پرشاہ لیخ لیخا
پرشاہ : لیخ لیخا، לֶךְ–לְךָ، Lech Lecha؛
اس ہفتے کے پرشاہ کا عبرانی نام ہے "لیخ لیخا، לֶךְ-לְךָ، Lech Lecha, ” جسکا مطلب ہے "جاؤ یا پھر چھوڑ دو”۔ اسکا لفظی مطلب ہے تم جاؤ۔ہر نیا پرشاہ سبت کے دن سے شروع ہوتا ہے۔ سبت کا دن جمعہ کی شام سے ہفتے کی شام تک ہے۔ اس ہفتے آپ کلام سے ان حوالوں کو پڑھ سکتے ہیں۔
توراہ: پیدائش 12:1 سے 17:27
ہاف تاراہ: یسعیاہ 40:27 سے 41:16
بریت خداشاہ: رومیوں 4:1 سے 25
آپ ان حوالوں کو پڑھ کر ان سوالوں پر غور کریں اور سوچیں کہ خدا کا پیغام آپ کے لئے کیا ہے۔
- خدا نے ابرام کو اپنا وطن اور رشتے داروں کو چھوڑ کر اس ملک میں جانے کو کہا جہاں وہ ابرام کو لے کر جاناچاہتے تھے۔ آج کے دور میں ہر کوئی اپنے خاندان کی بھلائی کا سوچ کر مناسب علاقے میں بسنے کی سوچتا ہے؟ کیا آپ کا علاقہ وہی علاقہ ہے جسکو خدا نے آپ کے لئے چنا ہے؟ کیا خدا آج ابرام کی طرح آپ کو روحانی طور پر اپنے وطن، رشتے داروں اور باپ کے گھرانے کو چھوڑنے کا کہہ رہے ہیں؟
- خدا نے ابرام کو برکت دیتے وقت کہا تھا کہ وہ انھیں ایک بڑی قوم بنائیں گےاور انھیں برکت دیں گے اور انکا نام سرفراز کریں گے۔ جو ابرہام کو مبارک کہیں گے وہ خدا کی برکت کے باعث ٹھہریں گے اور جو ابرہا م پر لعنت کریگا خدا بھی اس پر لعنت بھیجیں گے۔ اسرائیل قوم ، ابرہام کی نسل سے ہے۔ کیا آج آپ اسرائیل کو برکت دیتے ہیں یا کہ پھر لعنت؟
- ابرام نے ملک کنعان میں جس پہاڑ پر ڈیرا ڈالا تھا وہ بیت ایل اور عی کے درمیان تھا۔ بیت ایل کا مطلب ہے "خدا کا گھر” اور عی کا مطلب ہے” ویران، تباہی یا بربادی۔” آپ کا ڈیرا کہاں ہے کیا اس سے بھی خدا کے گھر کا اور بربادی کی طرف کا فاصلہ ایک ہی ہے؟ اگر ایسا ہے تو کس طرف کو جانا پسند کریں گے؟
- ابرام کو ملک مصر جانا پڑا کیونکہ کنعان میں کال پڑا تھا۔ وہاں انھوں نے اپنی بیوی ساری کو مکمل سچ بولنے کونہیں کہا تاکہ انکی جان بچی رہے۔ ساری کو انکی خوبصورتی کی بنا پر فرعون کے گھر پہنچا دیا گیا۔ فرعون نے انکی خاطر ابرام کو دولت دی۔ آپ اپنی جان کو بچانے کے لئے کیا جھوٹ بولنے یا پھر سچ پر پردہ ڈالنے کے لئے تیار ہیں؟ کیا آپ اپنی جان بچانے کے لئے کسی دوسرے کو داؤ پر لگا رہے ہیں؟
- خدا نے ساری کو فرعون کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ دیا بلکہ اسکی بنا پر اسکے تمام گھرانے پر بڑی بڑی بلائیں نازل کیں۔ فرعون نے ابرام کو بُلا کر اس سے پوچھا کہ اس نے ایسا کیوں کیا اور پھر ساری کو ابرام کے حوالے کر کے اپنے ملک سے روانہ کر دیا۔ خدا نے سارہ کا ساتھ نہیں چھوڑا کیا وہ آپ کا ساتھ چھوڑ سکتا ہے؟
- ابرام اور لوط کے چرواہوں کے درمیان جھگڑے کی بنا پر ابرام نے لوط سے کہا کہ ہمارے درمیان جھگڑا نہ ہو تو اسکے لئے بہتر ہے کہ ہم الگ الگ ہوجائیں۔ کیا آپ کا اور آپکے خاندان کے دوسرے فرد کے بیچ میں کچھ ایسی رنجشیں ہیں جس سے غیروں کے سامنے آپ کے خدا کا نام، بدنام ہوگا؟ آپ کیا ایسا قدم اٹھا سکتے ہیں کہ آپس کی رنجشیں ختم ہوجائیں؟
- ابرام نے لوط کو اپنے لئے علاقہ چننے دیا۔ لوط نے وہ علاقہ چنا جو اسکی نظر کو بھایا تھا۔ کیا آپ اپنی خواہشات کو دوسرے کی خواہشات پر ترجیح دیتے ہیں؟ کیا آپ وہ پسند کرتے ہیں جو کہ آپ کی نظر کو بھاتا ہے یا کہ پھر آپ اپنے فیصلے خدا کے ہاتھ دیتے ہیں تاکہ وہ آپ کو وہ چیز عطا کریں جس میں آپ کے لئے برکت ہے؟
