پرشاہ: ت- تزوا، תְּצַוֶּה، Tetzavah
توراہ، ہاف تاراہ، بریت خداشاہ:
پرشاہ: ت- تزوا، תְּצַוֶּה، Tetzavah
تروماہ کے بعد کے پرشاہ کا عبرانی نام ت-تزوا ہے ۔ اسکا معنی ہیں ” تو حکم دینا”۔ آپ کلام میں سے ان حوالاجات کو پڑھیں گے۔
توراہ- خروج 27:20 سے 30:10
ہاف تاراہ- حزقی ایل 43:10 سے 27 آیات
بریت خداشاہ- عبرانیوں 13:10 سے 17 آیات
پرشاہ ت-تزوا کے حوالاجات کے ساتھ ہی پرشاہ زخور، זכור، Zachor کے حوالے بھی پڑھے جاتے ہیں۔ عبرانی لفظ "زخور” کے معنی ہیں "ذکر کرنا یا یاد کرنا”۔ پوریم سے پہلے سبت والے دن پرشاہ زخور کے حوالے پڑھے جائیں گے۔ عید فسح سے پہلے چار سبتوں کو خاص حوالے پڑھے جاتے ہیں ۔ پچھلے ہفتے کا سبت ، سبت شقالیم تھا اور اس دفعہ کا زخور۔ پرشاہ ت-تزوا، پوریم کے تہوار کے ساتھ ساتھ ہی پڑتا ہے اسلئے سبت والے دن پرشاہ زخور پڑھا جاتا ہے اس بات کی یاد دہانی کے لئے کہ پوریم کیوں منایا جاتا ہے۔ اس سال پوریم فروری 28 کی شام سے مارچ 1کی شام تک منایا جائے گا۔ آپ کلام میں سے ان حوالوں کو پڑھیں گے۔ ان اضافی حوالوں کو مفتیر، Maftir پکارا جاتا ہے۔
توراہ– استثنا 25:17 سے 19 (زخور)
ہاف تاراہ- 1 سموئیل 15:1 سے 34 (زخور)
میں پرشاہ ت-تزوا کے حوالے سے روحانی خوراک کے لئے کچھ باتیں درج کر رہی ہوں جب آپ کلام میں سے حوالے پڑھیں تو ان باتوں کو ضرور سوچیں کہ خدا کا زندہ کلام آپ کو کیا کہنا چاہتا ہے۔
- خروج 27:20 سے 21 میں خدا نے موسیٰ کو کہا کہ بنی اسرائیل کو حکم سے کہ وہ چراغ میں جلانے کے لئے زیتون کا خالص تیل لائیں اور ہارون اور اسکے بیٹوں کی ذمہ داری تھی کہ چراغ شام سے صبح تک جلتا رہے۔ نئے عہد نامے میں یشوعا نے متی 5:14 سے 16 میں مجھے اور آپ کو دنیا کا نور کہا۔ چراغ کو شام سے صبح تک جلائے رکھنا کا مطلب تھا کہ وہ تاریکی میں روشنی دیتا رہے۔ ساتھ ہی خدا نے یہ بھی کہا کہ یہ حکم نسل در نسل سدا قائم رہے گا۔ آپ اور میں اب خدا کا مقِدس ہیں کیا آپ تاریکی میں اپنے نور کو لگاتار چمکنے دیتے ہیں؟ کیسے؟
- خروج کے 28 باب میں ہارون کے لئے مقدس لباس بنانے کا ذکر ہے۔ میں نے خروج کے مطالعے کے سلسلے میں لکھا تھا کہ کیسے یہ لباس افسیوں 6 باب میں درج خدا کے ہتھیاروں کی شکل و شباہت ہے۔ آپ خود بھی ان حوالوں کو پڑھ کر موازنہ کر سکتے ہیں ۔
- پیدائش 46:8 سے 27 اور خروج 1:1 سے 5 میں اسرائیل کے بیٹوں کے نام پڑھیں۔ کہنے کو تو اسرائیل نے یوسف کے بیٹوں کو گود لیا تھا مگر افود پر لاوی اور یوسف کا نام کندہ تھا بجائے افرائیم اور منسی کے۔ آپ کے خیال میں ایسا کیوں تھا؟
- خدا نے آپ کو بھی تو اپنا کاہن کہا ہے۔ آپ کیسے اپنے آپ کو روحانی طور پر اس لباس سے ڈھانک سکتے ہیں؟ افسیوں 4:24 میں ہمیں نئی انسانیت کو پہننے کو کہا گیا ہے جو خدا کے مطابق سچائی کی راستبازی اور پاکیزگی میں پیدا کی گئی ہے۔ وہ سچائی اور راستبازی کہاں سے ملتی ہے؟ یہ نئی انسانیت کیا ہے؟ ہم اس کو کیسے پہن سکتے ہیں؟
- سردار کاہن کو پاک کرنے کی خاطر قربانی چڑھانے کا کہا گیا تھا ۔ ساتھ ہی میں پانی سے نہلا کے مسح کر کے تیل ڈالنے کا ذکر ہے۔ دراصل پانی سے نہلانے اور تیل سے مسح کرنے کے بعد قربانی چڑھانے کا کہا گیا تھا۔ عبرانیوں 13:11 سے 13 کے حوالے کو دیکھیں۔ آپ ان باتوں کو کس طرح سے یشوعا کی قربانی میں دیکھ سکتے ہیں؟
- خروج 29:32 سے 34 کو یوحنا 6:48 سے 59 سے موازنہ کریں۔ آپ اپنے طور پر سوچیں کہ کیسے یشوعا نے شریعت کی باتوں کو پورا کیا ہے۔
- خروج 30 باب میں سب سے زیادہ پاک کفارہ کا ذکر ہے اور بخور جلانے کا بھی ۔ زبور 141:2 میں ایسے لکھا ہے ” میری دعا تیرے حضور بخور کی مانند ہو اور میرا ہاتھ اٹھانا شام کی قربانی کی مانند۔” آپ کی زندگی میں دعا کی کیا اہمیت ہے؟ کیا آپ کی دعا خدا کے نزدیک بخور کی مانند ہے؟ اگر آپ چاہیں تو ایک نظر زبور 51 پر ڈال سکتے ہیں اور اسکی 15 سے 19 آیات پر اور ساتھ ہی میں عبرانیوں 13:16 پر بھی غور کرسکتے ہیں کہ یہ آپ کے لئے کیا معنی رکھتی ہے۔
میری خدا سے دعا ہے کہ وہ آپ پر ان باتوں کا بھید کھولے تاکہ آپ اپنے پورے دل اور جان سے اسکی عبادت کر سکیں۔ آمین
موضوع: آپ دنیا کا نور ہیں۔ (آڈیو میسج 2018)
Topic: You are the Light of the World. (Audio Message 2018)