پرشاہ: نیت-زا-وئیم، נִצָּבִים ,Netzavim

image_pdfimage_print

ہمارے پچھلے ہفتے کے پرشاہ کی-تاوؤ، کے بعد کے پرشاہ کا نام نیتزویم ہے جسکے معنی ہیں تم”کھڑے ہو”۔ میں نے ذکر کیا تھا کہ ہر پرشاہ کا نام ، توراہ کا حوالہ جہاں سے پڑھنا شروع کیا جاتا ہے،  اسکی شروع  کی آیت میں درج لفظ پر مشتمل  ہے۔   ہماری اردو بائبل میں تو یہ لفظ  "نیتزاوئیم”،  حوالے کے شروع میں نہیں ہے بلکہ اسکی 11 آیت میں درج ہے مگر عبرانی کلام میں یہ لفظ  توراہ پرشاہ  کے حوالے کی پہلی آیت میں درج ہے۔ نیتزاوئیم، عموماً اگلے ہفتے کے پرشاہ کے ساتھ پڑھا جاتا ہے  جو کہ یا تو یوم تیروعہ سے پہلے سبت یا پھر یوم تیروعہ اور یوم کیپور کے درمیان والے سبت کے دن پڑھتے ہیں۔ آپ کلام میں سے ان حوالوں کو پڑھیں گے۔ ہمیشہ کی طرح میں  ان لوگوں کے لئے جو کہ  روحانی غذا کے طالب ہیں ، نیچے غور و فکر کے لئے کچھ باتیں درج کر نے لگی ہوں۔ کلام میں سے ان حوالوں کو پڑھ کر  میری ان باتوں پر ضرور دھیان دیں۔

