دنیا کی تخلیق سے پہلے موجود چھ چیزیں

” دنیا کی تخلیق سے پہلے موجود چھ چیزیں "

یہودی روایات کی روشنی میں

"ابتدا میں خدا نے تخلیق کیا…”
” IN THE BEGINNING GOD CREATED "
یہودی مذہبی روایات اور ربیوں کی تعلیمات میں دنیا کی تخلیق سے پہلے چھ ایسی چیزوں کا ذکر ملتا ہے جن کا وجود تخلیقِ کائنات سے پہلے زیرِ بحث آتا ہے۔ ان میں سے بعض کو خداوند نے حقیقتاً تخلیق کیا، جبکہ بعض کے بارے میں یہ تصور کیا گیا کہ وہ مستقبل میں وجود میں آئیں گی، یعنی خداوند نے ان کی تخلیق کا ارادہ پہلے ہی کر لیا تھا، اگرچہ انہیں عملی طور پر بعد میں وجود بخشا گیا۔
ان چھ چیزوں میں سے دو کو حقیقتاً تخلیق کیا گیا تھا: تورات اور جلال کا تخت۔ جبکہ باقی چار چیزیں ایسی تھیں جن کی تخلیق کا تصور خداوند نے پہلے ہی کر لیا تھا۔ ان میں بزرگ ہستیوں (آباؤ اجداد)، بنی اسرائیل، ہیکلِ مقدسہ اور مسیحا بادشاہ کا نام شامل ہیں۔
آئیے، ان چھ چیزوں کا ذکر اور ان کے بائبلی حوالہ جات کا مطالعہ کرتے ہیں۔
1۔ تورات (תורה) Torah
روایت کے مطابق، تورات ان چیزوں میں شامل ہے جنہیں خداوند نے دنیا کی تخلیق سے پہلے وجود بخشا۔ اس تصور کی تائید امثال کی کتاب میں ملتی ہے، جہاں حکمت کو ایک ایسی ہستی کے طور پر بیان کیا گیا ہے جو تخلیقِ کائنات سے پہلے موجود تھی۔
حوالہ: امثال 8: 22
"خداوند نے مجھے اپنی راہ کے آغاز میں بنایا، اپنے قدیم کاموں سے پہلے۔”
یہ حوالہ تورات کے ازلی تصور اور تخلیقِ کائنات سے پہلے اس کی موجودگی کے ربیوں کے استدلال میں پیش کیا جاتا ہے۔
2۔ جلال کا تخت (כיסא הכבוד)
دوسری چیز جسے دنیا کی تخلیق سے پہلے حقیقتاً وجود دیا گیا، وہ جلال کا تخت ہے۔ یہ خداوند کی عظمت، حاکمیت اور ابدی بادشاہی کی علامت سمجھا جاتا ہے۔
اس کے ثبوت میں زبور کی کتاب کا حوالہ پیش کیا جاتا ہے:
حوالہ: زبور 93: 2
"تیرا تخت قدیم سے قائم ہے، تو ازل سے ہے۔”
یہ آیت خداوند کی ابدی بادشاہی اور اس کے جلال کے تخت کی قدامت کو بیان کرتی ہے۔
3۔ بزرگ ہستیاں (آباؤ اجداد)
روایت کے مطابق، خداوند نے دنیا کی تخلیق سے پہلے ہی ان بزرگ ہستیوں کا تصور کر لیا تھا جن کے ذریعے بعد میں بنی اسرائیل کی تاریخ اور عہد کی بنیاد قائم ہوئی۔
اس کے ثبوت میں ہوسیع نبی کی کتاب کا حوالہ دیا جاتا ہے:

حوالہ: ہوسیع 9: 10

"میں نے اسرائیل کو بیابان میں انگوروں کی مانند پایا، تمہارے باپ دادا کو انجیر کے درخت پر پہلے پھل کی مانند دیکھا۔”
اس حوالے کو یہودی روایت میں آباؤ اجداد کے انتخاب اور ان کے مقام کے تناظر میں پیش کیا جاتا ہے۔
4۔ بنی اسرائیل
بنی اسرائیل بھی ان چیزوں میں شامل ہیں جن کی تخلیق کا تصور خداوند نے دنیا کی تخلیق سے پہلے کر لیا تھا۔ اس سے مراد یہ ہے کہ بنی اسرائیل کی قوم اور اس کے ساتھ خداوند کے عہد کا منصوبہ تخلیقِ کائنات سے پہلے ہی اس کے ارادے میں موجود تھا۔
اس کے ثبوت میں زبور کی کتاب کی یہ آیت پیش کی جاتی ہے:
حوالہ: زبور 74: 2
"اپنی اس جماعت کو یاد کر جسے تو نے قدیم زمانے سے حاصل کیا۔”
یہ آیت بنی اسرائیل کے انتخاب اور خداوند کے ساتھ ان کے خصوصی عہد کی طرف اشارہ کرتی ہے۔
5۔ ہیکلِ مقدس (בית המקדש) بیت ہامقداش
پانچویں چیز ہیکلِ مقدسہ ہے، جسے یہودی روایت میں خداوند کی عبادت اور اس کی حضوری سے منسوب ایک خاص مقام حاصل ہے۔ روایت کے مطابق، ہیکل کی تخلیق کا تصور بھی خداوند نے دنیا کی تخلیق سے پہلے ہی کر لیا تھا، اگرچہ اس کی تعمیر بعد میں عمل میں آئی۔
اس کے ثبوت میں یرمیاہ نبی کی کتاب کا حوالہ پیش کیا جاتا ہے:
حوالہ: یرمیاہ 17: 12
"جلال کا تخت، جو ابتدا ہی سے بلند و بالا ہے، ہمارے مقدس مقام کی جگہ ہے۔”
یہ آیت ہیکلِ مقدس اور خداوند کے جلال کے تخت کے درمیان ایک روحانی تعلق کو ظاہر کرتی ہے۔
6۔ مسیحا بادشاہ کا نام (משיח)
چھٹی چیز مسیحا بادشاہ کا نام ہے۔ یہودی روایات کے مطابق، مسیحا کی آمد اور اس کے نام کا تصور بھی دنیا کی تخلیق سے پہلے خداوند کے ارادے میں موجود تھا۔
اس کے ثبوت میں زبور کی کتاب کی یہ آیت پیش کی جاتی ہے:
حوالہ: زبور 72: 17
"اس کا نام ہمیشہ قائم رہے۔ سورج کی تخلیق سے پہلے ہی اس کے نام کی تعریف و توصیف کی جاتی ہے۔”
اس حوالے کو یہودی روایت میں مسیحا بادشاہ کے نام کی ازلیت اور اس کے مقام کے بیان کے طور پر سمجھا جاتا ہے۔
توبہ: ایک ساتویں چیز؟ (تشوعا)
بَریشیت رَبّاہ 1:4 کے مطابق چھ چیزیں بیان ہوئی ہیں، پھر ربی آحاوا بن ربی زعیرا نے توبہ کو ساتویں چیز کے طور پر شامل کیا۔
بابلی تلمود کے مطابق ساتویں چیز توبہ
(תשובה – Teshuvah)  ہے۔
تاہم جہنم (גיהנם – Gehinnom) بھی ہے۔
پیساخیم 54a میں سات چیزوں کی فہرست میں جنت اور جہنم دونوں شامل ہیں، جبکہ آباؤ اجداد اور بنی اسرائیل الگ فہرست کا حصہ نہیں ہیں بلکہ ایک ساتھ آتے ہیں ۔
ان چھ چیزوں کے ذکر کے بعد ایک اور اہم روایت سامنے آتی ہے۔ ربی آہاوا بن ربی زعیرا (Rabbi Ahava bar Rabbi Zeira) کے مطابق، توبہ بھی ان چیزوں میں شامل ہے جن کا تصور خداوند نے دنیا کی تخلیق سے پہلے کر لیا تھا۔
اس روایت کی بنیاد زبور 90 کی آیات 2 اور 3 پر رکھی جاتی ہے:
حوالہ: زبور 90: 2-3
آیت 2:
"اس سے پیشتر کہ پہاڑ پیدا ہوئے، یا تو نے زمین اور دنیا کو بنایا، ازل سے ابد تک تو ہی خدا ہے۔”
آیت 3:
"تو انسان کو خاک میں ملا دیتا ہے اور فرماتا ہے: اے بنی آدم، لوٹ آؤ۔”
یہاں لفظ "لوٹ آؤ” کو توبہ اور خداوند کی طرف رجوع کرنے کے مفہوم میں لیا گیا ہے۔ اس تشریح کے مطابق، چونکہ انسان کی خطا اور اس کے بعد خداوند کی طرف واپسی کا امکان بھی تخلیقِ کائنات سے پہلے ہی خداوند کے علم اور ارادے میں موجود تھا، اس لیے توبہ کو بھی ان ازلی تصورات میں شمار کیا جاتا ہے۔
اختتامیہ
یہودی علامہ اکرام کی روایات میں دنیا کی تخلیق سے پہلے موجود ان چیزوں کا ذکر محض ایک فہرست نہیں، بلکہ تخلیق، حکمت، عہد، عبادت، مسیحائی امید اور توبہ جیسے بنیادی تصورات کو سمجھنے کا ایک اہم ذریعہ ہے۔
اس روایت کے ذریعے یہ تصور سامنے آتا ہے کہ کائنات کی تخلیق سے پہلے ہی خداوند کے ارادے میں تورات، خدا کا جلال، بنی اسرائیل کا انتخاب، ہیکلِ مقدسہ ، مسیحا کی آمد اور انسان کے لیے توبہ و رجوع کا راستہ موجود تھا۔
یہ روایت ہمیں ایک بنیادی سوال پر غور کرنے کی دعوت دیتی ہے: کیا تخلیقِ کائنات محض مادی وجود کی ابتدا تھی، یا اس سے پہلے ہی خداوند کے ارادے میں ایک مکمل روحانی منصوبہ موجود تھا؟
شالوم