توریت کی طرف لوٹنے اور توریت پر عمل کرنے کی دعا

یہ دعا میں نے اپنے لیے کچھ سال پہلے لکھی تھی کہ میں توریت کے مطابق اپنی زندگی گزاروں۔ اس دعا میں کم الفاظ میرے اپنے ہیں اور زیادہ کلام کے ہیں۔ آپ کلام سے ان حوالوں کو خود بھی دیکھ سکتے ہیں۔

توریت کی طرف لوٹنے اور عمل کرنے کی دعا:

 

آسمانی باپ تو نے موسٰی کو پکارا اور کہا "۔۔۔ پہاڑ پر میرے پاس آ اور وہیں ٹھرا رہ اور میں تجھے پتھر کی لوحیں اور توریت اور احکام و میں نے لکھے ہیں دونگا تاکہ تو انکو سکھائے”(خروج 24:12) "یہ وہ توریت ہے جو موسٰی نے بنی اسرائیل کے آگے پیش کی۔”(استثنا 4:44) غیب کا مالک تو خداوند ہمارا ہمارا خدا ہی ہے پر جو باتیں ظاہر کی گئی ہیں وہ ہمیشہ تک ہمارے اور ہماری اولاد کے لئے ہیں تاکہ ہم اس توریت کی سب باتوں پر عمل کریں۔” (استثنا 29:29) آسمانی باپ تو نے اسرائیل کے بادشاہوں کو حکم دیا، تو نے کہا "اور جب وہ تخت سلطنت پت جلوس کرے تو اس شریعت کی جو لاوی کاہنوں کے پاس رہیگی ایک نقل اپنے لئے ایک کتاب میں اتار لے۔ اور وہ اسے اپنے پاس رکھے اور اپنی ساری عمر اسکو پڑھا کرے تاکہ وہ خداوند اپنے خدا کا خوف ماننا اور اس شریعت اور آئین کی سب باتوں پر عمل کرنا سیکھے۔”(استثنا 17:18-19) تو نے ہمیں اپنا بیٹا اور اپنی بیٹیاں پکارا ہے اور تو نے توریت کی نافرمانبرداری پر لعنتیں نازل کی ہیں کہ ہم پر وہ لعنتیں آ پڑیں اگر ہم توریت کی فرمانبرداری نہ کریں۔ تو نے کہا "اگر تو اس شریعت کی ان سب باتوں پر جو اس کتاب میں لکھی ہیں احتیاط رکھ کر اس طرح عمل نہ کرےکہ تجھ کو خداوند اپنے خدا کے جلالی اور مہیب نام کا خوف ہو۔ تو خداوند تجھ پر عجیب آفتیں اور تیری اولاد کی آفتوں کو بڑھا کر بڑی اور دیرپا آفتیں اور سخت اور دیرپا بیماریاں کر دے گا۔” (استثنا 28:58-59) اور تو نے برکتیں دیں توریت پر عمل کرنے پر۔ تو نے حکم دیا کہ تیری باتوں پر عمل کریں اور احتیاط سے انھیں اپنے بچوں کو بھی سکھائیں۔ آسمانی باپ میں اقرار کرتی ہوں جیسے تو نے کہا "میرے لوگ عدم معرفت سے ہلاک ہوئے۔ چونکہ تو نے معرفت کو رد کیا اسلیے میں بھی تجھ کو رد کرونگا تاکہ تو میرے حضور کاہن نہ ہو اور چونکہ تو اپنے خدا کی شریعت کو بھول گیا ہے اسلئے میں بھی تیری اولاد کو بھول جاوں گا۔”( یوسیع 4:6)  ہم تباہ ہو گئے ہیں کیونکہ ہم نے تیرے علم/شریعت کو بھولا دیا اور اسے رد کیا ہے۔ میں مانتی ہوں کہ "۔۔۔۔ہم نے تیرے عہد سے تجاوز کیا اور تیری شریعت کے خلاف چلے۔”(ہوسیع 8:1)  ہم نے اسکو اجنبی خیال کیا (ہوسیع 8:12) تو نے یشوع 1:7-8 میں حکم دیا "تو فقط مضبوط اور نہایت دلیر ہوجا کہ احتیاط رکھ کر اس ساری شریعت پر عمل کرے جسکا حکم میرے بندہ موسٰی نے تجھ کو دیا ہے۔ اس نے نہ تو دہنے ہاتھ مڑنا نہ بائیں تاکہ جہاں کہیں تو جائے تجھے خوب کامیابی حاصل ہو۔ شریعت کی یہ کتاب تیرے منہ سے نہ ہٹے بلکہ تجھے دن اور رات اس کا دھیان ہوتاکہ جو کچھ اس میں لکھا ہے اس سب کو تو احتیاط کر کے عمل کر سکے کیونکہ تب ہی تجھے اقبالمندی کی راہ نصیب ہو گی اور تو خوب کامیاب ہوگا۔” آسمانی باپ میں اقرار کرتی ہوں کہ جب سے ہم نے تیری توریت سے ہٹے ہیں ہم کامیاب نہیں ہو پا رہے ان سب میں جو ہم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ تیرا کلام سچ ہے جو کہتا ہے "کیونکہ یہ باغی لوگ اور جھوٹے فرزند ہیں جو خداوند کی شریعت کو سننے سے انکار کرتے ہیں۔” (یسعیاہ 30:9) تو نے کہا "پس میں نے تمکو سب لوگوں کی نظر میں ذلیل اور حقیر کیا کیوںکہ تم میری راہوں پر قائم نہ رہے بلکہ تم نے شرعی معاملات میں روداری کی۔” (ملاکی 2:9) ہاں تمام بنی اسرائیل نے تیری شریعت کو توڑا اور برگشتگی اختیار کی تاکہ تیری آواز کے شنوا نہ ہوں۔ اسلئے وہ لعنت اور قسم  جو خدا کے خادم موسٰی کی توریت میں مرقوم ہیں ہم پر پوری ہوئیں کیونکہ ہم اسکے گنہگار ہوئے۔” (دانی ایل 9:11) "اور ہمارے بادشاہوں اور سرداروں اور ہمارے  کاہنوں اور باپ دادا نے نہ تو تیری شریعت پر عمل کیا اور نہ تیرے احکام اور شہادتوں کو مانا جن سے تو انکے خلاف گواہی دیتا رہا۔”(نحمیاہ 9:34) "جیسا موسیٰ کی توریت میں مرقوم ہے یہ تمام مصیبت ہم پر آئی تو بھی ہم نے خدا سے التجا نہ کی کہ ہم اپنی بدکرداری سے باز آتے اور تیری سچائی کو پہچانتے۔”(دانی ایل 9:13) مجھے پتہ ہے آسمانی باپ "جو کان پھیر لیتا ہے کہ شریعت کو نہ سنے اسکی دعا بھی نفرت انگیز ہے۔” (امثال 28:9)۔ "کیونکہ جس نے ساری شریعت پر عمل کیا اور ایک ہی بات میں خطا کی وہ سب باتوں میں قصور وار ٹھہرا۔” (یعقوب 2:10) "جو کوئی گناہ کرتا ہے وہ شرع کی مخالفت کرتا ہے اور گناہ شرع کی مخالفت ہی ہے۔” (1 یوحنا 3:4) "کیونکہ شریعت کے سننے والے خدا کے نزدیک راستباز نہیں ہوتے بلکہ شریعت پر عمل کرنے والے راستباز ٹھہرائے جائینگے۔” (رومیوں 2:13)

