پرشاہ وے-یتزی
پرشاہ: وے-یتزی، וַיֵּצֵא، Vayetzei
ہمارا اس ہفتے کے پرشاہ کا نام "وے-یتزی” ہے جسکا مطلب ہے "وہ گیا/نکلا”۔ اس ہفتے آپ کلام میں سے ان حوالوں کو پڑھ سکتے ہیں۔
توراہ- پیدائش 28:10 سے 32:2
ہاف تاراہ- ہوسیع 12:13 سے 14:10 کچھ فرقے ہوسیع 11:7 سے 12:14 تک پڑھتے ہیں۔
بریت خداشاہ- یوحنا 1:19 سے 51
جب آپ کلام میں سے ان حوالوں کو پڑھیں تو ان باتوں پر غور کریں؛
- یعقوب بیرسبع سے نکل کر حاران کی طرف چلا راستے میں اس نے ایک جگہ رات گذاری اور اس نے اس جگہ کے پتھروں میں سے ایک اٹھا کر اپنے سرہانے دھر لیا۔ کلام کہتا ہے کہ خداوند ہماری چٹان ہے (زبور 18:2)۔ اپنی مصیبت کے دن جب یعقوب کا کوئی ہمراہ ساتھ نہ تھا اس نے شاید اپنی یاد دہانی کے لئے پتھر کو سرہانہ بنایا۔ آپ اپنی مصیبت کے دن کس کو اپنا سرہانہ ، سر کو یعنی اپنے دماغی خیالات کو سہارا دینے کے لئے، چنتے ہیں؟
- خواب میں یعقوب نے نہ صرف خدا کو بلکہ اسکے فرشتوں کو سیڑھی پر اوپر چڑھتے اور اترتے دیکھا۔فرشتے یعنی پیامبر ۔خداوند ایعقوب سے ہمکلام ہوئے اور اس سے وعدہ کیا اور اسکے تحفظ کا کہا۔جب یعقوب جاگا تو اس نے وہاں ستون کھڑا کیا اور اس بات کا وعدہ کیا کہ اگر جیسا خداوند نے کہا ہے اور خداوند اسکے ساتھ ہونگے تو جب وہ یعنی یعقوب واپس لوٹے گا تو وہ ضرور تمام میں سے جو خداوند اسے دیگا اسکا دسواں حصہ خدا کو دے گا۔ یعقوب نے دسویں حصے کا ہی کیوں سوچا شریعت کو تو موسیٰ نبی کے ذریعے دیا گیا تھا تو پھر آخر ابرہام کی طرح دسواں حصہ ہی کیوں؟ آپ کا کیا خیال ہے کیا یعقوب خدا کو واقعی میں اپنا خداوند مان رہے ہیں یا پھر صرف وہ اسی صورت میں ایسا مانیں گے کہ اگر خداوندانکی مدد کریں گے؟کیا آپ بھی خدا کو صرف اسی صورت میں اپنا خدا مانیں گے اگر وہ آپ کے لئے کچھ کریں یا کہ پھر آپ ہر حال میں انھیں اپنا خدا مان کر اسکی عبادت کرتے ہیں چاہے وہ آپ کے لئے کچھ کریں یا نہ؟
- خدا نے یعقوب کے حاران پہنچ کر خود اسکے لئے راستہ بنایا کہ اسکی ملاقات اسکے ماموں کی بیٹی راخل سے کروائی۔ راخل کو دیکھ کر یعقوب چلا چلا کر رویا۔ اپنے سگے بھائی عیسو سے بھاگ کر یعقوب حاران آیا تھا اور وہاں ان اپنوں سے مل کر اسے خوشی ہوئی تھی جنہوں نے اسے اپنایا۔ آپ کو کن سے مل کر خوشی محسوس ہوتی ہے اپنوں سے یا بعض اوقات ان غیروں سے جوکہ آپ کو اپنانے کے لئے تیار ہیں؟
- یعقوب نے اپنے ماموں لابن کے لئے کام کرنا شروع کیا اور جب لابن نے اس سے پوچھا کہ وہ اسکو اجرت میں کیا دے تو یعقوب نے اسکی بیٹی راخل مانگی۔ محبت میں یعقوب محنت طلب کام کے لیے راضی ہو گیا۔ کیا آپ اپنے خاندان کے لوگوں کے لئے محنت طلب کام اس لیے کرتے ہیں کہ آپ کو ان سے پیار ہے یا کہ پھر آپ اپنی ذمہ داری پوری کر رہے ہیں؟ کیا آپ کو محبت کی بنا پر وقت گذرنے کا احساس نہیں ہوتا یا کہ پھر آپ کو ذمہ داری کا سوچ کر ہر لمحہ بھاری لگتا ہے؟
