پرشاہ: تروماہ، תְּרוּמָה، Terumah

توراہ، ہاف تاراہ، بریت خداشاہ؛

پرشاہ: تروماہ، תְּרוּמָה، Terumah

ہمارے اس ہفتے کے پرشاہ کا نام "تروماہ” ہے ۔ اس عبرانی لفظ کا مطلب ہے  "نذر، نذرانہ” ۔ آپ کلام میں سے ان حوالوں کو پڑھیں گے۔ ہمیشہ کی طرح ان حوالوں کو پڑھتے ہوئے سوچیں کہ خدا کا  کلام آپ کو ،  آپ کی زندگی کے لئے کیا پیغام دے رہا ہے۔ میں غور و فکر کے لئے کچھ باتیں نیچے درج کرنے لگی ہوں۔

توراہ –  خروج 25:1 سے 27:19

ہاف تاراہ-  1 سلاطین 5:26 سے 6:13

بریت خداشاہ- 2 کرنتھیوں 9:1 سے 15 اور متی 5:33 سے 37

  • خداوند نے موسیٰ کو حکم دیتے ہوئے کہا کہ بنی اسرائیل میں صرف تم ان ہی سے میری نذر لینا جو اپنے دل کی خوشی سے دیں۔ خداوند نے بنی اسرائیل کو مسکن بنانے کو کہا تھا  اور بنی اسرائیل کو اس مسکن بنانے کے لئے نذرانہ دینا تھا۔ خداوند نے ان سے ہر طرح کی چیزیں نہیں مانگی تھیں بلکہ کچھ بہت ہی خاص چیزیں مانگی تھیں۔ نا صرف خدا نے خاص چیزیں نذرکے لئے کہیں تھی بلکہ ساتھ ہی میں دینے والے کی دل کی حالت کے بارے میں بھی خاص حکم دیا تھا کہ صرف اسی سے نذر لیں جو اپنے دل کی خوشی سے دیں۔ اب کچھ دیر کے لئے غور کریں کہ نئے عہد نامے کے مطابق ہم خدا کا مقِدس ہیں جب آپ خدا کی عبادت میں آتے ہیں تو کیا آپ خوشی خوشی اپنا وقت اسے نذر کرتے ہیں یا کہ ایک بوجھ یا روزانہ کا کام  سمجھ کر اسکے حضور میں آتے ہیں؟ آپ کے خیال میں کیا وجہ ہے کہ خدا نے دل کی خوشی سے دی ہوئی نذر قبول کرنے کا حکم دیا تھا؟
  • خدا وندنے بنی اسرائیل سے بہت خاص چیزیں مانگی تھیں۔ بیابان میں تو یہ چیزیں میسر نہیں تھیں۔ مدراش کے مطابق زیادہ تر اشیا تو ملک مصر سے نکلتے وقت  مصریوں نے بنی اسرائیل کو  دی تھیں اور  درخت وغیرہ کی لکڑی تو انھیں بیابان کے درختوں سے ہی ملی ہو گی۔ خدا نے بنی اسرائیل سے کچھ بھی ایسا نہیں مانگا تھا جو کہ وہ خداوند کو نہیں دے سکتے تھے۔ خداوند کے دئے ہوئے میں سے ہی انھوں نے خدا وندکونذر کیا تھا۔ ایسے ہی خداوند آپ سے بھی کچھ ایسا نہیں مانگتے جو انھیں  پتہ ہو کہ آپ کے پاس میسر نہیں ہے۔ آپ کی اس بارے میں کیا رائے ہے؟
  • خداوندنےموسیٰ کہا کہ وہ خداوند کے لئے مقِدس بنائیں تاکہ وہ انکے درمیان سکونت کریں۔ خداوند نے موسیٰ نبی  کو مسکن کا نمونہ دکھایا تھا کہ انکو کیسے مسکن کو بنانا ہے۔ مسکن کی تعمیر میں بنی اسرائیل کو خاص ہدایات اور نمونے کے مطابق ہی یہ کام سر انجام دینا تھا۔ہر ایک چیز مکمل خوبصورتی سے بننی تھی۔ جیسا میں نے پہلے بیان کیا کہ ہم خدا کا مقِدس ہیں کیا آپ نے کبھی سوچا ہے کہ خدا نے آپ کو بھی عجیب وغریب طور پر بنایا ہے۔ آپ کلام سے زبور 139 پڑھ سکتے ہیں۔ آپ کے خیال میں خدا کے نزدیک یہ سب اتنی تفصیل میں کیوں ضروری تھا؟ کیا آپ  نے کبھی مسکن  کی تعمیر کی تفصیل پڑھنے کی کوشش کی ہے؟ کیا آپ نے کبھی سوچا ہے کہ یہ سب تفصیلات کس مقصد کی بنا پر ہماری بائبل میں موجود ہیں؟
