پرشاہ ویی-خائی

image_pdfimage_print
پرشاہ:  ویی-خی،   ויחי، Vayechi

یہ  ہمارے  عبرانی کیلنڈر کے بارہویں ہفتے کا پرشاہ ہے۔ ویی-خی کا مطلب ہے  "وہ جیا” کیونکہ یعقوب ملک مصر میں اور 17 برس تک جیا۔  یہ ہماری "بیرشیت” یعنی "پیدائش” کی کتاب کا آخری پرشاہ ہے۔ آپ کلام میں سے ان حوالوں کو پڑھیں گے اور جب آپ ان حوالوں کو پڑھیں تو اپنی روحانی خوارک کے لئے ان باتوں پر دھیان دیں جو میں نیچے درج کررہی ہوں۔

توراہ- پیدائش 47:28 سے 50:26

ہاف تاراہ-  1 سلاطین 2:1 سے 12 آیات

بریت خداشاہ- 1 پطرس 1 سے 9 آیات، عبرانیوں  11:21 سے 22

  • یعقوب ملک مصر میں 17 برس اور جیا۔ نقل مکانی کبھی بھی آسان نہیں۔ اگر آپ ایک ملک سے دوسرے ملک یا پھر ایک شہر سے دوسرے شہر کبھی بسنے کے لیے نہیں گئے تو شاید آپ کو اندازہ نہ ہو کہ ایک جانی پہچانی جگہ سے غیر جگہ اور غیر لوگوں میں اٹھ کر  بسنا بعض اوقات کتنا مشکل ہوتا ہے۔  کیا آپ نے کبھی سوچا ہے کہ کلام میں لکھا ہے  کہ ہمارا وطن آسمان ہے (فلپیوں 3:20) کیا آپ آسمان کی بادشاہت میں داخل ہونے کے منتظر ہیں یا کہ آپ اپنے علاقے میں اتنی آرام کی زندگی گذار رہے ہیں کہ آپ نے کبھی اس بارے میں نہیں سوچا؟ کوئی بھی انسان جو جانتا ہو کہ وہ وقتی طور پر  کسی جگہ مہمان ہے نہ تو اپنی ضرورت سے زیادہ سامان اکٹھا کرتا ہے اور نہ ہی  اس جگہ کو مستقل ٹھکانا سمجھتا ہے۔ اگر  آپ اس وقت کسی نئی جگہ منتقل ہونے کی سوچ رہے ہیں یا پھر منتقل تو ہو گئے ہیں مگر ابھی بھی بس نہیں پائے تو اس بات کو سوچیں کہ آپ کا یہ ٹھکانا وقتی ہے اور آپ کی اصل منزل مقصود آسمان ہے تو آپ کو نئی جگہ پر رہنے میں دشواری نہیں پیش آئے گی۔  آپ ایسا ہی اپنی مشکلات کے بارے میں بھی سوچ سکتے ہیں کہ یہ سدا ایسی نہیں رہیں گی کیونکہ یہ آپ کی منزل مقصود ہر گز نہیں۔
  • یعقوب نے یوسف سے عہد لیا کہ وہ اسکے مرنے پر اسکو اپنے باپ دادا کے قبرستان میں دفن کرے۔ آپ کے خیال میں وہ کیوں ایسا چاہتا تھا؟
  • یعقوب نے یوسف کے دونوں بیٹوں کو اپنا لیا۔ کہنے کو تو اسکی اپنی اولاد کے ہی بیٹے تھے انکو اپنانا یا نہ اپنانا اسکے لئے کیوں لازم تھا؟
  • یعقوب نے یوسف کے بیٹوں کو برکت دیتے وقت چھوٹے کو پہلوٹھے کی برکت دینا چاہی جسکو دیکھ کر یوسف ناخوش ہوا اور اس نے اپنے باپ کو کہا کہ وہ اپنا دہنا ہاتھ پہلوٹھے پر رکھے مگر یعقوب نہ مانا۔ آپ کے خیال میں جو یعقوب نے کیا وہ صحیح تھا؟ کیوں اور کیوں نہیں؟
