آپ کلام مقدس میں سے خروج 29 باب مکمل خود پڑھیں۔
ہم نے پچھلے باب میں پڑھا تھا کہ خداوند نے سردار کاہن اور کاہنوں کے لئے عزت اور زینت کا لباس بنانے کا حکم دیا تھا تاکہ وہ خداوند کے مشکان میں اس لباس کو پہن کر خداوند کی خدمت کریں۔ مگر اس سے پیشتر کہ وہ اس لباس کو پہنتے خداوند نے انکو پاک کرنے کے لئے احکامات دیئے۔ہم اس باب میں مختصراً ان احکامات کا جائزہ لیں گے۔
مجھے آج بھی یاد ہے کہ ایک وقت تھا جب میں کبھی بائبل پڑھتی تھی تو اکثر سوچتی تھی کہ قربانیوں کی اتنی تفصیل کو بیان کرنے کا کیا مقصد ہے یا پھر خیمہ اجتماع کی اتنی تفصیل بتانے کی کیا ضرورت ہے یا پھر، آخر اتنے مشکل ناموں کے معنی کیا ہیں؟ پھر وقت آیا جب میں ان ابواب کو پڑھتی تھی تو بس جلدی سے آیات کو ختم کرنے کی ہوتی تھی مگر ساتھ ہی دل میں ایک ڈر سا بھی ہوتا تھا کہ میں خداوند کے کلام کو صحیح طور پر پڑھنے میں نا انصافی کر رہی ہوں۔ لبوں سے تو کلام کو پڑھ رہی ہوں مگر میرا دل ان سے دور ہے۔ دل میں ڈر کی وجہ سے خواہش ابھری کہ جان سکوں کہ ان تمام باتوں کا کیا مقصد ہے۔ خداوند سے دعا کی کہ خداوند خدا مجھے نہیں علم کہ ان تمام آیات کا کیا مقصد ہے مجھے ابھی پڑھنے میں بورنگ لگتی ہے مگر اگر ان کا کچھ مقصد ہے تو پلیز آپ ہی مجھے سمجھائیں۔میں نے تب کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ کلام کو خدا نے اتنی تفصیل میں دیا ہے کہ اسکے معنی بہت گہرا تک لے کے جا سکتے ہیں۔ ابھی تک آپ نے میرے ساتھ جتنا بھی مطالعہ کیا ہے بہت ہی کم ہے۔ اور اس باب کا بھی جو مطالعہ ہم کرنے لگے ہیں وہ بھی اتنا زیادہ گہرائی میں نہیں ہوگا کیونکہ ہم احبار میں قربانیوں کے بارے میں مزید پڑھیں گے مگر امید ہے کہ آپ کو ان باتوں کے پیچھے چھپا معنی نظر آنا شروع ہوگا اور آپ کا یونہی کلام کا مطالعہ کرنے اور اسکی سچائی کو اپنی زندگی میں اپنانے کی خواہش جاگے گی۔
گو کہ خروج 29 کے شروع کے احکامات میں ہمیں یہ لکھا ملتا ہے کہ انھیں ایک بچھڑے کو اور دو بے عیب مینڈھوں کو لانا تھا اور ساتھ ہی میں ایک ٹوکری میں بےخمیری تیل ملی چپڑی روٹیوں کو اور بے خمیر تیل ملے کلچے لانے تھے۔ مگر اس سے پیشتر کے وہ کچھ بھی کرنا شروع کرتے انھیں سب سے پہلے پانی سے نہانا تھا اور پھر انہیں اپنے کاہنوں کے لباس کو پہننا تھا۔ سات دن تک انکی تخصیص کی جانی تھی۔
