پارشاہ : لیخ لیخا، לֶךְ–לְךָ، Lech Lecha؛
اس ہفتے کے پارشاہ کا عبرانی نام ہے "لیخ لیخا، לֶךְ-לְךָ، Lech Lecha, ” جسکا مطلب ہے "جاؤ یا پھر چھوڑ دو”۔ اسکا لفظی مطلب ہے تم جاؤ۔ ہر نیا پارشاہ سبت کے دن سے شروع ہوتا ہے۔ سبت کا دن جمعہ کی شام سے ہفتے کی شام تک ہے۔ اس ہفتے آپ کلام سے ان حوالوں کو پڑھ سکتے ہیں۔
توراہ: پیدائش 12:1 سے 17:27
ہاف تاراہ: یسعیاہ 40:27 سے 41:16
بریت خداشاہ: رومیوں 4:1 سے 25
آپ ان حوالوں کو پڑھ کر ان سوالوں پر غور کریں اور سوچیں کہ خدا کا پیغام آپ کے لئے کیا ہے۔
- خدا نے باپ ابرام کو اپنا وطن اور رشتے داروں کو چھوڑ کر اس ملک میں جانے کو کہا جہاں وہ ابرام کو لے کر جانا چاہتے تھے۔ آج کے دور میں ہر کوئی اپنے خاندان کی بھلائی کا سوچ کر مناسب علاقے میں بسنے کی سوچتا ہے؟ کیا آپ کا علاقہ وہی علاقہ ہے جسکو خداوند نے آپ کے لئے چنا ہے؟ کیا خداوند آج باپ ابرام کی طرح آپ کو روحانی طور پر اپنے وطن، رشتے داروں اور باپ کے گھرانے کو چھوڑنے کا کہہ رہے ہیں؟
- خدا نے باپ ابرام کو برکت دیتے وقت کہا تھا کہ وہ انھیں ایک بڑی قوم بنائیں گے اور انھیں برکت دیں گے اور انکا نام سرفراز کریں گے۔ جو باپ ابرہام کو مبارک کہیں گے وہ خدا کی برکت کے باعث ٹھہریں گے اور جو باپ ابرہام پر لعنت کرے گا خداوند بھی اس پر لعنت بھیجیں گے۔ اسرائیل قوم ، ابرہام کی نسل سے ہے۔ کیا آج آپ اسرائیل کو برکت دیتے ہیں یا کہ پھر لعنت؟
- باپ ابرام نے ملک کنعان میں جس پہاڑ پر ڈیرا ڈالا تھا وہ بیت ایل اور عی کے درمیان تھا۔ بیت ایل کا مطلب ہے "خدا کا گھر” اور عی کا مطلب ہے” ویران، تباہی یا بربادی۔” آپ کا ڈیرا کہاں ہے کیا اس سے بھی خدا کے گھر کا اور بربادی کی طرف کا فاصلہ ایک ہی ہے؟ اگر ایسا ہے تو آپ کس طرف کو جانا پسند کریں گے؟
- باپ ابرام کو ملک مصر جانا پڑا کیونکہ کنعان میں کال پڑا تھا۔ وہاں انھوں نے اپنی بیوی ساری کو مکمل سچ بولنے کو نہیں کہا تاکہ انکی جان بچی رہے۔ ساری کو انکی خوبصورتی کی بنا پر فرعون کے گھر پہنچا دیا گیا۔ فرعون نے انکی خاطر باپ ابرام کو دولت دی۔ آپ اپنی جان کو بچانے کے لئے کیا جھوٹ بولنے یا پھر سچ پر پردہ ڈالنے کے لئے تیار ہیں؟ کیا آپ اپنی جان بچانے کے لئے کسی دوسرے کو داؤ پر لگا رہے ہیں؟
- خداوند نے ماں ساری کو فرعون کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ دیا بلکہ انکی وجہ سے فرعون کے تمام گھرانے پر بڑی بڑی بلائیں نازل کیں۔ فرعون نے باپ ابرام کو بُلا کر ان سے پوچھا کہ انھوں نے ایسا کیوں کیا اور پھر ماں ساری کو باپ ابرام کے حوالے کر کے اپنے ملک سے روانہ کر دیا۔ خداوند نے ماں سارہ کا ساتھ نہیں چھوڑا تو کیا وہ آپ کا ساتھ چھوڑ سکتے ہیں؟
- باپ ابرام اور جناب لوط کے چرواہوں کے درمیان جھگڑے کی بنا پر باپ ابرام نے جناب لوط سے کہا کہ ہمارے درمیان جھگڑا نہ ہو تو اسکے لئے بہتر ہے کہ ہم الگ الگ ہوجائیں۔ کیا آپ کا اور آپکے خاندان کے دوسرے فرد کے بیچ میں کچھ ایسی رنجشیں ہیں جس سے غیروں کے سامنے آپ کے خدا کا نام، بدنام ہوگا؟ آپ کیا ایسا قدم اٹھا سکتے ہیں کہ آپس کی رنجشیں ختم ہوجائیں؟
- باپ ابرام نے جناب لوط کو اپنے لئے علاقہ چننے دیا۔ جناب لوط نے وہ علاقہ چنا جو انکی نظر کو بھایا تھا۔ کیا آپ اپنی خواہشات کو دوسرے کی خواہشات پر ترجیح دیتے ہیں؟ کیا آپ وہ پسند کرتے ہیں جو کہ آپ کی نظر کو بھاتا ہے یا کہ پھر آپ اپنے فیصلے خدا کے ہاتھ دیتے ہیں تاکہ وہ آپ کو وہ چیز عطا کریں جس میں آپ کے لئے برکت ہے؟
