توراہ، ہاف تاراہ، بریت خداشاہ:
پرشاہ- شیموت، שְׁמוֹת Shemot,:
عبرانی لفظ "شیموت” کا مطلب ہے "نام(ناموں)” کیونکہ ہمارا یہ پرشاہ اسرائیل کے بیٹوں کے ناموں سے شروع ہوتا ہے۔ ویسے ہی جیسے کہ عبرانی کیلنڈر کے پہلے ہفتے کے پرشاہ کا نام عبرانی میں توراہ کی پہلی کتاب کے شروعات میں کتاب کے نام یعنی "بیرشیت(مطلب پیدائش)” پر ہے ویسے ہی توراہ کی دوسری کتاب کے شروعات کے ساتھ اس پرشاہ کا نام بھی توراہ کی کتاب پر ہی ہے۔ شیموت کو اردو کلام میں "خروج” لکھاگیا ہے۔ آپ کلام میں ان حوالوں کو پڑھیں گے۔ اپنی روحانی غذا کے لئے ان حوالوں کو پڑھ کر ان باتوں کو سوچیں جو کہ میں نیچے درج کرنے لگی ہوں۔
توراہ- خروج 1:1 سے 6:1
ہاف تاراہ- یسعیاہ 27:6 سے 28:13 اور 29:22 اور 23 آیات
بریت خداشاہ- اعمال 7:17 سے 35 اور 1 کرنتھیوں 14:18 سے 25
- اسرائیل یعنی یعقوب سے 70 جانیں پیدا ہوئیں جن سے کئی قومیں نکلیں۔ اگر آپ کو یاد ہو تو میں نے پیدائش کے مطالعہ میں ذکر کیا تھا کہ خدا نے ابرہام سے جو وعدہ کیا تھا کہ اس سے قومیں پیدا ہونگی کیسے اسرائیل سے پیدا ہونے والی قوموں سے مختلف ہیں۔ کچھ ہی عرصہ میں اسرائیل کی اولاد برومند اور کثیرالتعداد ہوگئی۔جب نئے بادشاہ نے جو کہ یوسف کو نا جانتا تھا اس نے یہ دیکھا تو اس نے اپنی قوم کے لوگوں سے کہا کہ ہم ان سے اس طرح پیش آئیں کہ یہ کبھی ہم پر غالب نہ آسکیں۔ جب جب خدا کے لوگ بڑھتے ہیں غیر قومیں /لوگ ان پر غالب آنا چاہتے ہیں۔ کیا آپ کو بھی ایسا ہی اپنی زندگی میں محسوس ہوتا ہے کہ آپ ترقی کر رہے ہیں مگرغیر لوگ آپ کو دبانا چاہتے ہیں تاکہ آپ ان پر غالب نہ آسکیں؟
- مصر کے بادشاہ نے عبرانی دائیوں کو حکم دیا کہ عبرانیوں کے اگر بیٹا پیدا ہو تو مار ڈالو اور اگر بیٹیاں ہوں تو زندہ رہنے دو۔ ان دو دائیوں نے خدا کے خوف کی بنا ایسا نہ کیا اور بادشاہ سے جھوٹ بولا۔ خدا نے ان دائیوں کو اسکا صلہ دیا۔ کلام میں جھوٹ بولنا منع ہے اور قتل کرنا بھی۔ آپ کے خیال میں خدا نے دائیوں کے انکے جھوٹ بولنے کے باوجود کیوں برکت دی تھی؟
- فرعون نے اسکے بعد حکم دیا کہ اگر عبرانیوں کے بیٹا پیدا ہو تو اسے دریا میں ڈال دیا جائے اور بیٹی پیدا ہو تو اسے جیتا چھوڑ دیا جائے۔ موسیٰ نبی انہی تنگ حالات میں پیدا ہوئے۔ مگر چونکہ خدا نے انکو اپنے مقصد کے لئے پیدا کیا تھا خدا نے انکی ان تنگ حالات میں حفاظت کی۔ تکلیف میں انکی ماں نے انھیں ٹوکری میں ڈال کر دریا میں چھوڑ دیا جہاں فرعون کی بیٹی نے انکو اپنے بیٹے کے طور پر اپنا لیا۔ آپ کو اپنی زندگی میں خدا کا کیا مقصد نظر آتا ہے؟ تنگ حالات کا یہ مطلب نہیں کہ خدا وندآپ کی زندگی میں کام نہیں کر رہے۔ جیسے وہ موسیٰ کے ساتھ تھے ویسے ہی وہ آپ کے بھی ساتھ ہیں۔