خداوند نے ہارون اور اسکے بیٹوں کو کہانت کے لئے چنا۔ انھیں خیمہ اجتماع کے دروازے پر آنا تھا۔ شاید آپ کو پچھلے مطالعوں سے یاد ہو کہ دروازے یعنی پردوں کے بارے میں میں نے بتایا تھا کہ یشوعا ہمارا وہ دروازہ ہے جس سے ہم نے داخل ہونا ہے۔ پردے کے چار رنگ ؟ چار اناجیل؟ نہانا کس کو ظاہر کر رہا ہے؟ افسیوں 5:26 میں لکھا ہے؛
تاکہ اسکو کلام کے ساتھ پانی سے غسل دے کر اور صاف کرکے مقدس بنائے۔
اس نہانے یعنی غسل کے بعد ہی انھیں کاہنوں کے لباس سے ملبس کیا جانا تھا۔ گلتیوں 3:27 میں لکھا ہے؛
اور تم سب جتنوں نے مسیح میں شامل ہونے کا بپتسمہ لیا مسیح کو پہن لیا۔
اسکے بعد انھیں وہ قربانی خداوند کے حضور میں پیش کرنی تھی۔ پہلے ہارون کو اپنے اور اپنے خاندان کے واسطے قربانی چڑھانی تھی۔ یشوعا نے اپنے آپ کو صلیب پر قربان کیا اور اپنے شاگردوں سے اس قربانی سے پہلے کہا کہ وہ اس روٹی کو کھائیں جو کہ اسکے بدن کو ظاہر کرتی ہے اور اس مے کو پئیں جو اسکے خون کو ظاہر کرتی ہے۔ تیل روٹی پر چپڑا ہوا۔ تیل مسح کے لئے استعمال کیا جاتا ہے اور تیل ہی خداوند کے گھر میں شمعدان کو جلانے کے لئے استعمال ہوتا ہے۔ تیل سے مسح، روح القدس کا مسح ظاہر کرتا ہے۔ جب تک کسی کو روح القدس ، مخصوص نہ کرے اور پاک نہ ٹھہرائے، خداوند کے کام کے لائق نہیں ٹھہرایا جا سکتا۔
خداوند خدا نے موسیٰ نبی کو کہا (بے شک موسیٰ نبی کا نام اس باب میں بھی نہیں لکھا ہوا مگر خداوند نے یہ باتیں موسیٰ نبی کو ہی کہیں۔)، کہ وہ ہارون اور اسکے بیٹوں کو پاک کرنے کی خاطر ایک بچھڑا اور دو بے عیب مینڈھے لے۔ بچھڑے کے لئے عبرانی لفظ ہے "پار، פָּרPar,”۔ یہ عبرانی لفظ "پارار، פָּרַרParar, ” سے ہے جسکے معنی ہیں "ٹھکرانا، خلاف ورزی کرنا، تقسیم کرنا، توڑنا، محروم کرنا۔۔۔”۔ اگر آپ کے پاس حنین وقاص خان کا بنایا ہوا عبرانی حروف کا چارٹ ہے تو اس عبرانی لفظ کو قدیم عبرانی زبان میں دیکھیں۔ اگر نہیں ہے تو بیک ٹو توراہ کی ویب سائٹ پر شیماع کے پی ڈی ایف میں دیکھیں۔
פָּ – پے سے مراد ہے "منہ”
רַ- ریش سے مراد ہے "سر”
ר – ریش سے مراد ہے "سر”
بچھڑے کے دو سینگ تو ہیں مگر سر ایک ہی ہے یعنی "پار، פָּרPar,”۔ یہی خداوند کے حضور قربانی ہے کہ جب ہم اسکے حضور میں آئیں تو اپنے آپ کو اسکے حضور میں فروتن کریں اپنا انکار کریں اور اپنے اوپر اسکی "سر-براہی” قبول کریں۔ ہارون کو اور اسکے بیٹوں کو بچھڑے کے سر پر اپنا ہاتھ رکھنا تھا اور پھر اسے خیمہ اجتماع کے دروازے پر مگر اندر نہیں، ذبح کرنا تھا اور اس بچھڑے کے خون میں سے کچھ کو موسیٰ کو اپنی انگلی سے قربانگاہ کے سینگوں پر لگانا تھا اور باقی سارے خون کو قربانگاہ کے پایہ پر انڈیلنا تھا۔ بچھڑے کے اندرونی حصوں یعنی انتڑیوں بمعہ چربی کے اور جگر اور دونوں گردوں کو بمعہ چربی کے قربانگاہ پر جلانا تھا مگر بچھڑے کے گوشت اور کھال اور گوبر کو خیمہ گاہ کے باہر جلانا تھا کیونکہ یہ خطا کی قربانی تھی۔
جیسا میں نے پہلے کہا کہ ہم قربانیوں کے بارے میں مزید تفصیل میں احبار کے مطالعے میں پڑھیں گے۔ میرے ذہن میں بار بار سوال اٹھتا تھا کہ خداوند نے ہارون اور اسکے بیٹوں کی خطا کی قربانی کا یہاں کیوں ذکر کیا ہے ابھی تک تو انکا کوئی گناہ درج کیا گیا۔ میں شاید پہلے بھی کہیں ذکر کر چکی ہوں کہ کلامِ مقدس میں واقعات تاریخی ترتیب میں درج نہیں بلکہ کہانی کا آگے پیچھے بیان کیا گیا ہے۔ بے شک کہ خروج کے اس باب سے پہلے ہم ہارون اور اسکے بیٹوں کے گناہ کا ذکر نہیں پڑھتے مگر ابھی ہم مشکان یعنی خیمہ اجتماع کو بنانے کے احکامات کے بارے میں پڑھ رہے ہیں۔ خیمہ اجتماع کے بننے کے بعد اور کاہنوں کا لباس بننے کے بعد ہی وہ سب ان احکامات پر عمل کر سکتے تھے۔ ہم آگے پڑھیں گے کہ کیسے ہارون اور اسکے بیٹے بمعہ بنی اسرائیل کے سونے کے بچھڑے کو بنانے کے گناہ میں شامل ہوئے تھے۔
سات دن تک قربانگاہ پر کفارہ چڑھا کر اسے پاک کیا جانا تھا پھر وہ اتنی پاک ہوجاتی کہ جو کچھ اسے چھو تا وہ بھی پاک ٹھہرتا۔ صبح اور شام کی قربانی خداوند کے لئے راحت انگیز خوشبو اور آتشین قربانی ٹھہری۔ وہ جہاں سوختنی قربانی چڑھائی جانی تھی وہیں خداوند نے ان سے ملنے کا کہا اور وہیں موسیٰ سے باتیں کرنے کا کہا۔ وہ مقام خداوند کے جلال سے مقدس ٹھہرنا تھا اور خیمہ اجتماع اور قربانگاہ اور ہارون اور اسکے بیٹوں کو بھی مقدس ٹھہرانے والا خداوند ہی تھے تاکہ ہارون اور اسکے بیٹے خداوند کے حضور خدمت کا کام انجام دے سکیں۔
پاکیزیگی کے بغیر خداوند اپنے لوگوں میں سکونت نہیں کر سکتے۔ ہمیں پاک بنانے کے لئے جتنے بھی احکامات دئے گئے ہیں وہ توریت میں درج ہیں تبھی نئے عہد نامے میں ہمیں حکم دیا گیا ہے کہ "ہم پاک ہوں کیونکہ ہمارا خداوند پاک ہے۔۔(1 پطرس 1:16)”۔
ہم اگلی دفعہ خروج 30 باب کا مطالعہ کریں گے۔ میں جانتی ہوں کہ بہت سی باتیں میں نے نہیں بیان کیں مگر خداوند نے چاہا تو ہم پرشاہ کے مطالعے میں ان باتوں کو اور سیکھیں گے۔ خداوند مجھے اور آپ کو پاک ٹھہرائیں۔ یشوعا کے نام میں۔ آمین