آج ہم آستر کی کہانی کا باقی مطالعہ کریں گے۔
بادشاہ اخسویرس نے ہامان کو اسی سولی پر لٹکا دیا جو اس نے مردکی کے لیے تیار کی تھی اور اسی دن بادشاہ نے ہامان کو گھر آستر کو دیا۔ مردکی بادشاہ کے سامنے حاضر ہوا کیونکہ آستر نے بادشاہ کو بتا دیا تھا کہ اسکا اس سے رشتہ کیا تھا۔ بادشاہ نے ہامان کو دی ہوئی اپنی انگوٹھی واپس لے لی تھی اور مردکی کو دے دی اور آستر نے ہامان کے گھر پر مردکی کو مختار بنا دیا۔ امثال 13:22 میں لکھا ہے؛
نیک آدمی اپنے پوتوں کے لیے میراث چھوڑتا ہے پر گنہگار کی دولت صادقوں کے لئے فراہم کی جاتی ہے۔
ہامان تو ختم ہوگیا تھا مگر جو حکم اس نے بادشاہ کے نام میں جاری کیا تھا اسکے لیے آستر نے بادشاہ سے رو کر گزارش کی ہامان نے جو سازش یہودیوں کے خلاف کی تھی اسکو باطل کیا جائے۔ آستر چونکہ بادشاہ کی نظر میں مقبول ٹھہری تھی لہذا آستر نے بادشاہ سے درخواست کی کہ وہ ان فرمانوں کو منسوخ کرنے کو لکھے کیونکہ وہ کیسے اس بلا کو اپنی قوم پر نازل ہوتا دیکھ سکتی ہے۔ بادشاہ کا جو فرمان جاری ہو گیا تھا وہ تو اٹل تھا لہذا بادشاہ نے مردکی سے کہا دیکھو میں نے ہامان کا گھر آستر کو بخشا اور اسے انھوں نے سولی پر ٹانگ دیا اسلیے کہ اس نے یہودیوں پر ہاتھ چلایا۔ تم بھی بادشاہ کے نام سے یہودیوں کو جیسا چاہتے ہو لکھو اور اس پر بادشاہ کی انگوٹھی سے مہر کرو کیونکہ بادشاہ کا فرمان منسوخ نہیں ہو سکتا۔ لہذا تمام صوبوں میں یہ حکم جاری ہوا کہ یہودیوں کو اجازت ہے کہ اکٹھے ہو کر اپنی جان بچانے کے لیے مقابلہ پر اڑ جائیں اور جو ان پر حملہ کریں انکو نیست ونابود کر دیں اور انکا مال لوٹ لیں۔ یہ ادار کے مہینے کی تیرہویں تاریخ کو ہی ہو۔ یہ فرمان فی الفور تمام صوبوں میں شائع کر دیا گیا۔ مردکی بادشاہ کے حضور سے شاہانہ لباس میں نکلا اور سوسن شہر کے تمام یہودیوں کو شادمانی اور عزت حاصل ہوئی۔ کچھ دن پہلے تک مردکی خاک ڈالے اور ٹاٹ پہنے ماتم کر رہا تھا مگر اب اسکو کسی قسم کا ماتم کرنے کی ضرورت نہیں تھی۔ مجھے پورا یقین ہے کہ میری طرح مردکی کے دل میں بھی یہ آیا ہو گا؛
زبور 30:11
تو نے میرے ماتم کو ناچ میں بدل دیا۔ تو نے میرا ٹاٹ اتار ڈالا اور مجھے خوشی سے کمر بستہ کیا۔
کل میں یہ مطالعہ پورا نہیں لکھ پائی۔ ایک کے بعد دوسری میری ان لوگوں سے فون پر بات ہوئی جو کہ اپنی تکلیف بیان کرنا چاہتے تھے۔ جب میں ان سے بات کر رہی تھی تو میں نے انھیں یہی کہا کہ بعض اوقات ہماری تکلیف ہمیں خدا کے اور قریب لے آتی ہے۔ کسی نے مجھے کہا کہ خدا کو ہمیں جسمانی تکلیف دے کر کیا حاصل ہوتا ہے۔ حقیقت تو یہ ہے کہ تکلیف شیطان کی طرف سے آتی ہے مگر عموماً ہماری اپنی غلطیوں کی وجہ سے۔ خدا جانتا ہے کہ یہ صرف جسمانی تکلیف ہے جو کہ ہماری روح کو خدا کے قریب کر رہی ہے۔ روحانیت میں اگر آپ کا بھروسہ خدا باپ پر اور اسکے بیٹے پر ہے تو یہ آپ پر غالب نہیں آ سکے گی۔ خدا آپ کو آپ کی جسمانی تکلیف سے ضرور نجات دے گا کیونکہ وہ ہمیں نجات دینے کے لیے آیا تھا۔
