پرشاہ خوکات کے بعد ہمارے اس ہفتے کے پرشاہ کا نام "بلق” ہے جسکا عبرانی میں مطلب ہے "تباہ کرنے والا یا غارت کرنے والا”۔ آپ کلام میں سے ان حوالوں کو پڑھیں گے۔ ہمیشہ کی طرح میں کچھ باتیں نیچے درج کرنے لگی ہوں۔ حوالوں کو پڑھتے ہوئے ان باتوں پر ضرور غور کریں۔
توراہ- گنتی 22:2 سے 25:9
ہاف تاراہ – میکاہ 5:6 سے 6:8
بریت خداشاہ – رومیوں 11:25 سے 32، 2 پطرس 2
- بنی اسرائیل نے جو سیحون اور عوج کا حال کیا تھا اسکو دیکھ کر موآب کا بادشاہ بلق (تباہ کرنے والا) کو بھی خوف آگیا تھا وہ اور موآبی قوم بنی اسرائیل کی وجہ سے پریشان ہوئے۔ بلق نے تلوار کا سہارا لینے کی بجائے ایک عجیب منصوبہ بنایا۔ اس نے بلعام کو پیغام بھجوایا کہ وہ آکر ان لوگوں پر لعنت بھیجے کیونکہ پھر ہوسکتا تھا کہ بلق ان پر غالب آ پاتا۔ بلعام کے بارے میں وہ جانتا تھا کہ وہ جسکو برکت دیتا ہے اسکو برکت ملتی ہے اور جس کو لعنت کرتا تھا وہ ملعون ٹھہرتا تھا۔بلعام نے موآب کے ان بزرگوں سے جو کہ بلق کا پیغام لے کر اسکے پاس آئے تھے ، کہا کہ آج رات وہ یہیں ٹھہریں اور جو کچھ خداوند اسکو کہیں گے وہ اسکے مطابق انکو جواب دیگا۔ گنتی 22:7 میں لکھا ہے کہ وہ فال کھولنے کا انعام لے کر اسکے پاس گئے تھے۔ یشوعا نے اپنے شاگردوں کو بھیجتے ہوئے ، متی 10:5 سے 11 میں ایک خاص پیغام دیا تھا اس نے انھیں یہ بھی کہا "تم نے مفت پایا مفت دینا”۔۔۔ کیا خدا کے پیغمبروں کو روا ہے کہ لوگوں سے اس بات کے پیسے وصول کریں جس کو انھوں نے خود مفت میں پایا ہے؟ بلعام کا یہ کہنا کہ وہ خداوند کے کہنے کے مطابق انکو جواب دیگا، اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ بلعام خداوند کو جانتا تھا کیونکہ عبرانی کلام میں جہاں خداوند لکھا ہے وہ لفظ "یہوواہ” ہے۔
- خداوند نے بلعام کو کہا کہ وہ انکے ساتھ مت جائے اور نہ ان لوگوں یعنی بنی اسرائیل کو لعنت کرے کیونکہ وہ مبارک ہیں۔ خدا وند نے ابرہام اور انکی اولاد کے لئے یہی کہا تھا کہ جو انھیں برکت دے گا خدا وند اسے برکت دیں گے اور جو ان پر لعنت بھیجے گا خدا وند ان پر لعنت بھیجیں گے (پیدائش 12:3)۔ بلعام نے خداوند کے کہنے کے مطابق ہی کیا اس نے بلق کے لوگوں کو واپس بھیج دیا مگر بلق نے اور زیادہ معزز لوگوں کو بھیجا اور انعام بھی بڑھا دیا۔ بلعام نے ایک بار پھر سے کہا کہ وہ دیکھے گا کہ خداوند اسکو آج رات کیا کہتا ہے۔ خدا نے اسکو کہا کہ اگر یہ آدمی تجھے بلانے کو آئے ہوئے ہیں تو تو اٹھکر انکے ساتھ جا مگر جو بات میں تجھ سے کہوں اسی پر عمل کرنا۔ اگلی صبح جب بلعام اپنی گدھی پر جا رہا تھا تو خداوند کا فرشتہ اسکی مزاحمت کرنے کو آیا۔ گدھی کو تو فرشتہ نظر آ رہا تھا مگر بلعام کو نہیں۔ گدھی خداوند کے فرشتے کا راستہ چھوڑ کر ایک طرف کو ہوگئی۔ بلعام نے گدھی کو راستے پر رکھنے کے لئے مارا مگر ایک بار پھر خداوند کے فرشتے نے اسکی مزاحمت کی اور ادھر راستہ روکا جسکے دونوں طرف دیواریں تھی۔ گدھی دیوار سے جا لگی نتیجے میں بلعام کا پاؤں زخمی ہوا۔ بلعام نے گدھی کو پھر مارا بعد میں جب کہیں پر بھی مڑنے کی جگہ نہیں تھی تو گدھی بیٹھ گئی۔ بلعام نے جھلا کر اپنی لاٹھی سے گدھی کو مارا مگر تب خداوند نے گدھی کی زبان کھول دی۔ کیا وجہ تھی کہ خداوند نے بلعام کا راستہ روکنے کی کوشش کی تھی؟ کیا خداوند نےواقعی اسے اجازت دی تھی کہ وہ جاتا اور خداوندکے لوگوں کو لعنت کرتا؟ کیا بلعام کی اپنی خواہش تھی جو کہ ایک بار خدا سے نہ سن کر بھی دوسری بار خداوند کی رضامندی جاننا چاہتا تھا؟
- "خدا انسان نہیں کہ جھوٹ بولے اور نہ ہی آدمزاد کہ اپنا ارادہ بدل لے” (گنتی 23:19) ۔ یہ وہ آیت ہے جس کو اس بات کے ثبوت کے لئے پیش کیا جاتا ہے کہ یشوعا خدا نہیں ہوسکتا کیونکہ پرانا عہد نامہ یہ کہتا ہے۔ آپ کی اپنی اس بارے میں رائے کیا ہے؟
- بلعام کے منہ میں خداوند نے برکت بھرے الفاظ دئے، وہ بنی اسرائیل کو چاہتے ہوئے بھی لعنت نہ دے پایا۔ یہودیوں/میسیانک یہودیوں کی عبادت میں جو کہ دعائیہ کتاب کا استعمال کرتے ہیں ، گنتی 24:5 کی برکت شامل ہے ویسے تو مکمل دعا اس آیت کے علاوہ کچھ اور آیات کو ملا کر ہے مگر بہت خوبصورت برکت کی دعا ہے۔ بلعام کی پیشن گوئی میں آخری دنوں کی پیشن گوئی بھی ہے اور یشوعا کی بھی ۔ ہم اسکا گنتی کی کتاب میں مطالعہ کریں گے۔ پطرس نے 2 پطرس 2:15 میں "بلعام کی راہ” کی بات کی ہے ۔ اس آیت کو پڑھ کر اور تورہ کے حوالے کو پڑھ کر سوچیں کہ پطرس رسول کایوں کہنے کا کیا معنی ہے؟
- میں تمام غور و فکر کی باتوں کو تو نہیں بیان کر سکتی مگر امید ہے کہ اگر خدا کی مرضی ہوئی تو میں ان باتوں کو اپنے مطالعے میں بیان کر پاؤں گی۔ ہاف تارہ کا حوالہ پڑھیں شاید آپ کو یاد ہو کہ یشوعا نے بھی میکاہ 6:8 کا ذکر کیا تھا۔ میکاہ 6:5 میں ایک خاص بات لکھی ہوئی ہے جو کہ ہمیں بتاتی ہے کہ بلعام کا بڑا گناہ کیا تھا۔ کیا آپ کو علم ہے کہ بلعام نے شاہ موآب کو کیا مشورہ دیا تھا؟
- بریت خداشاہ کا حوالہ پڑھیں۔ رومیوں 11:25 سے 26کے بارے میں سوچیں کہ اسکا کیا معنی ہے؟ بریت خداشاہ کا حوالہ بڑا عمدہ ہے مگر افسوس کہ اسکا اصل مطلب سب کو نہیں پتہ۔
میری خدا وند سے دعا ہے کہ میں اور آپ اسکی مرضی کو جان کر بھی نافرمان نہ بنیں ۔ اسکی نعمتیں اور بلاوا لاتبدیل ہے خداوند آپ پر اور مجھ پر اپنا رحم قائم رکھیں، یشوعا کے نام میں۔ آمین
موضوع: جھوٹے نبی کو کیسے پہچانا جا سکتا ہے۔ (آڈیو میسج 2018)
(Topic: How to recognize a false prophet. (Audio Message 2018