پرشاہ:  ویے-قحیل،  וַיַּקְהֵל،VayaKahel

image_pdfimage_print

توراہ، ہاف تاراہ، بریت خداشاہ:

پرشاہ:  ویے-قحیل،  וַיַּקְהֵל،VayaKahel

کی-تیسا کے بعد کے پرشاہ کا نام "ویے-قحیل” ہے۔ مجھے اچھی طرح پتہ ہے کہ بعض عبرانی الفاظ ہمارے لئے تلفظ کرنا مشکل ہیں اور انکو یاد رکھنا اس سے زیادہ مشکل کام ہے۔ آپ کے لئے یہ تمام الفاظ نئے ہیں مگر انکو ضرور سیکھیں کیونکہ ان میں بہت سی باتوں کا گہرا معنی چھپا ہے۔  "ویے-قحیل” کا مطلب ہے "جمع کرنا”۔ کیونکہ ہمارا یہ پرشاہ اس آیت سے شروع ہوتا ہے اور موسیٰ نے بنی اسرائیل کی ساری جماعت کو جمع کرکے کہا۔۔۔۔۔ آپ کلام میں سے ان حوالوں کو پڑھیں گے۔

توراہ- خروج 35:1 سے 38:20

ہاف تاراہ- 1 سلاطین 7:13 سے 26  اور اسکی 40 سے 50 آیات

بریت خداشاہ – عبرانی 9:1 سے 10 کچھ فرقے  2 کرنتھیوں  9:6سے 11 اور 1 کرنتھیوں 3:11 سے 18

اس سبت  چونکہ شبات پاراہ پڑ رہا ہے تو  مفتیر میں آپ ان حوالوں کو پڑھ سکتے ہیں؛

توراہ:  گنتی 19:1 سے 22

ہاف تاراہ:  حزقی ایل 36:16 سے  38

ہمیشہ کی طرح ان حوالوں کو کلام سے پڑھتے ہوئے ان باتوں پر غور کریں جو کہ میں نیچے درج کرنے لگی ہوں۔

