پرشاہ: فینخاس، פִּינְחָס، Pinchas

بلق کے بعد کے پرشاہ کا نام "فینحاس” ہے جسکے معنی ہیں "گہرے رنگ کا”۔ آپ کلام میں سے ان حوالوں کو پڑھیں گے۔ میں روحانی خوراک کے لئے کچھ باتیں نیچے درج کرنے لگی ہوں۔ کلام میں سے ان حوالوں کو پڑھتے ہوئے میری ان باتوں کو دعا میں رکھ کر خداوند کی راہنمائی حاصل کریں۔

توراہ- گنتی 25:10 سے 30:1

ہاف تاراہ-  1 سلاطین  18:46 سے 19:21 چونکہ پرشاہ فینخاس 17 تموز کے بعد پڑ رہا ہے اسلئے یرمیاہ 1:1 سے 2:3 تک پڑھا جائے گا۔

بریت خداشاہ-  مکاشفہ 19:11 سے 21 کچھ میسیانک یہودی رومیوں 11:2 سے 32 آیات پڑھتے ہیں۔

  • فینحاس کو  الیعزر بن ہارون کاہن کا بیٹا بتایا گیا ہے۔کہانت ہارون اور اسکے بیٹوں کو مسح کرتے وقت دی گئی تھی۔ فینحاس خداوند کا کاہن تھا۔ جب اس نے زمری کو  اور ساتھ میں مدیانی عورت کو قتل کیا تو تب خدا نے اس کے ساتھ دائمی عہد باندھا (گنتی 25:13)۔ فینحاس نے اپنا کام بخوبی نبھایا کیونکہ  فینحاس کو خداوند کے نام کی غیرت تھی ۔ اپنی روح میں جھانک کر دیکھیں اور سوچیں کہ  آپ میں خداوند کے نام کی کتنی غیرت ہے؟ آپ اسکی خاطر کس حد تک قدم اٹھانے کو تیار ہیں؟
  • گنتی 26 باب کو پڑھیں۔ کیا آپ کو یاد ہے کہ خداوند نے کیوں بنی اسرائیل کے قبیلے میں سے لاویوں کے قبیلوں کو کوئی میراث کیوں نہیں دی تھی؟
  • گنتی 27 باب میں صلافحادکی پانچ بیٹیوں نے موسیٰ نبی سے کہا کہ انکے باپ کا کوئی بیٹا نہیں تھا پر اس سبب سے کیوں انکے باپ کا نام گھرانے سے مٹے۔ وہ میراث چاہتی تھیں۔  موسیٰ نبی   نے خود سے فیصلہ نہیں لیا بلکہ انھوں نے خداوند کی راہنمائی چاہی۔ خداوند  نے وراثت کے بارے میں پہلے سے ہی قوانین بتا دئے ہوئے تھے مگر یہ صورت حال نئی تھی ۔ قیادت کرنا اور صحیح فیصلہ کرنا کوئی آسان کام نہیں ہے اگر انسان عقلمندی سے کام نہ لے تو بہت بڑا نقصان ہو سکتا ہے۔ آپ کے لئے خداوند کی راہنمائی حاصل کرنا کتنا ضروری ہے؟ اگر آپ لیڈر ہیں تو کیا آپ  حق اور سچائی سے قیادت کرنا چاہتے ہیں یا کہ پھر طاقت سے؟ کونسا راستہ اختیار کرنا مناسب ہے؟
  • خداوند نے موسیٰ نبی کو، یشوع  کو  راہبر بنانے کو کہا کیونکہ موسیٰ نبی  کا  وقت قریب آگیا تھا جب انھیں  اپنے لوگوں میں جا ملنا تھا۔ گو کہ ہم  گنتی کی کتاب میں موسیٰ نبی کی وفات کا نہیں پڑھتے بلکہ استثنا میں پڑھتے ہیں۔ انکی وفات سے پہلے ہی خداوند نے انھیں اپنی جگہ راہبر  مقرر کرنے کو کہا گو کہ یشوع نے راہبری کا کام موسیٰ نبی کی وفات کے بعد شروع کیا۔ آپ کے خیال میں خداوند نے یشوع کو کیوں چنا تھا؟ خروج 33:11 کو پڑھ کر سوچیں کہ کیا آپ میں یشوع جتنی خدا کے لئے محبت ہے؟
  • احبار 23 میں خداوند کی عیدوں کا ذکر ہے اور فینحاس کے پرشاہ میں بھی ہم خداوند کی تمام عیدوں کے بارے میں ایک بار پھر سے پڑھتے ہیں۔ آپ کے خیال میں دائمی کے کیا معنی ہیں؟ کیا یہ عیدیں صرف بنی اسرائیل  کی ہیں؟ کیوں اور کیوں نہیں؟
  • ہاف تاراہ کا حوالہ پڑھیں۔ اس میں ایلیاہ سے جس طرح سے خداوند نے بات کی وہ ہمیشہ سے میرے دل کو تسلی دیتا ہے۔ سچا نبی خداوند کی آواز کو پہچانتا ہے۔ موسیٰ نبی نے یشوع کواپنی جگہ بنی اسرائیل کا  راہبر بنایا اور ایلیاہ نبی  نے اپنے بعد  الیشع کو نبی مخصوص کیا۔ الیشع نبی  نے ایلیاہ  نبی کے پیچھے آنے سے پہلے اپنے بیلوں کی قربانی چڑھائی،  وہی بیل  جن سے وہ ہل چلاتے تھے۔ انھوں  نے اپنے ماضی کو خداوند  کی راہ میں قربان کر دیا۔ انھوں نے یہ نہیں سوچا کہ یہ بیل نہ رہے تو وہ کیسے کھائیں پیئں  گے۔ انھوں  نے اپنے گھر والوں کو خداحافظ کہا اور ایلیاہ نبی  کے پیچھے ہو لیا۔  خداوند نے آپ کو کس کام کے لئے چنا ہے ؟ کیا آپ خداوند کے لئے اپنی نوکری  قربان کر سکتے ہیں اور اپنے گھر والوں کو خدا حافظ کر سکتے ہیں؟
  • یرمیاہ نبی بھی خداوند کے کاہن تھے۔ خداوند نے انکو کس طرح سے استعمال کیا؟ کیا آپ کو یرمیاہ نبی کی ان پیشن گوئیوں کے بارے میں علم ہے کہ کیا پورا ہوگیا ہے اور کیا پورا ہونا ہے؟
  • بریت خداشاہ کا حوالہ پڑھیں اور سوچیں کہ آپ کیسے خدا وند کے چنے ہوئے راہبر/نبی کی پہچان کر سکتے ہیں؟ جھوٹے نبی کی اگر آپ کو پہچان کرنا نہیں آتی تو آپ انکے ساتھ ساتھ اپنی بھی جان گنوا دیں گے۔

میری خداوند  سے دعا ہے کہ ہم    ان جھوٹے نبیوں کے پیچھے نہ چلیں جو اپنے ساتھ ساتھ ہمیں بھی جہنم کی آگ میں پھینکوا ڈالیں گے  بلکہ  اپنے خداوند کی قیادت میں اپنی زندگی کے تمام فیصلے کر سکیں،  یشوعا کے نام میں، آمین۔

موضوع: غیرت/جوش (آڈیو میسج 2018)

(Topic: Zealous (Audio Message 2018