- موسیٰ نبی اپنے بھائیوں کے پاس باہر گئے اور جب انھوں نے انکی مشقتوں کو دیکھا اور ایک مصری کو ، عبرانی کو مارتے دیکھا تو ا نھوں نے مصری کو جان سے مار کر ریت میں چھپا دیا۔ اپنی طرف سے وہ اپنے عبرانی بھائیوں کی مدد کر رہے تھے مگر جب ایک دن اس نے دو عبرانیوں کو لڑتے دیکھا تو انھوں نے اس عبرانی سے جسکا قصور تھا پوچھا کہ تو اپنے ساتھی کو کیوں مار رہا ہے۔ اس پر عبرانی نے جواب دیا کہ تجھے کس نے ہمارا منصف مقرر کیا ہے؟ کیا تو مجھے بھی ویسے ہی مار ڈالنا چاہتا ہے جیسے تو نے اس مصری کو مارا تھا؟ موسیٰ نبی تب یہ سوچ کر ڈرےکہ انکا بھید فاش ہوگیا ہے۔ فرعون نے انکو قتل کرنا چاہا مگر موسیٰ نبی ملک مدیان بھاگ نکلے۔ موسیٰ نبی جنکی مدد کرنا چاہتے تھے انھی کی بدولت انکا راز فاش ہوگیا۔ آپ کے خیال میں تب موسیٰ نبی کی کیا حالت ہوئی ہوگی؟ کیا موسیٰ نبی نے مصری کو مار کر ٹھیک کیا تھا؟ کیا آپ جنکی مدد کرنا چاہتے ہیں انھی کی بدولت بڑی مصیبت میں پھنس رہے ہیں؟ کیاآپ کا انکی مدد کرنے کا ارادہ ویسا ہی ہے جیسا کہ خدا نے انکے لیے سوچا ہے؟
- موسیٰ نبی کی زندگی تو بظاہر مدیان میں جا کر بہتر ہوگئی کیونکہ انھوں نے وہاں شادی کی اور انکے بیٹےبھی ہوئے مگربنی اسرائیل اپنی غلامی کے سبب سے آہ بھرنے لگے اور روئے اور خداوند نے انکا رونا اور کراہنا سنا۔ آپ کے خیال میں خداوند نے انکی غلامی پر پہلے کیوں نہیں نگاہ کی؟ آخر وہ کتنے عرصے سے فرعون کا ظلم برداشت کر رہے تھے، انکے رونے کی آواز پر ہی کیوں خداوند نے ان پر توجہ دی؟ اسرائیلیوں نے پہلے کیوں نہیں خداوند کو یاد کیا، وہ کیوں ظلم کے بڑھنے تک انتظار میں بیٹھے رہے؟ آج مسیحی بھی ظلم و ستم کے بڑھنے کے انتظار میں بیٹھے ہیں کہ وہ خداوند کو مدد کے لئے پکاریں۔
- پہاڑ حورب پر خداوند نے اپنے آپ کو موسیٰ نبی پر ظاہر کیا اور ان پر اپنا نام موسیٰ نبی کے پوچھنے پر بتایا۔ میں بہت سے مسیحیوں کو جانتی ہوں جنکو اپنے خداوند کا اصل نام نہیں پتا۔ کیا آپ کو خدا کا نام پتہ ہے؟ کیا آپ نے خداوند سے انکا نام پوچھا ہے؟
- خدا نے موسیٰ نبی کو کہا کہ وہ اپنے لوگوں میں واپس جائے اور انکو ملک مصر سے اس ملک میں لے کر جائے جسکا عہد خدا نے انکے باپ ابرہام، اضحاق اور یعقوب سے کیا تھا۔ موسیٰ نبی نے خداوند کے حضور میں کتنے ہی بہانے بنائے کہ وہ یہ کام نہیں کر سکتے یہ انکے لیے مشکل ہے۔ کیا آج آپ خدا کی حضوری میں ایسے ہی بہانے پیش کر رہے ہیں تاکہ آپ خداوند کی بلاہٹ کو ٹال سکیں؟
- خدا نے موسیٰ نبی کو نشان دیے اور ساتھ ہی میں انکو انکا بھائی ہارون مددگار کے طور پر دیا۔ موسیٰ نبی پر خدا کا قہر بھڑکا تو خدا وند نے کہا کہ وہ انکو سکھاتے رہیں گے کہ وہ کیا کیا کریں۔ کیا آپ آج موسیٰ نبی کی طرح خدا کے قہر کو بھڑکا رہے ہیں؟ اگر وہ انکو بتاتے اور سکھاتے رہے ہیں کہ انھیں کیا کیا کرنا چاہیے تو کیا خداوند ایسا آپ کے ساتھ نہیں کر سکتے؟
- موسیٰ نبی نے اپنے سسر سے اجازت لی اور اپنی بیوی اور بیٹوں کو لے کر مصر کو لوٹے۔ راستے میں خداوند نے موسیٰ کو مارنے کی کوشش کی کیونکہ انھوں نے اپنے بیٹوں کاختنہ نہیں کروایا تھا۔ انکی جان انکی بیوی کی بنا پر بچ گئی۔ آپ کے خیال میں کے خداوند کے لیے ختنے کا یہ قدم کیوں اہمیت رکھتا تھا؟ کیا ختنہ آج بھی اتنی ہی اہمیت رکھتا ہے؟
