنی زندگی کی ہچکولے کھاتی کشتی کو دیکھ کر سوچ سکتے ہیں کہ خدا نے آپ کو اپنے پروں تلے محفوظ رکھا ہوا ہے؟ کیا آپ اسکی اس بات کے شکر گزار ہیں؟
  • نوح اور اسکا خاندان کشتی میں صبری سے پانی کے مکمل سوکھنے کا انتظار کر رہا تھا جب پانی سوکھ گیا اور وہ کشتی سے باہر نکلے تو نوح نے خدا کے حضور میں سوختنی قربانی چڑھائی اور خدا نے عہد کیا کہ پھر کبھی وہ زمین پر لعنت نہیں بھیجیں گے۔ خدا نے نوح اور اسکے بیٹوں کو برکت دی۔ کیا آپ آج صبری سے اپنی زندگی کے طوفان کے پانی کے سوکھنے کا انتظار کر رہے ہیں؟ کیا آپ نوح کی طرح خدا کے لیے کسی قسم کی سوختنی قربانی چڑھا سکتے ہیں؟
  • حام نے اپنے باپ کی برہنگی کا مذاق اپنے دونوں بھائیوں کے سامنے اڑایا۔ کیا آپ  اپنے بزرگوں کا  یا پھر اپنے خاندان کے افراد کی کسی قسم کی روحانی برہنگی کی خبر دوسروں کوگپ شپ مارنے کی خاطر دیتے ہیں یا کہ پھر آپ خود ان کی روحانی برہنگی کو چھپانے کے لیے کوئی قدم اٹھاتے ہیں؟
  • نوح نے اپنے بیٹے حام کی اولاد کنعان پر لعنت بھیجی مگر  سم اور یافت کو برکت دی۔ کیا آپ اپنی اولاد کو برکت دیتے ہیں یا کہ پھر انکی غلط حرکتوں پر لعنت؟ کیا آپ نے کبھی سوچا ہے کہ آپ کے الفاظ کسی کے لئے برکت کا باعث ہوسکتے ہیں اور کسی کے لیے لعنت کا؟
  • جب لوگ پھر سے بڑھنا شروع ہوئے تو انھوں نے اپنا نام بنانے کے لئے ایک شہر اور ایک برج جسکی چوٹی آسمان تک پہنچے بنانا چاہا مگر خداوند نے انکو تمام روئی زمین پر پراگندہ کیا۔ کیا آپ آج اپنا نام بنانے کی کوششوں میں ہے یا کہ پھر خدا کے نام  کو جلال دینے کی کوششوں میں ہیں؟
  • ابرام کی بیوی ساری بانجھ تھی۔ یسعیاہ 54 باب کو سوچیں کہ آپ کو اس سے اپنے لئے کیا روحانی پیغام حاصل ہوسکتا ہے؟ کیا اسکا کلام اپ کے لئے تسلی کا باعث ہے۔  خداوند آپ سے اپنی صلح کا عہد ہرگز نہ توڑے گا۔ وہ آپ کی سلامتی چاہتا ہے کوئی بھی ہتھیار جو آپ کے خلاف بنایا گیا ہے کام نہ آئیگا کیونکہ خداوند آپ کی میراث ہے ۔
  • متی 24 باب کو پڑھ کر سوچیں کہ وہ وقت قریب ہے جب یشوعا نے دوبارہ آنا ہے۔ کیا آپ اسکی دوسری  آمد کے لئے  تیار ہیں؟

امید ہے کہ یہ سوالات آپ کو اپنی روحانی زندگی میں جھانکنے کے لئے مجبور کریں گے تاکہ آپ اپنے آپ کو خدا کی صحیح راہ پر قائم رکھ سکیں۔

خداوند خدا آپ کی جان زندہ رکھے  اور وہ آپ کو ابدی عہد کے مطابق  داود کی سچی نعمتیں بخشے۔ آمین

 موضوع: مجھے کسی کی ضرورت نہیں ہے۔ (2017 آڈیو میسج)

ٰ Title: I don’t need anyone. (2017 Audio Message)