پرشاہ: قیدوشیم،  קְדֹשִׁים ،Kedoshim

image_pdfimage_print

 قیدوشیم کے معنی ہیں "پاک (جماعت)” یا "مقدس (جماعت)” کیونکہ ہمارا یہ والا پرشاہ کلام میں احبار 19:1 اور 2کی اسی آیت سے شروع ہوتا ہے جہاں خداوند نے موسیٰ سے کہا "پاک رہو کیونکہ میں جو خداوند تمہارا خدا ہوں پاک ہوں۔” یہ والا پرشاہ  عموماً  پرشاہ "آخیرے موت” کے ساتھ پڑھا جاتا ہے۔   آپ کلام میں سے ان حوالوں کو پڑھیں گے۔

توراہ –  احبار 19:1 سے 20:27

ہاف تاراہ-  عاموس 9:7 سے 15

بریت خداشاہ- متی 5:43 سے 48 کچھ فرقے 1 پطرس 1:13 سے 16 اور 1 کرنتھیوں 6:9 سے 20 پڑھتے ہیں۔

 اگر آپ شروع سے پرشاہ  کو میرے ساتھ ساتھ پڑھتے آ رہے ہیں تو شاید آپ نے اس بات پر غور کیا ہو اور اگر نہیں تو اب میرے ساتھ غور کریں کہ بنی اسرائیل کو خدا نے ملک مصر کی غلامی سے رہائی دی  اور انکے پہلوٹھوں کو موت سے بچایا ، صرف انکو جن کے گھر کےدروازے کی چوکھٹ پر  برہ کا خون لگا ہوا تھا۔ خداوند  نے ہارون اور اسکے بیٹوں کی تقدیس کے لئے انکو پانی کا بپتسمہ دیا اور تیل سے مسح کیا اور  اب وہ انہیں پاک رہنے کا کہہ رہے ہیں۔ پاک رہنے کا خداوند  نے انہیں اسی آیت میں نہیں کہا بلکہ  احبار 11:44 اور 45، احبار 20:7 اور 1پطرس 1:16 میں بھی کہا ہے۔  یشوعا (یسوع) نے بھی ہمیں گناہ کی غلامی  اور موت سے رہائی اپنے خون کے وسیلے سے  بخشی انھوں  نے ہمیں پانی اور روح کا بپتسہ دیا اور نئے عہد ناموں کے صحیفوں میں ہمیں پاک رہنے کا حکم دیا ۔ چونکہ خدا وند کل اور آج اور ابد تک یکسا ں ہے اسلئے جو کچھ یشوعا نے کیا وہ کلام یعنی پرانے عہد نامے کے مطابق کیا۔ یشوعا نے جب کہا کہ "میں توریت اور انبیا کے صحیفوں کو منسوخ کرنے نہیں بلکہ پورا کرنے آیا ہوں ” تو انکی یہی مراد تھی کہ وہ  ان پر عمل کر کے ان حکموں کو پورا کر رہے ہیں۔ یشوعا  کے شاگردوں  کے زمانے میں جو نئے نئے ایماندار تھے انکے پاس  صرف اور صرف پرانا عہد نامہ حاصل تھا اور اگر انہیں پاک رہنے کی اس تعلیم پر عمل کرنا تھا تو وہ صرف اور صرف پرانے عہد نامے کے مطابق کر سکتے تھے۔ آپ کے پاس پرانا اور نیا ، دونوں عہدنامے موجود ہیں۔ سوچیں کہ کیسے پرانے اور نئے عہد نامے کی تعلیم یکساں ہے؟ سوچیں کیا یشوعا کا پرانے عہدنامے کو پورا کرنے کا مقصد یہ تھا کہ اب ہمیں اس  پر عمک کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے؟

