پرشاہ تزریاہ اور میتزورا عموما اکٹھے پڑھے جاتے ہیں سوائے لیپ کیلنڈر کے سال میں۔ میں نے بیان کیا تھا کہ تزریاہ، ناپاکی، علیحدگی اور جلد کی بیماری سے متعلق ہے اور میتزورا انکی پاکیزگی اور پھر سے لوگوں میں داخلے پر ہے۔ میتزورا کے معنی ہیں "کوڑھی” مگر یہ جن دو عبرانی لفظوں سے مل کر بنا ہے "موتزی – را” اس کے معنی بنتے ہیں "وہ جو کہ بدی پھیلاتا ہے” اس پر مزید بات احبار کے مطالعے میں کرونگی۔ آپ کلام میں سے ان حوالوں کو پڑھیں گے۔
توراہ- احبار 14:1 سے 15:33
ہاف تاراہ – 2 سلاطین 7:3 سے 20
بریت خداشاہ – متی 8:1 سے 17 کچھ میسیانک متی 23:16 سے 24:2 اور اسکی 30 اور 31 آیات بھی پڑھتے ہیں۔
ان حوالوں کو پڑھ کر ان باتوں پر غور کریں؛
- جس کو کوڑھ ہے اسکو "میتزورا” پکارا گیا ہے۔ کاہن کا کام شفا دینا نہیں بلکہ صرف اس بات کا جائزہ لینا ہے کہ اب کوڑھی کا کوڑھ ختم ہوگیا ہے اور اسکا عام لوگوں کے ساتھ اٹھنا بیٹھنا ٹھیک ہے اور یہ کہ اب وہ دوسروں کو بھی ناپاک نہیں کرے گا۔پاکیزگی کے اس مرحلے میں دو پاک پرندے، مٹی کے برتن ، بہتا پانی، دیودار کی لکڑی، سرخ دھاگا (اردو بائبل میں کپڑا لکھا ہے) اور زوفے کے گچھے کی ضرورت تھی۔ ذبح کیے ہوئے پرندے کا خون اس پر سات بار چھڑک کر اسے پاک قرار دیا جانا تھا۔ جس شخص کو کوڑھ سے پاک قرار دیا جانا تھا اسکے لئے پانی کا غسل بھی لازمی تھا ۔ میں نے پرئیر واریر کے سلسلے میں بیان کیا تھا کہ یشوعا نے اپنا خون سات جگہوں پر بہایا تھا۔ آپ کے خیال میں یشوعا نے شریعت کی ان باتوں کو کیسے پورا کیا ہے؟
- کوڑھ کی بلا اگر گھر میں ہے تو گھر کو پاک کرنا بھی لازم تھا۔ لکھا ہے کہ اگر وہ بلا گھر کی دیواروں پر نظر آئے تو ان پتھروں کا نکال پھینکنا لازم تھا۔ یہودیوں کی روایت کے مطابق جب پہلی ہیکل تباہ ہوئی تو کوڑھ، جلد کی بیماری یعنی "تزارت ” پھیلنا ختم ہوگئی مگر پھر جب ہیکل کو دوبارہ سے تعمیر کیا گیا تو خدا کا جلال اس ہیکل میں پہلے والی ہیکل کی طرح موجود نہیں تھا۔روحانی شفا کی ضرورت تھی۔ میں نے پچھلے پرشاہ میں ذکر کیا تھا کہ جلد کی بیماری روحانی حالت کو بیان کرتی تھی۔ اگر گھر کو کوڑھ لگا ہے تو اسکی کیا وجہ ہے؟ کیا وہی نہیں جو کہ جسم کی بیماری کا باعث ٹھہری۔ گھریلو ظلم و ستم، لڑائی جھگڑا، حسد اور نفرت۔۔۔ آپ کا اپنے گھر کے بارے میں کیا خیال ہے؟ کیا آپ کا گھر اس کوڑھ سے پاک ہے؟
- ہاف تاراہ کے حوالے کی یہ کہانی مجھے شروع سے ہی اچھی لگتی ہے ۔ چار کوڑھی، اس کہانی کے ایک طرح سے ہیرو بن گئے۔ وہ جو کہ اپنوں سے الگ کر دئے گئے تھے اپنو ں میں پھر سے شامل ہوگئے۔ مجھے اس کہانی میں امید کی ایک کرن دکھائی دیتی ہے۔ اگر آ پ کو امید کی کرن کی ضرورت ہے تو 2 سلاطین میں دی اس کہانی کو پڑھیں۔ خدا آپ کے دشمنوں کو آپ سے سامنا کروائے بغیر بھگا سکتا ہے اور ساتھ ہی میں آپ پر سے کال یعنی کمی اور تنگی کے دن بھی ختم کرنے کی طاقت رکھتا ہے۔ اس سے دعا مانگیں کہ وہ آپ کی زندگی سے کال کو دور کرے۔
- بریت خداشاہ میں متی کے حوالے میں ایک کوڑھی کی کہانی ہے جس کو یشوعا نے شفا دی۔ وہ کوڑھی پاک صاف ہونا چاہتا تھا۔ یشوعا نے اسے چھو کر کہا میں چاہتا ہوں کہ تو پاک صاف ہو جا اور وہ فوراً کوڑھ سے پاک ہوگیا۔ وہ جو کہ سوچتے ہیں کہ یشوعا نے شریعت کو بدل دیا انکو ایک بار یہ سوچنے کی ضرورت ہے کہ اگر یشوعا شریعت کو توڑ رہے تھے تو وہ شریعت کے قوائد کے مطابق "فسح/گناہ کا برہ” نہیں تھے ۔ وہ بے عیب برہ نہ رہتے اور انکی قربانی رائیگاں جاتی۔ جب بھی بات کلام کی ہو تو خود کلام مقدس سے باتوں کی تفتیش کرنا سیکھیں سنی سنائی باتوں پر یقین نہ کریں۔ آپ کو شریعت کے قوانین کا کتنا علم ہے؟
ہم ان تمام باتوں کو احبار کی کتاب کے مطالعے میں پڑھیں گے۔
خداوند خدا مجھے اور آپ کو اپنی زبان کو خاص لگام دینا سیکھائیں تاکہ نہ تو ہم خداوند کے پاک نام کی شرمندگی کا باعث بنیں اور نہ ہی اپنوں سے علیحدہ کئے جائیں، یشوعا کے نام میں۔ آمین
موضوع: اپنی زبان کو لگام دیں۔ (آڈیو میسج 2018)
Topic: Control your tongue (Audio Message 2018)