پرشاہ- پیکودے، פְקוּדֵי، Pekudei
توراہ، ہاف تاراہ اور بریت خداشاہ:
پرشاہ– پیکودے، פְקוּדֵי، Pekudei
پرشاہ ویےقاحیل کے ساتھ پرشاہ پیکودے ان سالوں میں اکٹھا پڑھا جاتا ہے جب عبرانی کیلنڈر میں ادار II کا مہینہ نہ ہو۔ اس کے لئے آپ کو عبرانی کیلنڈر دیکھنا پڑے گا۔ اس سال پرشاہ ویے قاحیل اور پیکودے اکٹھا پڑھا جائے گا مگر میں نے پھر بھی انکو علیحدہ ہی رکھا ہے۔ عبرانی لفظ "پیکودے کا مطلب ہے "حساب” جو کہ آپ کو خروج 38:21 میں لکھا نظر آئے گا۔ آپ یہ حوالے پڑھیں گے۔
توراہ – خروج 38:21 سے 40:38
ہاف تاراہ – 1 سلاطین 7:51 سے 8:21
بریت خداشاہ – 1 کرنتھیوں 3:16 سے 17، عبرانیوں 13:10 بعض میسیانک یہودی عبرانیوں 8:1 سے 13 پڑھتے ہیں۔
اپنی روحانی خوراک کے لئے آپ ان باتوں کو زیر غور لا سکتے ہیں۔
- خداوند خدا اپنے وفادار شاگردوں سے بھی حساب لیتے ہیں۔ موسیٰ نبی کو خداوند نے مددگار دیے تھے کہ مسکن کو اس کے دئے ہوئے حکموں کے مطابق بنا سکیں۔ اگر وہ لوگ موسیٰ نبی کے آگے جواب دہ تھے تو موسیٰ نبی آگے خداوند کے۔ فلپیوں 2:3 سے 4 میں کہا گیا ہے کہ اپنے کو دوسرے سے بڑھ کر نہ سمجھو۔ آپ کے خیال میں یہ جواب دہی کس طرح سے ہمارے کردار کو نکھارتی ہے اور ہمیں ابلیس کے پھندے سے بھی بچاتی ہے؟
- آپ کو خروج کے حوالے میں بار بار ایک بات نظر آئے گی "جیسا خدا نے موسیٰ کو فرمایا — بنایا”؟ تابعداری ! ویسے ہی جیسے خدا نے فرمایا۔ کیا آپ اپنے آپ کو اسرائیلی قوم سے بہتر سمجھتے ہیں؟ کیا آپ کے خیال میں آپ دوسروں سے زیادہ خدا کے تابعدار ہیں؟ نوح نے بھی تو خداوند کی ہدایات کے مطابق ہی کشتی بنائی تھی۔ اگر آپ کو موسویٰ احکامات سخت لگتے ہیں تو نوحی احکامات کے بارے میں آپ کی کیا رائے ہے؟
- خروج 39:43 میں لکھا ہے کہ موسیٰ نے سب کے کام کا ملاحظہ کیا اور دیکھا کہ انھوں نے کر لیا ہے جیسا خداوند نے حکم دیا تھا۔۔۔ موسیٰ نے انکو برکت دی۔کیا آپ نے سوچا ہے کہ کسی کو کسی کے کام کی شاباشی دینا کس طرح سے انکی حوصلہ افزائی کرتا ہے تاکہ وہ آگے بھی ویسے ہی محنت سے کام کر سکیں۔ آپ اپنے گھر کے لوگوں کے کتنے شکر گذار ہیں؟ کیا آپ نے کبھی انہیں انکے کام کے لئے شکریہ کہا ہے؟ کیا اپنے گھر والوں کو "شکریہ” کہنے میں آپ کی توہین ہے؟ کیا آپ کے خیال میں آپ ان سے برتر ہیں یا پھر یہ کہ وہ جو آپ کے لئے کرتے ہیں انکا فرض تھا اسلئے شکریہ کی کوئی ضرورت نہیں؟
