نیا سال

image_pdfimage_print

سالوں سال سے ہم باقی تمام قوموں کے ساتھ جنوری ,1 کو نیا سال مناتے چلے آ رہے ہیں مگرکیا آپ کو علم ہے کہ کلام کے مطابق نیا سال کب شروع ہوتا ہے؟

عبرا نی کیلنڈر قمری (چاند) اور شمسی (سورج)  گردش کو ملا کر بنتا ہے۔   بہار میں جب نیا چاند  ظاہر ہوتا ہے تو عبرانی نئے سال کی شروعات ہوتی ہے۔اس  ہلال چاند کو عبرانی میں روش خودیش ، ראשחודש، Rosh Chodesh کہتے ہیں۔ اس سے لگتا تو ایسے ہے کہ جیسے عبرانی کیلنڈر چاند کی گردش پر ہے کیونکہ دور قمر 29.5 دنوں پر مشتمل ہےلہذا عبرانی سال کے 354 دن بنتے ہیں مگر ہمارے شمسی سال کے 365 دن ہوتے  ہیں۔  عبرانی  کیلنڈر میں 11 دن کم بنتے ہیں اسی وجہ سے ہر دو سے تین سال کے بعد ایک اور مہینہ  شمار کیا جاتا ہے جسکو ادار II  کہتے ہیں۔  خدا نے یہودیوں کو اپنی عیدیں منانے کو کہا تھا (احبار 23 میں دیکھیں) ،    کچھ عیدیں بہار میں پڑتی ہیں اور کچھ عیدیں خزاں میں۔ اس طرح سے   ادار II  کا مہینہ کیلنڈر میں شمار کرنے سے بہار کی عیدیں، ہر سال بہار کے موسم میں پڑتی ہیں اور خزاں کی عیدیں خزاں کے موسم میں پڑتی ہیں۔

 عبرانی مہینوں کے نام یہ ہیں؛

1-      نیسان/ ابیب (مارچ/اپریل) (نیسان 1، نئے سال کا شروع)

2-      ایار (اپریل/مئی)

3-      سیوان (مئی/جون)

4-      تموز (جون/جولائی)

5-      آب (جولائی/اگست)

6-      الول (اگست/ستمبر)

7-      تشری (ستمبر/اکتوبر)

8-      حشوان (اکتوبر/نومبر)

9-      کیسلو (نومبر/دسمبر)

10-  طیبت (دسمبر/جنوری)

11-  سباط (جنوری/فروری)

12-  ادار (فروری/مارچ)

13-   ادار II

جب خدا عبرانیوں کو مصر کی غلامی سے آزاد کر رہا تھا تو خدا نے موسیٰ اور ہارون کو یہ حکم دیا؛

خروج 12:2

یہ مہینہ تمہارے لئے مہینوں کا شروع اور سال کا پہلا مہینہ ہو۔

اس لیے نیسان عبرانی  سال کا پہلا مہینہ ہے جب خدا نے عبرانیوں کو مصر کی غلامی سے آزاد کیا تھا مگرمسحیوں کے لیے اسی مہینے میں یسوع مسیح  (یشوعا ہامشیاخ ) کی قربانی کی وجہ سے گناہوں سے آزادی ملی۔ گو کہ ساتویں مہینے کے پہلے دن کو بہت سے یہودی کہنے کو نیا سال مناتے ہیں جسکو روش ہشاناہ، ראש השנה ,Rosh Hashanah  کہا جاتا ہے مگر درحقیقت کلام کے مطابق اسکو یوم تیروعہ/نرسنگوں کی عید کہا جاتا ہے (احبار 23:24) نہ کہ نیا سال۔