پارشاہ نوآخ

پارشاہ:   نواخ  נֹחַ،  Noach

اس ہفتے کے پارشاہ کا نام "نواخ، ” ہے جس کو ہم اردو  میں نوح کے نام سے جانتے ہیں۔ اس  ہفتے آپ کلام میں سے یہ حوالے پڑھیں گے۔

توراہ-   پیدائش 6:9  سے 11:32

ہاف تارہ-  یسعیاہ 54:1 سے 55:5

بریت خداشاہ-  متی 24:36 سے 47 آیات

جیسا کہ پارشاہ کے نام سے ظاہر ہے کہ یہ بزرگ نوح  اور انکے زمانے میں آئے ہوئے سیلاب کی کہانی ہے۔ جب آپ ان حوالوں کو کلام میں سے پڑھیں تو ان باتوں کو سوچیں۔

  • بزرگ نوح خدا کی نظر میں راستباز تھے۔ وہ خدا کی نظر میں مقبول ٹھہرے مگر انکے زمانے کے تمام لوگوں نے زمین پر اپنا طریقہ کار بگاڑ لیا تھا جسکی بنا پر خدا نے انھیں ہلاک کرنے کا سوچا۔ کیا آپ کی زندگی کا طریقہ کار خدا کی نظر میں صحیح ہے یا کہ پھر انکے زمانے کے لوگوں کی طرح بگڑا ہوا ہے؟
  • خدا کی نظر میں صرف  بزرگ نوح راستباز تھے مگر پھر بھی خدا نے انکے سبب سے انکے پورے خاندان کو پانی کے طوفان میں ہلاک ہونے سے بچا لیا۔ اگر آپ کے خاندان میں صرف آپ خدا کی نظر میں راستباز ہیں تو وہ آپ کے پورے خاندان کو بھی ہلاک ہونے سے بچا لیں گے۔ کیا آپ  خدا سے انکی نجات کی دعا مانگتے ہیں؟
  • اگر  بزرگ نوح خدا کی نظر میں راستباز تھے تو انھوں نے اپنے اعمال سے ثابت بھی کیا کہ وہ خدا کے حکموں کو ماننے والوں میں سے ہے۔ کیا آپ خدا کے حکموں پر عمل کرتے ہیں یا کہ پھر آپ کے خیال میں چونکہ آپ خدا کے فضل تلے ہیں اسلئے آپ ان کے حکموں کو اگر نہیں بھی مانتے تو بھی وہ آپ کو ہلاک ہونے سے بچا لیں گے۔
  • آپ کے خیال میں بزرگ نوح کو کیسے پتہ تھا کہ کونسے جانور پاک ہیں اور کون سے نہیں؟ موسیٰ کی شریعت تو موسیٰ نبی کے دور میں دی گئی تھی۔ بزرگ نوح کس شریعت کے تابع تھے؟
  • طوفان کے شروع ہونے سے پہلے خداوند نے بزرگ نوح اور انکے خاندان کو ان تمام چوپایوں اور پرندوں کے ہمراہ کشتی میں بند کر دیا تھا۔ طوفان کے پانی کے سبب کشتی ہچکولے لے کر پانی کے بہاؤ پر بہہ رہی تھی۔ کشتی سے باہر باقی تمام انسان اور جانور اور ہوا کے پرندے ہلاک ہو گئے۔ بزرگ نوح اور انکا پورا خاندان کشتی میں محفوظ تھے۔ کیا آپ اپنی زندگی کی ہچکولے کھاتی کشتی کو دیکھ کر سوچ پاتے ہیں کہ خدا نے آپ کو اپنے پروں تلے محفوظ رکھا ہوا ہے؟ کیا آپ انکی اس بات کے لئے شکر گزار ہیں؟
  • بزرگ نوح اور انکا خاندان کشتی میں صبر سے پانی کے مکمل سوکھنے کا انتظار کر رہے تھے جب پانی سوکھ گیا اور وہ کشتی سے باہر نکلے تو انھوں نے خداوند کے حضور میں سوختنی قربانی چڑھائی اور خدا نے عہد کیا کہ پھر کبھی وہ زمین پر لعنت نہیں بھیجیں گے۔ خدا نے بزرگ نوح اور انکے بیٹوں کو برکت دی۔ کیا آپ آج صبری سے اپنی زندگی کے طوفان کے پانی کے سوکھنے کا انتظار کر رہے ہیں؟ کیا آپ  بزرگ نوح کی طرح خداوند کے لیے کسی قسم کی سوختنی قربانی چڑھا سکتے ہیں؟
  • حام نے اپنے باپ کی برہنگی کا مذاق اپنے دونوں بھائیوں کے سامنے اڑایا۔ کیا آپ  اپنے بزرگوں کا یا پھر اپنے خاندان کے افراد کی کسی قسم کی روحانی برہنگی کی خبر دوسروں کو گپ شپ مارنے کی خاطر دیتے ہیں یا کہ پھر آپ خود ان کی روحانی برہنگی کو چھپانے کے لیے کوئی قدم اٹھاتے ہیں؟
  • بزرگ نوح نے اپنے بیٹے حام کی اولاد کنعان پر لعنت بھیجی مگر سم اور یافت کو برکت دی۔ کیا آپ اپنی اولاد کو برکت دیتے ہیں یا کہ پھر انکی غلط حرکتوں پر لعنت؟ کیا آپ نے کبھی سوچا ہے کہ آپ کے الفاظ کسی کے لئے برکت کا باعث ہوسکتے ہیں اور کسی کے لیے لعنت کا؟
  • جب لوگ پھر سے بڑھنا شروع ہوئے تو انھوں نے اپنا نام بنانے کے لئے ایک شہر اور ایک برج جسکی چوٹی آسمان تک پہنچے بنانا چاہا مگر خداوند نے انکو تمام روئی زمین پر پراگندہ کیا۔ کیا آپ آج اپنا نام بنانے کی کوششوں میں ہیں یا کہ پھر خدا کے نام  کو جلال دینے کی کوششوں میں ہیں؟
  • بزرگ ابرام کی بیوی ساری بانجھ تھیں۔ یسعیاہ 54 باب کو سوچیں کہ آپ کو اس سے اپنے لئے کیا روحانی پیغام حاصل ہو سکتا ہے؟ کیا خداوند کا کلام آپ کے لئے تسلی کا باعث ہے۔ خداوند آپ کی سلامتی چاہتا ہیں کوئی بھی ہتھیار جو آپ کے خلاف بنایا گیا ہے کام نہ آئے گا کیونکہ خداوند آپ کی میراث ہیں ۔
  • متی 24 باب کو پڑھ کر سوچیں کہ وہ وقت قریب ہے جب مسیحا نے دوبارہ آنا ہے۔ کیا آپ مسیحا کی  آمد کے لئے  تیار ہیں؟

امید ہے کہ یہ سوالات آپ کو اپنی روحانی زندگی میں جھانکنے کے لئے مجبور کریں گے تاکہ آپ اپنے آپ کو خدا کی صحیح راہ پر قائم رکھ سکیں۔

خداوند خدا آپ کی جان زندہ رکھیں  اور وہ آپ کو ابدی عہد کے مطابق  داود کی سچی نعمتیں بخشیں۔ آمین

 موضوع: مجھے کسی کی ضرورت نہیں ہے۔ (2017 آڈیو میسج)

ٰ Title: I don’t need anyone. (2017 Audio Message)