- جناب لوط نے سدوم کا علاقہ چنا جہاں کچھ عرصے کے بعد چند بادشاہوں کی آپس کی جنگ میں جناب لوط اور انکا مال بھی قید میں چلا گیا۔ بزرگ ابرام نے ان چار بادشاہوں کا مقابلہ اکیلے اپنے 318 خادموں کے ساتھ کیا اور ان پر فتح پائی وہ جناب لوط کو ان بادشاہوں کی قید سے چھڑا لائے۔ کیا آپ اپنے خاندان کے فرد/افرادکو شیطان کے شکنجے سے چھڑانے کے لئے روحانی جنگ لڑتے ہیں؟
- جناب ابرام نے لوٹ کے مال میں سے کچھ بھی لینا نہ پسند کیا۔ انھوں نے سدوم کے بادشاہ کو کہا کہ و ہ یہ نہ کہہ سکے کہ اس نے ابرام کو دولت مند بنایا ہے۔ باپ ابرام نے خدا کو دسواں حصہ دیا۔ کیا آپ خدا کو دہ یکی دیتے ہیں؟ کیا آپ کی نظریں دوسروں پر ہیں کہ وہ آپ کو امیر بنائیں یا کہ پھر آپ کی نظریں خدا پر ہیں جو کہ سب کچھ کرنے کی طاقت رکھتے ہیں؟
- پیدائش کے 15 باب میں باپ ابرہام خداوند کے کہنے پر خاص قربانی لے کر آئے۔ خداوند نے باپ ابرہام کے ساتھ یک طرفہ عہد کیا ۔ آپ اسکو پیدائش 15 باب کے مطالعہ میں میری ویب سائٹ پر پڑھ سکتے ہیں۔ اسکو پڑھ کر سوچیں کہ یہ آپ کے لیے کیا روحانی پیغام رکھتا ہے۔
- ماں ساری اتنے عرصے سے بانجھ تھیں انھوں نے اسکا حل اپنے طور پر ڈھونڈا۔ کیا آپ بھی ماں ساری کی طرح خدا کا انتظار کرتے کرتے تھک گئے ہیں؟ کیا آپ بھی ماں ساری کی طرح اپنے مسائل کا حل اپنے طور پر ڈھونڈ رہے ہیں؟
- ہاجرہ اپنی مالکن سے ان کی سختی کی بنا پر بھاگ گئی مگر خدا نے اسے واپس اپنی مالکن کے پاس جانے کو کہا۔ کیا آپ اپنے نیچے کام کرنے والوں کے ساتھ سختی سے پیش آتے ہیں؟ کیا آپ کی صورت حال بی بی ہاجرہ کی طرح ہے جو آپ کو مجبور کر رہی ہے کہ آپ اس نوکری کو چھوڑ دیں ؟ کیا خدا کی مرضی آپ کے لئے یہی ہے کہ آپ نوکری چھوڑ دیں یا پھر یہ کہ آپ اسی نوکری پر لگے رہیں؟
- باپ ابرہام خداوند کو خدای قادر کے طور پر پہچانتے تھے وہ جانتے تھے کہ خدا کانام کیا ہے مگر انکی نظر میں خداوند وہ خدا ہیں جو کہ انکو سب کچھ مہیا کر سکتے تھے۔ آپ خداوند کو کس طرح سے جانتے ہیں؟ وہ آپ کی نظر میں کس قسم کے خدا ہیں؟
- خداوند نے باپ ابرہام اور ان کی تمام نسلوں کے ساتھ ختنے کا عہد رکھا۔ خداوند نے کہا جس بھی مرد کا ختنہ نہیں ہوگا وہ اپنے لوگوں میں سے کاٹ ڈالا جائے۔ کیا آپ کے دل کا ختنہ ہوا ہے؟جسمانی ختنہ اور روحانی ختنہ کیا دونوں ضروری ہیں؟ باپ ابرام نے اسی وقت اپنا اور اپنے گھرانے کے تمام مردوں کا ختنہ کروایا۔ کیا آپ خداوند کا حکم ماننے میں تاخیر کرتے ہیں یا پھر اسی وقت عمل کرتے ہیں؟
- یسعیاہ کا حوالہ پڑھ کر سوچیں کہ خدا نے آپ کو کب کب ہمت اور طاقت دی ہے کہ آپ اس میں قائم رہ سکیں۔ کیا وہ آپ کو ابھی بھی یہی پیغام دے رہے ہیں کہ "ہراسان نہ ہو کیونکہ میں تیرا خدا ہوں میں تجھے زور بخشوں گا۔ میں یقیناً تیری مدد کرونگا اور اپنی صداقت کے دہنے ہاتھ سے تجھے سنبھال لوں گا۔” کیا آپ کو ان کے پیغام پر ابھی بھی اتنا ہی بھروسہ ہے؟
- رومیوں کے 4 باب کو پڑھ کر سوچیں کہ کیا آپ خدا کے نظر میں اسلئے راستباز ہیں کہ آپ کے اعمال اچھے ہیں یا پھر اسلئے راستباز ہیں کیونکہ آپ کا ایمان اس پر ہے؟ عبرانیوں 11:6 کے مطابق "بغیر ایمان کے خدا کو پسند آنا ناممکن ہے۔” کیا آپ کا خداوند پر واقعی میں ایمان ہے؟
خداوند خدا آپ کی امیدوں کو اپنے میں قائم رکھیں اور جب جب آپ ہراسان ہوں وہ آپ کو زور بخشیں تاکہ آپ دنیا پر غالب آ سکیں اور ان کی بادشاہت میں داخل ہو سکیں۔ آمین
موضوع: میں اپنے لئے کرنا چاہتی ہوں۔ (2017 آڈیو میسج)
Title: I want to do it for myself. (2017 Audio Message)

