(پیدائش 49 باب (چوتھا حصہ
پچھلے حصے میں ہم نے یہوداہ کو دی گئی برکت کا مطالعہ کیا تھا آج ہم اس سے آگے کا مطالعہ کریں گے۔
اسرائیل یعنی یعقوب اپنے بیٹوں کو انکی عمر کے مطابق نہیں بلکہ اپنی بیویوں کے بیٹوں کی تقسیم کے مطابق برکت دے رہا تھا۔ ابھی ہم لیاہ کے بیٹوں کو دی ہوئی برکتوں کو پڑھ رہے ہیں۔ روبن، شمعون، لاوی، یہوداہ، اشکار اور زبولون یہ سب یعقوب کے بیٹے لیاہ سے تھے۔ ہم نے پہلے چار کو دی ہوئی برکت پڑھی تھی اب لیاہ کے بیٹوں، زبولون اور اشکار کی برکت کو پڑھتے ہیں۔ زبولون کو یعقوب نے پیدائش 49:13 میں ایسے برکت دی؛
زبولون سمندر کے کنارے بسیگا اور جہازوں کے لئے بندر کا کام کام دیگا۔ اور اسکی حد صیدا تک پھیلی ہوگی۔
پیدائش 30 باب میں یہوداہ کے بعد پیدا ہوئے بیٹوں کا ذکر ہے اور اسکے مطابق اشکار، زبولون سے پہلے پیدا ہوا مگر پھر بھی زبولون کو برکت پہلے دی گئی اور پھر اشکار کو۔ زبولون کے لئے کوئی بہت لمبی چوڑی برکت نہیں ہے ۔ اسکی برکت مختصر سی مگر اچھی ہے ۔ انھیں گلیل کے سمندر اور بحیرہ روم کے درمیانی علاقے میں میراث ملی جو کہ سمندر کے کنارے تو ہرگز نہیں تھا مگر ایک طرح سے بندرگاہ کا کام ضرور دیتا تھا۔ یشوع کے 19 باب میں آپ کو زبولون کے قبیلے کو ملی میراث کی تفصیل نظر آئے گی۔ انکے علاقے کے مشرق اور مغرب کی طرف سمندر تھا۔ ہمیں کلام میں زبولون کے قبیلے سے کسی بھی خاص یا عظیم شخص کا حوالہ نظر نہیں آئے گا گو کہ انکا قبیلہ داود بادشاہ کے وقت میں فوج کا سب سے بڑا حصہ تھا (1 تواریخ 12:33 )۔
یعقوب نے پیدائش 49:14 سے 15 میں اشکار کو ایسے برکت دی؛
اشکار مظبوط گدھا ہے جو دو بھیڑ سالوں کے درمیان بیٹھا ہے۔ ان نے ایک اچھی آرام گاہ اور خوش نما زمین دیکھ کر اپنا کندھا بوجھ اٹھانے کو جھکایا اور بیگار میں غلام کی طرح کام کرنے لگا۔
یشوع 19:17 سے 23 میں اشکار کے قبیلے کو ملی میراث کا ذکر ہے اگر کلام میں ہمیں زبولون کا بہت زیادہ ذکر نہیں ملتا تو اشکار کا اس سے بھی کم ذکر ہے۔ اشکار کے قبیلے کو اچھی زرخیز زمین میراث میں ملی تھی۔ مصر سے بابل تک جو شاہراہ تھی وہ انکے علاقے سے گذرتی تھی۔ اشکار دو بھیڑ سالوں کے درمیان بیٹھا مظبوط گدھا! بہت سے ملکوں نے اسکا علاقہ چھیننے کی کوشش کی ہوگی مگر محنت طلب کام نہ کرنا پڑےاسلئے اشکار نے مظبوط ہونے کے باوجود غلامی کرنا بہتر سمجھا ہوگا۔ حزقی ایل 48 باب میں مسیحا کے دور میں قبیلوں کو جو میراث ملے گی اس میں اشکار کے قبیلے کا بھی ایک حصہ ہوگا۔
یعقوب نے دان کو پیدائش 49:16 سے 18 میں ایسے برکت دی؛
دان اسرائیل کے قبیلوں میں سے ایک کی مانند اپنے لوگوں کا انصاف کریگا۔ وہ راستے کا سانپ ہے۔ وہ راہ گذر کا افعی ہے جو گھوڑے کے عقب کو ایسا ڈستا ہے کہ اسکا سوار پچھاڑ کھاکر گرپڑتا ہے۔ ائے خداوند! میں تیرے نجات کی راہ دیکھتا آیا ہوں۔
یعقوب نے لیاہ کے بیٹوں کو برکت دینے کے بعد بلہاہ جو کہ راخل کی لونڈی تھی اس سے پیدا ہوئے اپنے بیٹے دان کو برکت دی۔ حرموں سے پیدا ہوئی اولاد کو اصل بیٹوں سے کم درجہ دیا جاتا تھا مگر ہمیں کلام میں کوئی ایسا حوالہ نظر نہیں آتا جس میں ہم نے پڑھا ہو کہ یعقوب نے بلہاہ اور زلفہ سے پیدا ہوئے اپنے چار بیٹوں کے ساتھ کسی قسم کی ناانصافی کی ہو۔ برکت دیتے ہوئے بھی وہ انکا بھلا چاہتا تھا ۔ دان کو اس نے اسرائیل کے قبیلوں کا قاضی ہونے کی برکت دی۔ آپ نے سمسون کی کہانی تو کلام میں سے پڑھی ہی ہوگی۔ وہ دان کے قبیلے کا تھا۔ 12 قاضیوں میں سے ایک قاضی۔ دان کے قبیلے کو میراث میں فلستیوں کی حدود سے جڑا علاقہ ملا تھا۔ دان راستے کا سانپ کیونکر بن گیا ۔ اسرائیل کے باقی قبیلوں نے بھی بت پرست اپنائی تھی مگردان ہی نے ان کو اس راہ پر لگایا تھا (قضاۃ 18)بعد میں وہ بت پرست بن گئے (عاموس 8:14)۔ اس کے قبیلے کا نام پرانے عہد نامے میں 1 تواریخ 2 باب میں درج ہے مگر اس کے بعد ہمیں اسکا اور کہیں کچھ حوالہ نہیں ملتا کہ انھوں نے کیا کیا ۔ ویسے تو حزقی ایل 48 باب میں اس کا بھی ایک حصہ ہے اور اسکا نام سب قبیلوں کے نام سے پہلے درج ہے گو کہ مکاشفہ 7 باب میں اسکا نام نہیں دیا گیا۔ یعقوب نے دان کے لئے خداوند کی نجات کی راہ دعا مانگی یا پھر شاید دان کا سوچ کر سب کے لئے خداوند کی نجات کا ذکر کیا۔ اگر آپ نے میرا "یشوعا” کے نام پر لکھا ہوا آرٹیکل پڑھا ہے تو شاید آپ کو معلوم ہو کہ نجات کو عبرانی میں یشوعا کہتے ہیں۔ یعقوب نے اپنے بیٹے یا بیٹوں کے لئے یشوعا کی دہائی دی جسکے بارے میں اس وقت تو اسکو پتہ بھی نہیں ہوگا کہ اس نے کیا کہا ہے اور کیسے دان کی نسل مستقبل میں خدا کی نجات حاصل کریگی مگر یعقوب نے اپنی آس خدا پر لگائی۔ یہودی ربیوں کی نظر میں بھی یہ جملہ مسیحا کو ہی ظاہر کرتا ہے۔
یعقوب نے اسکو راستے کا سانپ پکارا اور راہ گذار کا افعی۔ جس قسم کا سانپ اسکو پکارا گیا ہے وہ ریت کے رنگ کا سانپ ہے جو ریت کے زروں میں اس طرح سے ہوتا ہے کہ پتہ بھی نہیں چلتا کہ موجود ہے اور اگر کسی کو وہ ڈس لے تو اسکا بچنا مشکل ہوتا ہے۔
پیدائش 49:19 میں یعقوب نے جد کو ایسے برکت دی؛
جد پر ایک فوج حملہ کریگی پر وہ اسکے سنبالہ پر چھاپا مارے گا۔
جد کے نام کا مطلب ہے "زہے قسمت”۔ جد ، لیاہ کی لونڈی زلفہ کا بیٹا تھا۔ یہودی دانشوروں کے مطابق یہ پیشن گوئی ابھی بھی پوری نہیں ہوئی ہے گو کہ داؤد بادشاہ کے دور میں جد کے قبیلے کے اعلیٰ سپاہی جنگ کا حصہ رہے تھے اور دان کے قبیلے کی طرح اکثر ہی جنگ کا شکار تھے۔ جد نے وعدے کی سر زمین سے باہر کے علاقے میں بسنا پسند کیا تھا (گنتی 32)۔
آشر کو یعقو ب نے پیدائش 49:20 میں ایسے برکت دی تھی؛
آشر نفیس اناج پیدا کیا کریگا۔ اور بادشاہوں کے لائق لذیذ اشیا مہیا کریگا۔
آشر بھی لیاہ کی لونڈی زلفہ کا بیٹا تھا اور اسکے نام کے معنی خوش قسمت ہے۔ آشر کو کنعان کی سرزمین کا زرخیز ترین حصہ ملا تھا (یشوع 19:24 سے 31) جہاں کاگیہوں کا اناج اور زیتون مشہور تھا۔
یعقوب نے نفتالی کے قبیلے کو پیدائش 49:21 میں ایسے برکت دی؛
نفتالی ایسا ہے جیسے چھوٹی ہوئی ہرنی۔ وہ میٹھی میٹھی باتیں کرتا ہے۔
نفتالی ، راخل کی لونڈی بلہاہ کا بیٹا تھا۔ چونکہ نفتالی کے قبیلے کا بھی کچھ خاص علم نہیں ہے اسلئے یہودی دانشوروں کی نظر میں یہ واضع نہیں کہ یعقوب کا اسکو چھوٹی ہوئی ہرنی کہنے سے کیا مراد تھی۔ تیز، سبک پا یا ماہر جنگجو سپاہی! آپ خود بھی 2 سموئیل 2:18، 1 تورایخ 12:8، زبور 18:33 اور حبقوق 3:19 کی آیات پڑھ کر خود بھی غور کرسکتے ہیں۔ زبولون اور نفتالی کے قبیلے سے متعلق یسعیاہ نبی کی معرفت کہا گیا یشوعا کے زمانے میں پورا ہوا (متی 4:12 سے 16)۔
باقی دو قبیلوں یعنی راخل کے بیٹوں کو دی گئی برکت ہم اگلے حصے میں پڑھیں گے۔ آپ حزقی ایل 48 باب کو بھی پورا پڑھیں کیونکہ یہ مسیحا کی دوسری آمد پر قبیلوں کے حصے کا بتاتا ہے۔
خداوند خدا آپ کو برکت دے۔ آمین