  • یعقوب نے اپنے تمام بیٹوں کو بلا کر انھیں برکت دی۔ ان کی برکتیں پڑھ  کر سوچیں کہ کیا یعقوب نے انھیں صحیح برکتیں دیں تھی؟ کیا وہ اپنے کسی بیٹے کے ساتھ برکت دینے میں ناانصافی کر رہا تھا؟
  • یعقوب نے ایک بار پھر اپنے بیٹوں کو حکم دیا کہ وہ اسکو وہیں دفن کریں جہاں ابرہام اور سارہ، اضحاق اور ربقہ اور اسکی بیوی لیاہ دفن ہیں۔ راخل اس جگہ دفن نہیں تھی۔ راخل کے زندہ رہنے تک یعقوب اسکو بہت چاہتا تھا مگر آپ کے خیال میں کیا وجہ ہو سکتی تھی کہ اس نے اس جگہ دفن ہونا پسند کیا جہاں اسکے باپ دادا دفن تھے اور لیاہ دفن تھی؟ لیاہ کو یعقوب کے ساتھ جیتے جی تو وہ ساتھ نہیں ملا جو وہ چاہتی تھی مگر موت کے بعد وہ دونوں ایک ہی جگہ دفن ہوئے۔
  • یوسف اتنے بڑے عہدے پر تھا اسکا ملک مصر سے نکل کر ملک کنعان اپنے باپ کو دفن کرنے کے لئے جانا کوئی آسان بات نہیں تھی کیونکہ وہ کچھ دیر کے لیے نہیں بلکہ کچھ دنوں کے لئے جا رہا تھا۔ وہ  اپنے گھر کی ، اپنی باپ کی دی ہوئی ذمہ داری کو پورا کر نا چاہتا تھا۔ اس نے فرعون سے اجازت لی کہ وہ اپنے باپ کو جاکر ملک کنعان میں دفن کر کے آسکے۔ فرعون نے اسکو اجازت دی اور وہ گیا اور اپنی ذمہ داری نبھا کر واپس آیا۔ شاید یوسف کی طرح آپ کا بھی عہدہ بہت بڑا ہو یا پھر شاید آپ کا بھی کام ایسا ہو کہ نہ ہونے پر کمپنی کا نقصان ہو مگر جب بات خاندان کی آتی ہے تو کچھ چیزیں اور باتیں ایسی ہوتی ہیں جن کی بنا پر آپ کو اپنے عہدے اور کام کو کچھ عرصے کے لئے نظر انداز کرنا پڑے گا۔ آپ کے لئے آپ کا خاندان کتنی اہمیت رکھتا ہے؟ کیا آپ اپنے ماں باپ کی اتنی عزت کرتے ہیں جتنی کہ یوسف اپنے باپ کی کرتا تھا؟
  • یوسف کے بھائیوں نے سوچا کہ شاید یوسف ہم سے دشمنی کرے اور انکی بدی کا بدلہ لے۔ سو انھوں نے یوسف کو پیغام بھیجا کہ انکے باپ نے مرنے سے پہلے کہا تھا کہ یوسف انکی بدی انکو معاف کر دے۔ انھوں نے یوسف کے سامنے جا کر اپنے سر ٹیکے اور کہا کہ وہ اسکے غلام ہیں۔ بدی کی سزا کا احساس انکو تنگ کرتا آ رہا تھا۔ انھیں یوسف کی  بات کا شاید یقین نہیں تھا جب یوسف نے انھیں پہلی بار کہا تھا کہ خدا نے اسے انکے آگے آگے بھیجا تاکہ وہ اس کال میں زندہ رہ سکیں۔ شیطان ہمارے ساتھ اکثر ایسا کرتا ہے کہ بے شک ہم نجات پا چکے ہوتے ہیں مگر وہ ہمیں  یقین دلاتا ہے کہ جو بدی ہم نے کی ہے اسکی سزا ضرور ملے گی۔ اگر شیطان آپ کو بھی ایسے ہی تنگ کر رہا ہے تو یقین رکھیں کہ خدا نے آپ کے ماضی کے گناہ معاف کرے انکو دور پھینک دیا ہے ۔ اب وہ آپ کے ماضی کے گناہوں کا نہیں سوچ رہے۔ اگر آپ کو کسی بات کی فکر کرنی ہے تو وہ صرف آپ کے حال اور مستقبل کے اعمال ہیں۔