- یعقوب نے اپنے باپ سے دھوکے میں پہلوٹھے کی برکت چرائی اور کچھ ہی عرصے میں اسکے ماموں نے اسے دھوکا دیا۔ اس نے یعقوب کی شادی راخل کی بجائے لیاہ سے کروا دی۔ کلام میں لکھا ہے کہ ۔۔۔ آدمی جو کچھ بوتا ہے وہی کاٹتا ہے (گلتیوں 6:7) آپ کے خیال میں یعقوب کے دل پر کیا گذری ہوگی؟ وہ کیا سوچتا ہوگا؟
- یعقوب نے راخل کو پانے کی ٹھان لی تھی اس نے ہفتہ اور انتظار کرکے لابن کے لیے پھر سے سات اور برس کے لیے ، راخل کی خاطر کام کرنا قبول کیا۔ یعقوب اپنے دل کی بات ماننا چاہتا تھا چاہے کچھ بھی ہو جائے۔ آپ کے لئے اس میں کیا سبق ہے؟
- لیاہ سے نفرت کی گئی مگر خدا نے دیکھا کہ اس سے نفرت کی گئی ہے تو خدا نے لیاہ کو تو اولاد دی مگر راخل کو ایک دم اولاد نہیں دی۔ لیاہ کی عزت شاید یعقوب کے دل میں تبھی بنی ہوگی جب خدا نے اسے اولاد دی۔ لیاہ کا کسی بات میں کوئی قصور نہیں تھا مگر اسے دلی تکلیف اٹھانی پڑی۔ کیا آپ کو بھی اپنی زندگی میں ایسا ہی محسوس ہوتا کہ آپ ناجائز تکلیف اٹھا رہے ہیں؟ یاد رکھیں کہ لیاہ کی طرح خدا کی نظر آپ پر بھی ہے، وہ ضرور آپ کی بھی عزت بڑھائیں گے۔
- راخل توہم پرست تھی اسکا خیال تھا کہ مردم گیاہ کے استعمال سے وہ بھی اپنی بہن کی طرح اولاد والی ہوجائے گی مگر ایسا نہیں ہوا۔ کیا راخل کی طرح آپ بھی توہم پرست ہیں جو سمجھتے ہیں کہ دوسری چیزوں میں طاقت ہے جو آپ کو وہ شے دلائے گی جسکی آپ کو تلاش ہے؟ کیا آپ کے خیال میں انسان خدا سے زیادہ قابل ہے جو ہر چیز کا توڑ جانتا ہے یا کہ آپ کا بھروسہ خداوند پر ہے جو کہ ناممکن کو ممکن بنانا جانتے ہیں؟
- خدا وند راخل کو بھولے نہیں تھے مگر انھوں نے راخل کو اولاد کافی عرصہ بعد دی اور راخل نے کہا کہ خدا نے میری رسوائی دور کی۔ آپ کے خیال میں کیا اولاد کا نہ ہونا واقعی میں رسوائی والی بات ہے؟
- لابن نے یہ جان کر کہ خدا نے لابن کو برکت یعقوب کی وجہ سے دی ہے اسے نہ چھوڑنا چاہا حالانکہ یعقوب واپس اپنے باپ کے ملک جانا چاہتا تھا۔ دولت نے اسکی آنکھوں پر پٹی باندھ دی تھی اسے یعقوب کے لئے خدا کا منصوبہ نظر نہیں آ رہا تھا کیونکہ نہ تو وہ یعقوب کے لئے سوچ رہا تھا اور نہ ہی دولت کے نشے میں سوچنا چاہتا تھا۔ آپ کے ساتھ آپ کے گھرانے کے جو لوگ ہیں آپ کے خیال میں خدا کا انکے لئے کیا منصوبہ ہے؟ کیا لابن کی طرح آپ بھی اپنے گھرانے کے بارے میں سوچتے ہیں کیا جو آپ کا منصوبہ انکے لیے ہے وہی خدا کا بھی منصوبہ انکے لیے ہے؟ کیا آپ صرف اپنے فائدہ کا سوچتے ہیں؟