توراہ –  استثنا 29:10 سے 30:20

ہاف تاراہ- یسعیاہ 61:10 سے 63:6

بریت خداشاہ- یوحنا 15:1 سے 11 کچھ میسیانک یہودی رومیوں 10:1 سے 18 پڑھتے ہیں۔

  • ہمارے توراہ کے حوالے میں بڑے، چھوٹے، مرد، عورتیں اور بچے، خاص لوگ اور عام لوگ یہاں تک کہ پردیسی بھی خدا کے سامنے، عہد باندھنے کے لئے کھڑے تھے ۔  اس عہد کی تمام باتیں وہی ہیں جو کہ خداوند نے پہلے انکی بیان کی تھیں۔ خداوند کے سامنے کھڑنے ہونے سے کلام کی کیا مراد ہو سکتی ہے؟  پردیسی کون ہو سکتے ہیں، کیا وہ جو کہ خداوند کے لوگوں میں شامل کئے گئے ہیں یا کہ پھر وہ جو کہ  کچھ عرصے کے لئے بنی اسرائیل کے درمیان ہوں؟  کیا آپ کبھی خداوند کی حضوری میں کھڑے ہوئے ہیں؟ خداوند کے  اس عہد میں وہ لوگ بھی شامل ہیں جو کہ اس وقت وہاں موجود نہیں تھے (استثنا 29:15) اسکی کیا وجہ ہو سکتی ہے؟ کیا  آپ خداوند کے اس عہد میں شامل ہوتے ہیں کیونکہ تب تو آپ وہاں موجود نہیں تھے جب یہ عہد باندھا جا رہا تھا مگر اب تو پڑھ رہے ہیں؟
  • بنی اسرائیل کی طرح ، ہمارے بہت سے مسیحی بھی سوچتے ہیں کہ انکے لئے سلامتی ہے(استثنا 29:19) چونکہ وہ فضل کے ماتحت ہیں  اور شریعت ایک لعنت ہے جس سے مسیح نے انھیں چھڑایا ،  افسوس   ہمارے اُن  مسیحیوں پر جو کہ خدا کی شریعت کو لعنت پکارتے ہیں۔ شریعت لعنت نہیں بلکہ خدا کا کلام ہے ۔  خدا کے ان حکموں کو جو کہ شریعت میں درج ہیں، ٹھکرانے کی صورت میں ہمارے لئے  لعنت ہے۔  چونکہ آپ خداوند کے قریب آنے سے پہلے خداوند کے حکموں کو توڑ رہے تھے تو اس لعنت کے حقدار تھے جس کا ذکر توریت میں درج ہے مگر جب آپ خداوند کے قریب آئے اور خداوند نے آپ پر اپنا فضل کیا  تو یشوعا کے سبب آپ کو  برکت دی اور موقع دیا کہ آئندہ آپ گناہ سے دور رہیں ۔ (ان لعنتوں کا تفصیل میں  ذکر شریعت میں درج ہے (استثنا 29:13))۔ آپ اب  اس بارے میں کیا سوچتے ہیں کیا (خداوند معاف کریں)   شریعت لعنت ہے؟ استثنا 29:27 کو پڑھ کر سوچیں کہ کیا  اوپر میں صحیح کہہ رہی ہوں یا کہ غلط۔
  • یشوعا کی تعلیم کے مطابق ہمارے لئے نئے سرے سے پیدا ہونا ضروری ہے۔ کیا آپ کو علم ہے کہ نئے سرے سے پیدا ہونے کا یا پھر دل کا ختنہ کروانے کا کیا معنی ہے؟ دل کا  ختنہ ، یہ نئے عہد نامے  کا ہی تصور نہیں (رومیوں 2:29) بلکہ پرانے عہد نامے  میں درج توریت کی بنیاد پر ہے (استثنا 30:6 اور 10:16)۔  کیا آپ کے دل کا ختنہ ہوا ہے؟
  • ہاف تاراہ کا حوالہ پڑھیں۔ یسعیاہ 61:6 پر نظر ڈالیں اور سوچیں کہ کیا آپ خداوند کا ذکر کرنے والوں میں سے ہیں یا خاموش رہنے والوں میں سے؟ کیا خداوند کا ذکر کرنا، اسکے نام کی منادی کرنا نہیں؟ ہمارا نجات دینے والا جلد آنے والا ہے کیا آپ اسکی دوسری آمد کے منتظر ہیں؟
  • یسعیاہ 63 باب پڑھیں۔ کیا آپ کو علم ہے کہ ادوم کون ہے؟ سرخ پوشاک پہنے ہوئے کون ہے؟
  • بریت خداشاہ کا حوالہ پڑھیں۔ یشوعا نے کہا کہ  انگور کا حقیقی درخت وہ ہے ہمیں اس میں قائم رہنے کی ضرورت ہے۔ کیا آپ جانتے ہیں کہ انگور کا  درخت کس کو پکارتے ہیں؟ یشوعا کی تعلیم کے مطابق ہم اگر اسکے حکموں پر عمل کریں گے تو اسکی محبت میں قائم رہیں گے اس نے ساتھ ہی میں کہا "جیسے میں نے اپنے باپ کے حکموں پر عمل کیا اور اسکی محبت میں قائم ہوں”، یشوعا ہمیں کن حکموں پر عمل کرنے کو کہہ رہے تھے وہ جو پرانے عہد نامے میں درج ہیں یا کہ پھر وہ جو کہ نئے عہد نامے میں درج ہیں؟ کیا یشوعا کے شاگردوں کے پاس اس وقت  نیا عہد نامہ تھا؟ نئے عہد نامے کو کن  لوگوں نے لکھا؟  کیا نئے عہد نامے کے احکامات، پرانے عہد نامے سے مختلف ہیں؟  آپ کی نظر میں "مسیح شریعت کا انجام ہے (رومیوں 10:4)”  سے کیا مراد ہے؟

میری خدا وند سے دعا ہے کہ آپ اس  کے حکموں پر عمل کر نے والوں میں  سے بنیں تاکہ اسکی محبت میں قائم رہ سکیں اور اسکی  آپ کے لئے اپنی قربانی رائیگاں نہ جائے، یشوعا کے نام میں۔ آمین

موضوع: زندگی کیا ہے؟ (آڈیو میسج 2018)

(Topic: What is Life? (Audio Message 2018