- مسکن کی چیزیں خدا کے حکموں کے مطابق بنانے کے بعد مسکن کو کھڑا کرنے کی باری آئی۔ پہلے مہینے کی پہلی تاریخ۔۔۔۔ کیا آپ نے کبھی کلام میں درج ان تاریخوں کی اہمیت جاننے کی کوشش کی ہے؟ آپ چاہیں تو میرے خروج کے ابواب پر لکھے آرٹیکلز ویب سائٹ پر پڑھ سکتے ہیں (backtotorah.com) مگر تب تک کے لئے آپ خود ان باتوں کی اہمیت کو جاننے کی کوشش ضرور کر سکتے ہیں۔
- مسکن کا کام مکمل طور پر ختم ہوجانے کے بعد، مسکن خداوند کے جلال سے معمور ہوگیا۔ جس چرچ کی عمارت کی تعمیر میں اور عبادت میں خداوند موجود نہ ہوں وہ عمارت، خالی عمارت ہے اور جس چرچ کو اسکے لوگ مل کر نہ بنائیں اسکا بنانا بےکار ہے۔ یہی اس پرشاہ کا مرکزی پیغام ہے۔ بجٹ بنانا اور حساب رکھنا چاہے وہ کتنا ہی بڑا آدمی ہو یا پھر ایک ادنا انسان، خدا کے کام میں ایمانداری سے چلنا سکھاتی ہے۔ ایک گورنمنٹ سے لے کر چھوٹے ادارے تک ، سب میں حساب کتاب لازمی ہے۔ چرچ کی بات کریں تو چرچ کا پادری خداوند اور اسکے لوگوں کا جواب دہ ہے اور چرچ کے لوگ بھی ویسے ہی خداوند کے آگے جواب دہ ہیں اور پادری کے بھی ۔ کسی اور پر نکتہ چینی کرنے سے پہلے ان باتوں کو سوچیں کہ آپ خدا کے کاموں ، اسکے حکموں کو پورا کرنے اور اسکے حضور ہدیہ لانے میں کتنی دیانتداری دکھاتے آئے ہیں؟
- خروج 40:17 میں موسیٰ نے خدا کا مسکن کھڑا کیا اور 1 سلاطین 8:21 میں سلیمان بادشاہ نے خدا کے عہد کا صندوق رکھنے کو ہیکل تعمیر کی۔ باپ نے جو کام کرنے کو سوچا تھا وہ خدا نے بیٹے کو کرنے کو کہا۔ خدا وند چنتے ہیں کہ کون انکا کیا کام کرے گا۔ آپ کے لئے اس میں کیا پیغام چھپا ہے؟
- مسکن اور ہیکل کی تعمیر کا مقصد ایک ہی تھا کہ خدا اپنے لوگوں کے درمیان سکونت کرے۔ یوحنا 14:23 کے مطابق بھی یہی ظاہر ہوتا ہے کہ خدا وند کی شروع سے ہی خواہش تھی کہ اپنے لوگوں کے ساتھ سکونت کریں۔ اس آیت کو پڑھیں اور سوچیں کہ آپ کس طرح سے اپنے آپ کو خداوند کے ساتھ سکونت کر نے کے قابل بنا سکتے ہیں؟
- آپ عبرانیوں 8:5 کو کس طرح سے دوسروں کو سمجھا سکتے ہیں؟ پہلے قوانین پتھر پر لکھے ہوئے تھے اب دل کی تختی پر، یہی نیا عہد ہے۔ آپ اسکے بارے میں کیا رائے رکھتے ہیں؟
میری خدا سے دعا ہے کہ آپ کسی اور سے نہ سیکھیں بلکہ خود خداوند کی مدد سے خداوند کو پہچان سکیں کہ کلام کے مطابق کیا خداوندکے بارے میں سچائی ہے تاکہ آپ اس کی امت کا حصہ بن سکیں، یشوعا کے نام میں۔ آمین
موضوع: بدن کا حصہ بنیں۔ (آڈیو میسج 2018)
Topic: Be a Part of the Body. (Audio Message 2018)