  • مسکن کے تین حصے تھے۔ آخر   تین حصے ہی کیوں؟ کیا اس میں بھی کوئی خدا وندکی مصلحت ہے؟ آپ کے خیال میں یہ کس بات کی نشاندہی کرتے ہیں؟
  • پاک مقام اور پاک ترین مقام کے درمیان میں ایک پردہ تھا جو کہ پاک مقام کو پاک ترین مقام سے جدا کرتا تھا۔ آپ کے خیال میں خداوند نے صرف سردار کاہن کو ہی کیوں پاک ترین مقام میں داخل ہونے کی اجازت دی۔ گناہگار انسان اپنی قربانی ضرور خیمہ اجتماع میں کاہن کے پاس لا سکتا تھا ۔ ان تمام باتوں کا کیا مقصد ہے؟ یہ تمام باتیں کس طرح سے یشوعا کی زندگی اور کردار کو ان آیات میں دکھاتی ہیں؟
  • ہاف تاراہ کا حوالہ دیکھیں سلیمان بادشاہ نے بھی ہیکل بنائی ۔ ہیکل بنانے کا مقصد بھی یہی تھا کہ خدا وند بنی اسرائیل کے درمیان سکونت کریں؟ کیا آپ کو پتہ ہے کہ مسکن اور ہیکل کے درمیان کیا فرق ہے؟
  • سلیمان کی بنائی ہوئی ہیکل مسکن سے دو گنا بڑی تھی اور اسکی شان و شوکت بھی مسکن سے زیادہ تھی۔ مسکن کو بنی اسرائیل بیابان میں سفر کے دوران اکھاڑ کر دوبارہ سے جہاں بھی انکا قیام ہوتا تھا، عارضی طور پر تعمیر کر سکتے تھے  ۔  اسلئے بلاشبہ سلیمان کی بنائی ہوئی ہیکل  کی شان و شوکت دگنی تھی۔  خدا    وندنے اپنے لوگوں کے درمیان اسی صورت میں سکونت   اختیار کرنی تھی اگر وہ اسکے دئے ہوئے حکموں پر چلتے۔  پہلی ہیکل نبوکد نصر  نے تباہ کی کیونکہ لوگوں نے خداوند  کے حکموں کو بارہا توڑا تھا۔  اگر آپ خدا کا مقِدس ہیں تو وہ بھی آپ میں اسی صورت میں سکونت کرتے ہیں  اگر آپ اسکے احکامات پر عمل کرتے ہیں۔ آپ کی اس بارے میں کیا سوچ ہے؟
  • بریت خداشاہ کے حوالے کو پڑھیں۔ اس حوالے میں بھی زبردستی  کے طور پر نذرانہ  نہیں دینے کا کہا ہے بلکہ  لکھا ہے کہ خدا خوشی سے دینے والے کو عزیز رکھتا ہے۔ اور اسکی وجہ یہ بیان کی ہے” تا کہ تم کو ہمیشہ ہر چیز کافی طور پر ملا کرے اور ہر نیک کام  کے لئے تمہارے پاس بہت کچھ موجود رہا کرے”۔ کیا آپ کے پاس نیک کام کے لئے بہت کچھ موجود ہے؟ آپ کی نظر میں کونسے کام نیک ہیں؟ آپ کتنا بوتے ہیں اور کتنا کاٹتے ہیں؟ آپ کے لئے کلام کا یہ حوالہ کیا معنی رکھتا ہے؟

میری خدا وند سے دعا ہے کہ وہ آپ کے دل کو تیار کرے  تاکہ آپ نیک کاموں میں  حصہ لیتے رہیں اور دوسروں کی زندگی میں خدا کی شکر گذاری کا باعث بن پائیں۔ شکر خدا وند  کا  اسکی اس بخشش پر جو بیان سے باہر ہے،  یشوعا کے نام میں۔ آمین

موضوع: نذرانہ (آڈیو میسج 2018)

Topic: Offering (Audio Message 2018)