  • خدا وند نے بنی اسرائیل کی اس کوتاہی کو جو انھوں نے سونے کا بچھڑا بنا کر کی تھی معاف کرتے ہوئے مسکن  کی تعمیر کو جاری رکھنے کے لئے مزید احکامات دئے۔ ہم نے پہلے بھی اس بات کو پڑھا تھا کہ نئے عہد نامے کے مطابق ہم خدا وند کا مقِدس ہیں۔ شاید آپ سے کوئی خطا ہوئی ہو۔ خدا ہماری خطاؤں کو معاف کرنے میں سچا اور عادل ہے وہ آپ سے اپنے مقِدس کی تعمیر کا کام درمیان میں نہیں رکوا دینا چاہتے ، وہ  آپ کو مکمل طور پر اپنا مقِدس بنانے کے عمل کو پورا کرنا چاہتے ہیں۔ اپنی زندگی کو خیمہ اجتماع کے تعمیر کرنے  کے احکامات میں  ملا کر دیکھیں کہ اب خداوند آپ کو  کیا حکم دے رہے ہیں۔
  • نہ صرف روحانی طور پر بلکہ جسمانی طور پر بھی بنی اسرائیل اکٹھے (جمع) ہوئے کہ خداوند کے اس مسکن  کو قائم کر سکیں۔ آپ اپنے چرچ کے کاموں میں کتنا حصہ لیتے ہیں؟  شاید آپ کے چرچ کی بلڈنگ مکمل طور پر تعمیر ہو چکی ہوئی ہے مگر اسکی عبادت اور اسکے روزمرہ کے کاموں میں چرچ کے لوگوں کا حصہ لینا ضروری ہے۔ آپ شاید ابھی دہ یکی یا چرچ کو نذرانہ دینے کے قابل نہیں مگر آپ چرچ کے کاموں میں کس طرح سے حصہ لے سکتے ہیں کہ آپ کی وجہ سے چرچ کے خرچے کچھ کم ہو جائیں؟ اپنے چرچ کے پادری سے بات کر کے دیکھیں ہوسکتا ہے وہ آپ کی کسی طور پر کچھ مدد لیں سکیں۔ اگر چرچ میں کوئی کام نہیں ہے تو کیا آپ خدا کے لوگوں کی زندگی میں کچھ ایسا کام کر سکتے ہیں جن سے انکی کچھ مدد ہوسکے۔ شاید یہ کام کسی بیمار کی تیمارداری ہو یا پھر ایک وقت کا کھانا مہیا کرنا ہو یا پھر کسی چھوٹے موٹے کام میں مدد کرنا ہو۔ آپ کی انہی باتوں پر خداوند  آپ کو آپ کے کام کا اجر ضرور دیں گے۔کیا مرد کیا عورتیں ، خدا نے آپ کے دل پر جو بات رکھی ہے اس پر عمل کرنے کی کوشش کریں۔ اگر یہ خداوند  کی طرف سے ہے تو خداوند  خود آگے آپ کے لئے راستے کھولیں گے۔
  • خروج 35:27 سے 29 میں دیکھیں کہ بنی اسرائیل کے سرداروں کا ہدیہ کیا تھا اور عام لوگوں کا ہدیہ کیا تھا؟ آپ کی زندگی میں اسکا کیا معنی ہے؟ آپ کو   کس قسم کا ہدیہ دینا چاہیے؟
  • خروج 36:4 سے 7 کو پڑھیں ۔ کیا آپ کو لگتا ہے کہ آپ کے چرچ کی تعمیر میں کافی سے زیادہ ہے اور اب اور کچھ مہیا کرنے کی ضرورت نہیں؟ شاید آپ نے سنا ہو کہ چرچ لوگوں سے بنتا ہے۔ اگر عمارت خالی ہو تو ایسی عمارت کا کیا فائدہ جس میں خدا کی عبادت کے لئے لوگ نہیں۔ لوگوں کا اکٹھا مل کر مقِدس کی تعمیر میں حصہ لینا انکو کیا سیکھاتا ہے؟ اس میں آپ کے لئے کیا سبق ہے؟
  • میرے شوہر کے خیال میں میں بہت زیادہ  نقطہ چیں ہوں۔ انکے خیال میں میں اپنے گھر کی چیزیں ڈیکوریٹ کرنے میں اور رنگوں کے توازن کو برقرار رکھنے میں فضول وقت ضائع کرتی ہوں۔ میرا جواب ہمیشہ یہی ہوتا ہے مجھے اپنے گھر کو سنورانا ہے کہ خوبصورت لگے۔  میں جب بھی  مسکن کی تعمیر میں ان تمام حوالوں کو  پڑھتی ہوں تو ہمیشہ یہی سوچتی ہوں کہ ان تمام باتوں کا کیا مقصد ہے۔ چھوٹی سی چھوٹی چیز کی تعمیر و تیاری میں اتنی گہری تفصیل؟ کیا آپ نے کبھی اس سوال کا جواب تلاش کرنے کی کوشش کی ہے؟  آپ بھی تو خدا کا مقِدس ہیں۔ کیا وہ آپ کو ویسے ہی خوبصورت نہیں دیکھنا چاہتے؟ کیا آپ اپنے پہناوئے اور اپنے اعمال پر توجہ دیتے ہیں کہ خوبصورت نظر آئیں۔ خداوند  آپ کے اور میرے کردار کی ہر چھوٹی سی چھوٹی تفصیل پر توجہ دیتے ہیں۔ ان چھوٹی چھوٹی تفصیلوں کو نظر انداز نہ کریں۔
  • کیا آپ کو ان حوالوں میں عورتوں کا مسکن کی تعمیر میں اور خدمت میں حصہ لینے کے حوالے نظر آ رہے ہیں؟  میں بہت سے چرچ اور پادریوں کو جانتی ہوں جو کہ عورتوں کے چرچ میں بولنے کے(پادری ہونے کے) سخت خلاف ہیں اور اسکی وجہ نئے عہد نامے میں لکھے پولس رسول کے وہ حوالے ہیں جن کی تشریح وہ اپنے الفاظ میں کرتے ہیں۔  ڈگری حاصل کرنا ایک طرف اور خداوند کے حکموں کے مطابق عورتوں کا خداوند کی خدمت کرنا ۔۔۔  عورتیں کس حد تک کلیسائی کاموں میں شامل ہوسکتی ہیں ؟   کیا آپ نے کبھی خدا سے یہی سوال پوچھنے کی کوشش کی ہے کہ کلام کیا سیکھاتا ہے؟  کون صحیح ہے اور کون غلط؟ بہت سے جو مجھے جانتے ہیں وہ اس  بات کا انکار نہیں کریں گے کہ میں عورتوں کے   پادری بننے کی حامی نہیں کیونکہ وہ کام جو کہ خداوند نے مرد کو سونپے ہیں وہ مرد ہی انجام دے سکتے ہیں۔ کلمات برکات، جنازہ پڑھنا، مردوں کو بپتسمہ دینا یا پھر نکاح پڑھنا۔۔۔ یہ سب کام  عورت کے لئے نہیں ہیں۔ عورت کو کلام کی  تعلیم دینے سے نہیں روکا گیا مگر بہت سے  احکامات کو پورا کرنے کا اختیار کاہن کو  دیا گیا ہے کہ وہ یہ کام انجام دیں۔
  • ہاف تاراہ کے حوالے میں سلیمان بادشاہ کی بنائی ہوئی ہیکل کی تعمیر کا ذکر ہے۔ سونا ، چاندی اور پیتل کا  بھی اس ہیکل کی تعمیر میں استعمال ہوا ویسے ہی جیسے کہ مسکن  کی تعمیر میں۔ آپ کے نزدیک  آپ کی کیا سب سے قیمتی چیز ہے جو آپ خدا وند کی حضوری میں دے سکتے ہیں؟ کیا آپ نے کبھی خود ہدیہ میں سے  کوئی قیمتی چیز دی ہے؟ ہدیہ دیتے وقت اس بات کا خیال رکھیں کہ آپ یہ خداوند  کے لئے کر رہے ہیں۔ ایک بار پھر سے خروج 35:5 پڑھیں۔ خداوند  کے لئے آپ کا لایا ہوا ہدیہ تبھی قابل قبول ہے اگر آپ اسے خوشی سے لائیں ہیں ۔
  • بریت خداشاہ کا حوالہ پڑھیں۔ پاک ترین مقام میں کاہن سال میں ایک دفعہ داخل ہوتا تھا اور بغیر خون کے نہیں جاتا تھا۔ خون کیوں ضروری تھا۔آپ کے نزدیک یشوعا کے خون بہانے کا کیا معنی ہے؟

میری خدا سے دعا ہے کہ وہ مجھے اور آپ کو اپنے سچے مقِدس میں ڈھال سکے، یشوعا کے نام میں۔ آمین

موضوع: خداوند کا مقدس۔ (آڈیو میسج 2018)

Topic: Temple of God. (Audio Message 2018)