  • آپ توراہ کے ان دو ابواب کو پڑھ کر دیکھیں اور سوچیں کہ آپ شریعت یعنی توریت  کی کن کن باتوں کو پورا کرتے ہیں اور کن کو نہیں۔ ویسے تو مناسب لفظ عمل کرنا بنے گا کہ آپ کن کن باتوں پر عمک کر کے پورا کر رہے ہیں۔  میں نے پہلے بھی بہت دفعہ لکھا ہے کہ اگر ہم یشوعا کے پیچھے چلنے والوں میں سے ہیں تو کیا ہم پر بھی وہی کرنا لاگو نہیں ہوتا جو یشوعا نے کیا؟
  • احبار 21:26 میں ایک بار پھر سے لکھا ہے "اور تم میرے لئے پاک بنے رہنا کیونکہ میں جو خداوند ہوں پاک ہوں اور میں نے تمکو اور قوموں سے الگ کیا ہے تاکہ تم میرے ہی رہو۔” آپ خدا وند کے ہی رہیں، یہی خداوند کی خواہش ہے اور یہی ایک بڑی وجہ ہے کہ ہمیں  شریعت کے مطابق پاک رہنا ہے۔ مجھےبذات  خود شریعت کا لفظ استعمال کرنا پسند نہیں کیونکہ اردو کلام میں جہاں عام طور پر شریعت لکھا گیا ہے وہ عبرانی کلام میں لفظ ” توراہ ” ہے جسکے معنی "تعلیم یا ہدایات” ہیں۔ شریعت یا قانون اسکا لفظی مطلب ہرگز نہیں ہے ۔میں شریعت کا لفظ ان مسیحیوں کے لئے استعمال کرتی ہوں جو کہ "توراہ” سے ابھی تک آشنا نہیں۔  میں اکثر کہتی ہوں کہ ہم اپنے بچوں کی تربیت میں انہیں یہ نہیں کہتے کہ میرے قوانین یہ ہیں بلکہ انہیں کہتے ہیں کہ میرا یہ حکم  ہے۔ آپ بھی شاید جب دوسروں سے بات کرتے ہوں تو یہی کہتے ہونگے کہ میرے ماں باپ نے مجھے یہ تعلیم دی ہے۔۔ میرا نہیں خیال کہ آپ نے کبھی شریعت یا قانون کا لفظ استعمال کیا ہو۔ ہم خداوند  کے گھر میں اگر  شمار ہوتے ہیں یہ انکی تعلیم یا ہدایات ہیں جن پر ہمیں عمل کرنا ہے تاکہ اپنی تابعداری کی بنا پر ہمیں  خداوند  کی بادشاہی میں میراث مل سکے اور عاق نہ کیے جائیں۔ بے شک یشوعا کے وسیلے سے ہم پر فضل ہوا ہے مگر اسکا یہ مطلب نہیں کہ ہم ان حکموں پر عمل نہ کریں جن کے بارے میں یشوعا نے بھی تعلیم دی ہے۔   برائے مہربانی اپنے چرچ کے پادری صاحبان سے پوچھیں کہ  عبرانی کلام کے مطابق شریعت سے کیا مراد ہے اور اسکو کیا کہتے ہیں۔ اگر آپ کو ان سے جواب نہ ملے تو آپ انٹرنیٹ پر بھی اس سوال کا جواب تلاش کر سکتے ہیں ۔ آپ کو میرے کہے پر یقین کرنے سے پہلے اپنی تسلی کرنا لازم ہے۔
  • ہاف تاراہ کا حوالہ پڑھ کر سوچیں کہ آج کے دور میں اسرائیل کے علاوہ جن باقی قوموں کے نام درج ہیں وہ کونسی ہیں؟ یہ پیشن گوئی ابھی مکمل نہیں ہوئی۔ آپ کے  لئے ان تمام باتوں کا جاننا کیوں ضروری ہے؟
  • نئے عہد نامے کے حوالوں کو پڑھ کر سوچیں کہ کیسے یہ توراہ کے حکموں کو ہی بیان کر رہے ہیں؟ پھر وہی بات کہ پاک ہونے کے بارے میں احکامات کہاں درج ہیں؟ کیا آپ کو اپنی بائبل کا اتنا علم ہے کہ پاک ہونے کا نسخہ بیان کر سکیں؟

خداوند خدا آپ کو اپنی توریت کے علم میں بڑھائیں  اورآپ کو  اپنے حکموں میں سے  کسی قسم کا اضافہ کرنے یا گھٹانے سے باز رکھیں ، یشوعا کے نام میں۔ آمین

موضوع: پاک بنو (آڈیو میسج 2018)

Topic: Be Holy (Audio Message 2018)