- لوط نے سدوم کا علاقہ چنا جہاں کچھ عرصے کے بعد چند بادشاہوں کی آپس کی جنگ میں لوط اور اسکا مال بھی انکی قید میں چلا گیا۔ ابرام نے ان چار بادشاہوں کا مقابلہ اکیلے اپنے 318 خادموں کے خلاف کیا اور ان پر فتح پائی وہ لوط کو انکی قید سے چھڑا لائے۔ کیا آپ اپنے خاندان کے فرد /افرادکو شیطان کے شکنجے سے چھڑانے کے لئے روحانی جنگ لڑتے ہیں؟
- ابرام نے لوٹ کے مال میں سے کچھ بھی لینا نہ پسند کیا۔ اس نے سدوم کے بادشاہ کو کہا کہ و ہ یہ نہ کہہ سکے کہ اس نے ابرام کو دولت مند بنایا ہے۔ ابرام نے خدا کو دسواں حصہ دیا۔ کیا آپ خدا کو دہ یکی دیتے ہیں؟ کیا آپ کی نظریں دوسروں پر ہیں کہ وہ آپ کو امیر بنائیں یا کہ پھر آپ کی نظریں خدا پر ہے جو کہ سب کچھ کرنے کی طاقت رکھتے ہیں؟
- پیدائش کے 15 باب میں ابرہام خدا کے کہنے پر خاص قربانی لے کر آیا۔ خدا نے ابرہام کے ساتھ یک طرفہ عہد کیا ۔ آپ اسکو پیدائش 15 باب کے مطالعہ میں میری ویب سائٹ پر پڑھ سکتے ہیں۔ اسکو پڑھ کر سوچیں کہ یہ آپ کے لیے کیا روحانی پیغام رکھتا ہے۔
- ساری اتنے عرصےسے بانجھ تھی اس نے اسکا حل اپنے طور پر ڈھونڈا۔ کیا آپ بھی ساری کی طرح خدا کا انتظار کرتے کرتے تھک گئے ہیں؟ کیا آپ بھی ساری کی طرح اپنے مسائل کا حل اپنے طور پر ڈھونڈ رہے ہیں؟
- ہاجرہ اپنی مالکن سے اس کی سختی کی بنا پر بھاگ گئی مگر خدا نے اسے واپس اپنی مالکن کے پاس جانے کو کہا۔ کیا آپ اپنے نیچے کام کرنے والوں کے ساتھ سختی سے پیش آتے ہیں؟ کیا آپ کی صورت حال ہاجرہ کی طرح ہے جو آپ کو مجبور کر رہی ہے کہ آپ اس نوکری کو چھوڑ دیں ؟ کیا خدا کی مرضی آپ کے لئے یہی ہے کہ آپ نوکری چھوڑ دیں یا پھر یہ کہ آپ اسی نوکری پر لگے رہیں؟
- ابرہام خدا کو خدایِ قادر کے طور پر پہچانتے تھے وہ جانتے تھے کہ خدا کانام یہوواہ ہے مگر انکی نظر میں یہوواہ وہ خدا ہے جو کہ انکو سب کچھ مہیا کر سکتے تھے۔ آپ خدا کو کس طرح سے جانتے ہیں؟ وہ آپ کی نظر میں کس قسم کا خدا ہے؟
- خدا نے ابرہام اور اسکی تمام نسلوں کے ساتھ ختنے کا عہد رکھا۔ خدا نے کہا جس بھی مرد کا ختنہ نہیں ہوگا وہ اپنے لوگوں میں سے کاٹ ڈالا جائے۔ کیا آپ کے دل کا ختنہ ہوا ہے؟ ابرام نے اسی وقت اپنا اور اپنے گھرانے کے تمام مردوں کا ختنہ کروایا۔ کیا آپ خدا کو حکم ماننے میں تاخیر کرتے ہیں یا پھر اسی وقت عمل کرتے ہیں؟
- یسعیاہ کا حوالہ پڑھ کر سوچیں کہ خدا نے آپ کو کب کب ہمت اور طاقت دی ہے کہ آپ اس میں قائم رہ سکیں۔ کیا وہ آپ کو ابھی بھی یہی پیغام دے رہا ہے کہ "ہراسان نہ ہو کیونکہ میں تیرا خدا ہوں میں تجھے زور بخشوں گا۔ میں یقیناً تیری مدد کرونگا اور اپنی صداقت کے دہنے ہاتھ سے تجھے سنبھال لوں گا۔” کیا آپ کو اس کے پیغام پر ابھی بھی اتنا ہی بھروسہ ہے؟
- رومیوں کے 4 باب کو پڑھ کر سوچیں کہ کیا آپ خدا کے نظر میں اسلئے راستباز ہیں کہ آپ کے اعمال اچھے ہیں یا پھر اسلئے راستباز ہیں کیونکہ آپ کا ایمان اس پر ہے؟ عبرانیوں 11:6 کے مطابق "بغیر ایمان کے خدا کو پسند آنا ناممکن ہے۔” کیا آپ کا اس پرواقعی میں ایمان ہے؟
خداوند خدا آپ کی امیدوں کو اپنے میں قائم رکھے اور جب جب آپ ہراسان ہوں وہ آپ کو زور بخشے تاکہ آپ دنیا پر غالب آ سکیں اور اسکی بادشاہت میں داخل ہو سکیں۔ آمین
موضوع: میں اپنے لئے کرنا چاہتی ہوں۔ (2017 آڈیو میسج)
Title: I want to do it for myself. (2017 Audio Message)