تو نے اپنی عظیم محبت میں اپنے بیٹے کو ہمارے واسطے بھیجا۔ اس نے صاف کہا "یہ نہ سمجھو کہ میں توریت یا نبیوں کی کتابوں کو منسوخ کرنے آیا ہوں۔ منسوخ کرنے نہیں بلکہ پورا کرنے آیا ہوں۔ کیونکہ میں تم سے سچ کہتا ہوں کہ جب تک آسمان اور زمین ٹل نہ جائیں ایک نقطہ یا شوشہ توریت سے ہرگز نہ ٹلےگا جب تک سب کچھ پورا نہ ہو جائے۔” (متی 5:17 اور 18) پس کیا ہم شریعت کو ایمان سے باطل کرتے ہیں؟ ہرگز نہیں بلکہ شریعت کو قائم رکھتے ہیں۔” (رومیوں 3:31) یشوعا نے کہا "کیونکہ میں تم سے کہتا ہوں کہ اگر تمہاری راستبازی فقہیوں اور فریسیوں کی راستبازی سے زیادہ نہ ہوگی تو تم آسمان کی بادشاہی میں ہرگز داخل نہ ہوگے۔” (متی 5:20) اسلئے میں عاجزی سے کہتی ہوں "میری آنکھیں کھول دے تاکہ میں تیری شریعت کے عجائب دیکھوں۔” (زبور 119:18) ائے خداوند میں تیری نجات کو مشتاق رہا ہوں اور تیری شریعت میری خوشنودی ہے۔” (زبور 119:174) جھوٹ کی راہ مجھ سے دور رکھ اور مجھے اپنی شریعت عنایت فرما۔ (زبور 119:29) تیری رحمت مجھے نصیب ہو تاکہ میں زندہ رہوں کیونکہ تیری شریعت میری خوشنودی ہے (زبور 119:77) پس میں ابد الآباد تیری شریعت کو مانتا رہونگا (زبور 119:44) مجھے فہم عطا کر اور میں تیری شریعت پر چلونگا بلکہ میں پورے دل سے اسکو مانونگا۔ (زبور 119:34) تیری شریعت سے محبت رکھنے والے مطمئن ہیں انکے لیے ٹھوکر کھانے کا کوئی موقع نہیں۔ (زبور 119:165) خداوند کے قوانین راست ہیں۔ وہ دل کو فرحت پہنچاتے ہیں۔ (زبور 19:8) مبارک ہیں وہ جو کامل رفتار ہیں۔ جو خداوند کی شریعت پر عمل کرتے ہیں۔ (زبور 119:1) ائے خداوند مبارک ہے وہ آدمی جسے تو تنبیہ کرتا اور اپنی شریعت کی تعلیم دیتا ہے۔ (زبور 94:12) ائے میرے خدا! میری خوشی تیری مرضی پوری کرنے میں ہے بلکہ تیری شریعت میرے دل میں ہے۔ (زبور 40:8) تیرے منہ کی شریعت میرے لیے سونے چاندی کے ہزاروں سکوں سے بہتر ہے۔ (زبور 119:72) آہ! میں تیری شریعت سے کیسی محبت رکھتا ہوں۔ مجھے دن بھر اسی کا دھیان رہتا ہے۔ (زبور 119:97) ائے خداوند! رات کو میں نے تیرا نام یاد کیا ہے اور تیری شریعت پر عمل کیا ہے۔ (زبور 119:55) تیرے پیارے بیٹے یشوعا کے نام میں۔ آمین، آمین اور آمین۔