- یعقوب اب لابن کے علاوہ اپنے خاندان کے لئے بھی پیسے جوڑنا چاہتا تھا۔ کیا آپ اپنی اولاد کے مستقبل کی فکر کر کے انکے پیسے جوڑنے کا سوچتے ہیں؟ کیا آپ خداوند سے دعا مانگتے ہیں کہ وہ آپ کو عقل سمجھ دے تاکہ آپ اپنے گھر والوں کے لئے میراث چھوڑ کر جا سکیں؟
- چونکہ لابن کو صرف اپنے لیے دولت اکٹھی کرنی تھی اسلئے جب بھی وہ دیکھتا کہ یعقوب اس سے زیادہ برکت پا رہا ہے وہ اسکی اجرت بدل دیتا۔ خدا نے پہلے یعقوب کی بنا پر لابن کو برکت دی مگراب وہ یعقوب کو برکت دے رہے تھے کیونکہ خداوند کو یعقوب کے ساتھ ہوئی ناانصافی نظر آرہی تھی اور خدا کا اپنا بھی منصوبہ یہی تھا کہ وہ یعقوب کو پھر سے اسی جگہ واپس لائیں جسکا عہد خداوند نے یعقوب کے ساتھ بیت ایل پر کیا تھا۔ آپ کے ساتھ کون ناانصافی سے چل رہا ہے؟ جو آج آپ کی بنا پر بزنس میں فائدہ اٹھا رہے ہیں وہ تاعمر ایسا نہیں کر پائیں گے۔ کل کو خدا بھی آپ کو آپ کی محنت کا صلہ ضرور دیں گے۔
- یعقوب نے لابن کے رویے کی بنا پر اسے چپکے سے چھوڑ کر جانے کا سوچا؟ یعقوب کی بیویوں کو بھی اپنے باپ کے رویے کا پتہ تھا اسلئے انھوں نے یعقوب کا ساتھ دیا۔ اگر آپ شادی شدہ ہیں تو کیا آپ اپنے ساتھی کا ساتھ دیتے ہیں؟ کیا آپ آپس میں باہمی مشورے سے چلتے ہیں یا کہ زندگی کے اہم فیصلے اپنے ساتھی سے مشورہ کیے بغیر خود کرتے ہیں ؟
- راخل اپنے باپ کے بت کیوں چرا لائی؟ کیا وہ ابھی بھی توہم پرست تھی؟
- یعقوب کو راستے میں خدا کے فرشتے سے برکت کے لئے جدوجہد کرنی پڑنی۔ یعقوب کو خداوند نے پہلے ہی کافی مالدار بنا دیا تھا۔ آپ کے خیال میں وہ کونسی برکت ہوسکتی ہے جس کے لئے یعقوب کو یہ کُشتی لڑنی پڑی؟
- ہوسیع کو پڑھ کر سوچیں کہ افرائیم خدا سے دور ہٹ گیا اور ویسا ہی اسرائیل نے بھی کیا۔ خدانے انھیں اپنی بدکاری چھوڑ نے کو کہا اور کہا کہ وہ اسکی طرف رجوع لائیں تاکہ خدا انھیں اپنے فضل سے قبول فرمائے۔کیا آپ خدا سے دور ہٹ گئے ہیں کیا آپ اسکی طرف رجوع لاتے ہیں؟
- یوحنا کے حوالے میں یشوعا نے نتن ایل کو کہا کہ وہ آسمان کو کھلا اور خدا کے فرشتوں کو اوپر جاتے اور ابن آدم پر اترتے دیکھے گا۔ آپ کے خیال میں اسکا کیا مطلب ہے؟ کیا آپ کے دل میں کبھی آسمان کو کھلا دیکھنے اور خدا کے فرشتوں کو چڑھتے اور اترتے دیکھنے کی کبھی خواہش جاگی ہے؟
میری آپ کے لیے دعا ہے کہ خداوند خدا آپ کو وہ دکھائے جو چیزیں نہ آنکھوں نے دیکھیں نہ کانوں نے سنیں اور نہ آدمی کے دل میں آئیں۔ وہ سب جو خداوند نے اپنے محبت رکھنے والوں کے لئے تیار کی ہیں۔ آمین
Title: What God has stored for you will remain yours. – 2017 Audio Message
موضوع: جو خداوند نے آپ کے لئے رکھا ہے وہ آپ کا ہی رہیگا۔ (آڈیو میسج 2017)