  • یوسف نے اپنی اولاد کی اولاد دیکھی ۔ اس نے افرائیم کی تیسری پشت تک دیکھی۔ کلام میں لکھا ہے کہ اگر خدا دولت دے اور وہ اپنی محنت میں شادمان رہے تو یہ خدا کی برکت ہے (واعظ 5:19)۔ اگر آپ نے کبھی اپنے لیے ایسی دعا نہیں مانگی تو آپ اپنے لیے دعا مانگ سکتے ہیں کہ وہ آپ کو اپنی محنت کے پھل میں شادمان ہو کر زندگی بسر کرنے کی بخشش دے۔ آپ کے لیے یوسف کی زندگی کی کہانی میں کون سا سبق اہم تھا؟ اسکی تکلیفیں یا اسکی ترقی؟
  • یوسف نے اپنے بھائیوں کو کہا کہ وہ اسکی ہڈیوں کو اپنے ساتھ ملک مصر سے نکلتے ہوئے اس ملک میں ضرور لے کر جائیں جسکا وعدہ خدا نے انکے باپ دادا کے ساتھ عہد میں کیا تھا۔ یوسف کو اور اسکے بھائیوں کو خدا کی دی ہوئی پیشن گوئیوں کا علم تھا۔ کیا آپ کی نظر میں خدا کے کلام میں دی ہوئی پیشن گوئیاں اہمیت کے قابل ہیں؟ کیا آپ نے کبھی کوشش کی ہے کہ ان کو جان سکیں کہ وہ آپ کے لئے اور آگے نسلوں کے لئے کیا معنی رکھتی ہیں؟
  • 1 سلاطین کا حوالہ پڑھ کر سوچیں کہ داود بادشاہ نے اپنے مرنے سے پہلےاپنے بیٹے سلیمان کو وصیت کی ۔ اسکی وصیت کیا اہمیت رکھتی ہے؟ آپ کی نظر میں اسکے کیا معنی ہیں؟
  • داؤد بادشاہ نے یعقوب کی طرح اپنے بیٹے سلیمان کو بھی ہدایات دیں کہ وہ اسکے مرنے کے بعد ایسا ضرور پورا کرے۔ باپ کی دی ہوئی ہدایات آپ کی اپنی زندگی میں کیا معنی رکھتی ہیں؟ کیا آپ نے کبھی اپنے باپ کی دی ہوئی ہدایات کو پورا کرنے کی کی ہے؟ کیا آپ نے کبھی اپنے آسمانی باپ کی دی ہوئی ہدایات کو اہمیت دی ہے؟
  • نئے عہد نامے میں "نئے سرے سے پیدا ہونے ”  اور  "ایمان کے آزمائے جانے ” کا ذکر ہے، آپ کے خیال میں یہ کیا ہیں؟ کیا آپ کا ایمان کبھی  آزمایا گیا ہے؟ کیا آپ کا ایمان ابھی آزمایا جا رہا ہے؟

میری دعا ہے کہ خداوند خدا آپ کو اس قابل بنائے کہ آپ وہ غیر فانی اور بے داغ اور لازوال میراث کو حاصل کر سکیں جوخداوند نے آپ کے لیے یشوعا میں رکھی ہے۔ آمین

 

Title: Forgiveness goes to those who don’t deserve it. – Audio Message 2017

موضوع: معافی انھی کو دی جاتی ہے جو اس قابل نہیں ہوتے۔ (2017 آڈیو میسج)

پرشاہ ویی-خائی” پر ۲ تبصرے

تبصرے بند ہیں۔