پرشاہ وے-یی-شلاخ
پرشاہ: وے-یی-شلاخ، וַיִּשְׁלַחVayishlach,
ہمارے اس ہفتے کے پرشاہ کا نام ہے "وے-یی-شلاخ” جسکا معنی ہے "اور اس نے بھیجا”۔ کیونکہ یعقوب نے اپنے آگے آگے قاصدوں کواپنے بھائی عیسو کے پاس بھیجا۔ آپ کلام میں سے یہ حوالے پڑھیں گے۔
توراہ: پیدائش 32:3 سے 36:43
ہاف تاراہ: عبدیاہ1:1 سے 21
بریت خداشاہ: عبرانیوں 11:11 سے 20 اور متی 26:36 سے 46
ہمیشہ کی طرح کلام کے ان حوالوں کو پڑھتے ہوئ ان باتوں پر غور کریں؛
- یعقوب نے عیسو سے اپنے اور اپنے خاندان کے لیے کرم کی گذارش کی۔ اس نے اپنے آگے قاصدوں کو بھیجا مگر وہ صرف یہ جواب واپس لے کر آئے کہ عیسو 400 آدمیوں کے ہمراہ آ رہا ہے۔ ان دونوں نے ایک لمبے عرصے سے ایک دوسرے کو نہیں دیکھا تھا اور انکے درمیان رنجش بھی تھی۔ کلام ہمیں دوسروں سے اپنے برابر محبت رکھنے کو کہتا ہے۔ خدا کے اس حکم کی آپ کی زندگی میں کیا اہمیت ہے؟
- یعقوب کو علم نہیں تھا کہ عیسو کس نیت سے 400 آدمیوں کو اپنے ہمراہ یعقوب سے ملنے آ رہا ہے اس نے اپنی طرف سے منصوبہ بنایا کہ اگر کوئی آفت آن پڑے تو کم سے کم اسکے خاندان کے کچھ لوگ بچ سکیں۔ آپ اپنے مستقبل کے بارے میں نہیں جانتے مگر کیا آپ نےاپنے اور اپنے خاندان کے مستقبل کے لئے کوئی منصوبہ بنایا ہے؟ کیا آپ نے کبھی سوچا ہے کہ آپ کے خاندان کے جن لوگوں نے نجات حاصل نہیں کی وہ کیسے یشوعا کو جان سکتے ہیں؟ کیا آپ نے اسکی طرف کبھی کوئی قدم اٹھایا ہے؟ کیا آپ خالی نام کے مسیحی ہیں یا کہ روح سے بھرپور مسیحی ہیں؟ اگر آپ خالی نام کے مسیحی ہیں تو آپ کا اپنی زندگی کے بارے میں کیا منصوبہ ہیں؟ کیا آپ اپنے آخری وقت میں موت کے قریب قریب اپنی نجات کی طرف دھیان دیں گے؟
- یعقوب نے آدمی/خدا دونوں سے برکت کے لیے لڑائی لڑی۔ اور اس نے اپنے لئے برکت پائی بھی مگر برکت کے لیے خدا نے اسکا نام بدل کر اسرائیل کر دیا۔ برکت پانے کے لیے کسی چیز کا بدلنا لازم ہے۔ آپ اپنی زندگی میں ایسا کیا بدل سکتے ہیں کہ آپ خدا کی برکتوں کے لائق ٹھہریں؟
- جب یعقوب عیسو سے ملا تو دونوں ایک دوسرے سے بغلگیر ہوئے۔یعقوب نے اسے اپنی دولت کا نذرانہ دیا۔ مگر عیسو نے اسے کہا کہ جو اسکا ہے وہ اسکا ہی رہے کیونکہ اسکے پاس سب کچھ ہے۔ یعقوب نے اسے کہا میرا نذرانہ قبول کر ” کیونکہ خدا نے مجھ پر بڑا فضل کیا ہے اور میرے پاس سب کچھ ہے”۔ کیا آپ نے کبھی اپنے سگے بہن بھائیوں کے لئے اتنا کرنے کی کوشش کی ہے کہ اپنی دولت سے اگر سب نہیں تو کچھ ہی نذر کر دیں؟
- یعقوب کو خدا نے بیت ایل جانے کا کہا تھا مگر یعقوب نے سکم شہر کے سامنے اپنا ڈیرا لگایا۔ خدا نے آپ کو کیا حکم دیا ہے جو آپ نے ابھی تک پورا نہیں کیا؟
- یعقوب کی بیٹی دینہ اس ملک کی لڑکیوں کو دیکھنے باہر گئی۔ میں نے اپنے پیدائش 34 باب کے مطالعے میں ذکر کیا تھا کہ "دیکھنے” کے لئے جو عبرانی لفظ استعمال ہوا ہے اسکا مطلب بنتا ہے "روشوں کا جاننے/سیکھنے کے لیے”۔ اسکو اپنی غلطی کی بھاری سزا دینی پڑی۔ کیا آپ نے کبھی سوچا ہے کہ خدا آپ کو روز کس کس طرح کی مصیبتوں سے بچاتا ہے کیونکہ آپ غیر قوموں کی روشوں کو سیکھنا چاہتے ہیں ?