- موسیٰ نبی مصر میں ہارون سے ملے اور انھوں نے بنی اسرائیل کے بزرگوں سے وہ سب باتیں کہیں جو کہ خداوند نے موسیٰ نبی سے کہیں تھیں۔ موسیٰ نبی نے معجزے کیے اور لوگوں کو انکا یقین آیا۔ آپ کے خیال میں معجزے خدا کے کام میں کیا اہمیت رکھتے ہیں؟
- جب موسیٰ نبی اور ہارون نبی نے فرعون سے کہا کہ بنی اسرائیل کو جانے دے تاکہ وہ اپنے خدا کے حضور میں قربانیاں چڑھا سکیں تو فرعون نے نہ صرف انکار کیا بلکہ بنی اسرائیل پر اور بھی سختی عائد کر دی۔ غلامی سے آزادی کے لئے بھاری قیمت ادا کرنی پڑتی ہے۔ جو غلامی میں ہوتے ہیں انکا حاکم انکو اور بھی سختی دکھاتا ہے تاکہ وہ تنگی کے باعث آزادی کا خیال بھی دل سے نکال ڈالیں یہ سوچ کر کہ انکی حالت پہلے بہتر تھی اور اس آزادی کے خیال نے انھیں پہلے سے زیادہ مصیبت میں ڈال دیا ہے۔ جب خدا بھی انسان کو گناہ کی غلامی سے چھٹکارا دینا چاہتے ہیں تو شیطان حالات کو اور تنگ کر دیتا ہے تاکہ انسان آزادی کا سوچے بھی نہ۔ اگر آپ ابھی کسی قسم کی غلامی میں ہیں جہاں حالات اور تنگ ہوتے دکھائی دیتے ہیں تو بھروسہ رکھیں کہ آپ کی آزادی کا وقت نزدیک ہے۔
- یسعیاہ کے حوالے میں لکھا ہے کہ "لوگ دانش سے خالی ہیں۔۔۔” آپ اپنے آپ کو کس نظر سے دیکھتے ہیں؟ آپ کے خیال میں "دانش” کی خدا کی نظر میں کیا تعریف ہے؟
- یسعیاہ 28:8 سے 13 کو پڑھیں اور ایک لمحے کے لئے سوچیں کہ اس میں آپ کے لئے کیا پیغام چھپا ہے؟ کیا آپ کے لئے خدا کا کلام حکم پر حکم، حکم پر حکم اور قانون پر قانون، قانون پر قانون ہے؟ کیا اس میں آپ کے لیے کوئی آرام ہے؟
- نئے عہد نامے میں اعمال کے حوالے میں "وعدے کی معیاد پوری ہونے ” کا ذکر ہے۔ آپ کے خیال میں خدا کیوں ہمیشہ وعدے کی معیاد کے پورے ہونے کا انتظار کرتے ہیں؟ یہ کیونکر معنی رکھتا ہے؟ اپنے اردگرد کے حالات کو دیکھیں جس بھی ملک پر نظر ڈالیں گے آپ کو کسی نا کسی قسم کی افراتفری نظر آئے گی۔ آپ کے خیال میں کیا خداوند وعدے کی معیاد کے پورے ہونے کا انتظار کر رہے ہیں یا کہ پھر لوگوں کے رونے اور آہوں کا؟
- خدا کے لوگوں کی تکلیف کبھی کبھی ایک غیر انسان یا قوم کے لئے نجات کا باعث بن سکتی ہے تاکہ وہ خداوند کے کام دیکھ کر اس بات کا اقرار کر سکیں کہ "بیشک خدا تم میں ہے (1 کرنتھیوں 14:25)”۔ کیا آپ کے خیال میں خدا آپ کی تکلیف کو دوسروں کی زندگی میں اپنی نجات اور جلال دکھانے کے لیے استعمال کر سکتے ہیں؟ کیوں اور کیوں نہیں؟
میری خدا سے دعا ہے کہ اگر آپ کسی قسم کی تنگی سے گذر رہے ہیں تو وہ آپ کی بھی آہ کو سنیں اور جلد آپ کی زندگی میں مسیحا کو بھیجے جو آپ کو غلامی /تنگی سے نجات دلا کر ہمیشہ کی آزادی فراہم کرے یشوعا کے نام میں۔ آمین
آڈیو میسج سننے کے لئے پلے کا بٹن کلک کریں۔
موضوع: آپ اس قابل ہیں۔ (آڈیو میسج 2018)
Topic: You are worth it (Audio Message 2018)