8 باب کی آخری آیت میں لکھا ہے کہ تمام ملک میں بہتیرے یہودی ہو گئے کیونکہ یہودیوں کا خوف ان پر چھا گیا تھا۔ جب ادار 13 آئی تو تمام یہودی اپنے نفرت کرنے والوں پر غلبہ آئے۔ چونکہ مردکی کا رعب بادشاہ کے باقی حاکموں پر چھا گیا تھا لہذا سب نے یہودیوں کی مدد کی۔ ہامان کے دس بیٹوں کو بھی آستر کے کہنے پر بادشاہ کے حکم کے مطابق سولی پر چڑھا دیے گئے۔ یہودیوں نے لوٹ پر ہاتھ نہ بڑھایا مگر اپنے نفرت کرنے والوں کو ہلاک کر دیا۔ ادار 15 کو تمام یہودیوں نے خوشی کی ضیافت کی اور غریبوں کو خیرات دی اور آپس میں تحفے بھیجے۔ اپنی نسل کے لیے روزہ رکھنے اور ماتم کرنے کا اور پوریم کا تہوار سال بسال منانے کا حکم آستر اور مردکی کے کہنے پر جاری ہوا کہ انھیں اپنے دشمنوں سے چین ملا اور وہ مہینہ غم سے شادمانی میں اور ماتم سے خوشی میں بدل گیا۔ مردکی، اخسویرس بادشاہ سے دوسرے درجہ پر آ گیا اور اپنی قوم کا خیرخواہ رہا۔
یسعیاہ 55:8 اور 9 میں لکھا ہے؛
خداوند فرماتا ہے کہ میرے خیال تمہارے خیال نہیں اور نہ ہی تمہاری راہیں میری راہیں ہیں۔ کیونکہ جس قدر آسمان زمین سے بلند ہے اسی قدر میری راہیں تمہاری راہوں سے اور میرے خیال تمہارے خیالوں سے بلند ہیں۔
مردکی اور آستر کی نظر میں شاید یہی کافی تھا کہ یہودیوں کی جان بچ جائے مگر خدا نے انھیں انکی فرمانبرداری کا اعلٰی انعام دیا۔ آستر کو تو گھر کی ضرورت نہیں تھی، پہلے وہ مردکی کے پاس پلی بڑھی تھی اور پھر بادشاہ کے محل میں رہنے لگی تھی مگر بادشاہ نے اسے ہامان کا گھر کا مختار بنا دیا۔ مردکی بادشاہ کے پھاٹک پر بیٹھتا تھا مگر بعد میں بادشاہ سے دوسرے درجہ پر آگیا۔ شاید ابھی آپ کسی تکلیف سے گزر رہیں ہیں مگر خدا کے خیال آپ کے لیے اچھے ہیں وہ آپ کو اچھا ضرور عطا کرے گا اگر آپ اپنی امید نہ چھوڑ دیں کیونکہ خداوند فرماتا ہے:
ہرمیاہ 29:11
کیونکہ میں تمہارے حق میں اپنے خیالات کو جانتا ہوں خداوند فرماتا ہےیعنی سلامتی کے خیالات۔ برائی کے نہیں تاکہ میں تم کو نیک انجام کی امید بخشوں۔
اس سے اگلی آیات آپ یرمیاہ میں خود پڑھیں۔ اگلے آرٹیکل میں میں پوریم اور آستر کی کہانی کے بارے میں کچھ اور باتیں لکھوں گی جو ایک عام مسیحی پادری نہیں بیان کرتے۔