- سکم نے اپنے باپ حمور سے کہا کہ وہ اسکی شادی دینہ سے کرا دے۔ جب حمور نے یعقوب اور اسکے بیٹوں سے اس بارے میں بات کی تو یعقوب کے بیٹوں نے کہا کہ وہ نامختون مرد کو اپنی بہن نہیں دیں گے اسلئے سکم کا ہر مرد اپنا ختنہ کروائے اور پھر یعقوب کا خاندان ان سے رشتہ جوڑے گا۔ یعقوب کے بیٹوں نے اپنے خدا کے حکموں کا سہارا لے کر اپنے دل میں غلط منصوبہ بنایا۔ آپ نے خود کتنی دفعہ خدا کے حکموں کا ناجائز فائدہ اٹھایا ہے؟
- یعقوب کافی امیر تھا تبھی حمور نے اپنے بیٹے کی وجہ سے سکم کے تمام مردوں کو اس بات پر راضی کر لیا کہ وہ اپنا ختنہ کروایں تاکہ وہ یعقوب کے ساتھ سوداگری شروع کر سکیں۔ حمور اور سکم کا ختنہ کروانا تو سمجھ میں آتا ہے مگر انکے شہر کےمردوں نے بھی سوداگری کا سوچ کر حمور اور سکم کی بات مان لی ۔ کیا آج ہم بھی دوسروں کی ہاں میں ہاں صرف اسلئے ملاتے ہیں کہ ہمیں اس میں اپنا مالی منافع نظر آتا ہے؟
- شمعون اور لاوی نے سکم کے تمام مردوں کو قتل کر ڈالا اور انکی عورتوں اور بچوں کو اسیر کر لیا اور دینہ کو سکم شہر سے نکال باہر لے آئے۔ اس پر یعقوب نے انھیں کہا کہ کنعانیوں اور فرزیوں میں وہ نفرت کا باعث بن گیا ہے کہیں ایسا نہ ہو کہ وہ مل کر آئیں اور اسے قتل کر دیں اور وہ اپنے گھرانے سمیت برباد ہوجائے۔ اس نے ایک بار بھی دینہ عزت کا نہیں سوچا وہ اپنے گھرانے کے لیے پریشان ضرور تھا مگر آخر کیوں اس نے دینہ کے بارے میں کچھ نہیں سوچا۔ موت اور بربادی کے خوف نے اسکے دل میں اتنی جگہ گھیر لی تھی کہ وہ باقی کچھ سوچنے اور سمجھنے سے بھی قاصر تھا۔ کیا کسی قسم کے خوف نے آپ کو بھی اتنا جکڑ لیا ہے کہ آپ سوچنے سمجھنے سے قاصر ہیں۔ آپ اپنی اس صورت حال میں کیا کر سکتے ہیں؟
- اس سانحے نے بالآخر یعقوب کو خدا کے حکم کے مطابق بیت ایل کی طرف جانے پر مجبور کر دیا۔ کیا آپ اپنی زندگی میں کسی ایسے سانحے کا انتظار کر رہے ہیں جو آخر کار آپ کو صحیح معنوں میں خدا کے حکم پر عمل کرنے پر مجبور کر دے؟
- اس موقع پر یعقوب نے اپنے گھرانے اور اپنے سب ساتھیوں سے کہا کہ اپنے تمام بیگانہ دیوتاوں کو اپنے درمیان سے دور کریں اور طہارت کر کے اپنے کپڑے بدلیں۔ بیت ایل سے مراد "خدا کا گھر” ہے۔ کیا آپ نے کبھی اپنے آپ کو خدا کے حضور میں پیش کرنے سے پہلے اپنے بیگانہ خداوں کو اپنے درمیان سے دور کیا ہے؟ کوئی بھی ایسی چیز جو کہ ہماری زندگی میں خدا سے زیادہ اہمیت کے قابل بن جائے وہ آج کے دور کا بیگانہ دیوتا ہی ہیں مثال کے طور پر آپ کا ٹی وی، انٹرنیٹ اور انٹرنیٹ کی سوشل میڈیا سائٹس ، آپ کا فون ، آپ کا پسندیدہ کھیل، یا شاید کچھ اور۔ خداوند کی سنیں کہ وہ آپ کو کس قسم کے دیوتا کو اپنی زندگی سے ہٹانے کا کہہ رہے ہیں۔
- یعقوب کی بیوی راخل کی موت اپنے چھوٹے بیٹے کو جنم دیتے وقت ہو گئی۔ روبن جو کہ یعقوب کی بیوی لیاہ کا بیٹا تھا اس نے اپنے باپ کی حرم بلہاہ سے مباشرت کی۔ اسے علم تھا کہ یہ گناہ ہے مگر وہ شاید اپنی ماں کے لیے کچھ اچھا کرنا چاہتا تھا۔ کیا خدا کے حکم کو توڑ کر ہم کچھ اچھا کر سکتے ہیں؟
- پیدائش 36 باب میں عیسو کا نسب نامہ درج ہے۔ کبھی آپ نے سوچا ہے کہ آپ کو اور آپ کے خاندان کے لوگوں کو دنیا مستقبل میں کس طرح سے یاد رکھے گی؟
- عبدیاہ کی کتاب کا مختصر نچوڑ یہ ہے کہ ادوم (عیسو) کا گھمنڈ اور یعقوب کے گھرانے کی برکت کا لالچ اسکی بربادی کی وجہ بنے گا۔ گھمنڈ اور لالچ ہمیں پستی اور بربادی کی طرف دھکیل دیتا ہے۔ ہم اس سے کیسے بچ سکتے ہیں؟
- عبرانیوں کے حوالے میں اضحاق کی اپنے بیٹوں کو ، اپنے ایمان سے دعا کا ذکر ہے ۔ آپ کے نزدیک آپ کے اپنے ایمان کی کیا قدر ہے؟
میری دعا ہے کہ خدا کی روح آپ کو ہمیشہ اپنے میں قائم رکھے اور آپ ہمیشہ اسکی رہنمائی میں اپنی زندگی کے قدم اٹھائیں، یشوعا کے نام میں، آمین۔
Title: What kind of blessings you are looking for? – Audio Message 2017
موضوع: آپ کس قسم کی برکتوں کو تلاش کر رہے ہیں؟ (آڈیو میسج 2017)