پرشاہ تولدوت
پرشاہ: تول-دوت، תּוֹלְדֹת، Tol’dot
اس ہفتے کے پرشاہ کا نام "تولدوت” ہے جسکے معنی ہیں "نسلیں۔” آپ کلام سے ان حوالوں کو پڑھ سکتے ہیں۔
توراہ- پیدائش 25:19 سے 28:9
ہاف تاراہ – ملاکی 1:1 سے 2:7 (روش خودیش : 1 سموئیل 20:18 سے 42)
بریت خداشاہ- رومیوں 9:1 سے 13 آیات
ان حوالوں کو پڑھ کر آپ ان باتوں پر غور کریں؛
- کلامِ مقدس میں لفظ تولدوت کا استعمال اس نسل کے لئے ہے جو کہ وعدے کے فرزند ہیں۔ صرف اضحاق ابرہام کے اتنے بیٹوں میں وعدے کا فرزند تھا۔ پیدائش 4:25 میں حوا نے کہا کہ ہابل کے عوض میں خدا نے مجھے سیت دیا۔ ایک لمحے کے لئے سوچیں کہ نسل کیسے باپ کا نام آگے چلاتی ہے؟ خدا نے آدم اور حوا کو برکت دی تھی کہ پھلو اور بڑھو۔۔۔ پھلنے اور بڑھنے کے ساتھ، کیا آپ کی زندگی ایسی ہے جو آپ کے آسمانی باپ کے نام کے جلال کا باعث ہے؟ کیا آپ بدنامی میں بڑھ رہیں ہیں یا کہ پھر نیک نامی میں؟
- ربقہ کے لئے اضحاق نے خداوند سے دعا مانگی اور خداوند نے انکی دعا قبول کی۔ کیا آپ اپنے گھر والوں کے لئے دعا مانگتے ہیں؟
- ربقہ تکلیف میں تھی تو وہ خداوند سے پوچھنے گئی۔ خداوند نے اس تکلیف کی وجہ بیان کی۔ جب آپ تکلیف میں ہوں اور خداوند سے سوال پوچھیں تو خداوند آپ کو سوالوں کا جواب کس طرح دیتے ہیں؟
- عیسو نے یعقوب کو اپنے پہلوٹھے ہونے کا حق دال اور روٹی کے عوض بیچ دیا۔ کیا آپ خدا کی دی ہوئی نعمتوں، برکتوں کو اہمیت دیتے ہیں یا کہ پھر انھیں حقیر جانتے ہیں؟ اگر آپ کی زندگی میں خدا کا دیا ہوا ایک روپیہ کوئی اہمیت نہیں رکھتا تو وہ آپ کو ایک لاکھ روپیہ کیوں دیں؟ کیا ایک ایک روپے کو جوڑ کر ایک لاکھ نہیں بنتا؟ آپ اپنی یہ دلیل کہ خداوند آپ کو برکت دیں ، کس طرح سے خداوند کے حضور پیش کریں گے کہ وہ آپ کے لئے ایسا کیوں کریں؟
- ابرہام پر بھی مصیبتیں آئیں اور انکے بیٹے اضحاق نے بھی مصیبتیں دیکھیں، اگر خداوند ابرہام کے ساتھ تھے تو خدا وند نے اپنا وعدہ ابرہام کے بیٹے اضحاق کے ساتھ بھی نبھایا۔ یشوعا نے ہر ایک کو اپنی صلیب اٹھا کر اپنے پیچھے ہو لینے کا کہا۔ صلیب اذیت اور جسمانی موت کی علامت ہے۔ ابرہام اور اضحاق سدا ان تکلیفوں میں نہیں رہے وہ خدا کی مدد سے مصیبتوں پر حاوی آئے۔ یشوعا صلیب پر ہمارے لئے موئے اور پھر زندہ ہوئے۔ یوحنا 11:25 اور 14:19 کو پڑھیں کیونکہ انکا وعدہ ہے کہ آپ مر بھی گئے تو بھی زندہ رہیں گے۔ کیا آپ کے لئے جسمانی خواہشات ، ابدی روحانی زندگی سے زیادہ ضروری ہیں؟
- ملک میں کال پڑا ہوا تھا مگر اضحا ق کو خدا کے بھروسے پر رہنا تھا۔ آپ کا خدا پر کتنا بھروسہ ہے؟
- اضحاق نے اسی غلطی کو دھرایا جو انکے باپ نے کی تھی۔ یہ تو ہمیں علم نہیں کہ آیا انھیں پتہ تھا یا کہ نہیں کہ ان کے باپ نے کیا کیا تھا۔ مگر کیا آپ بھی اپنے والدین کی غلطیا ں اپنی زندگی میں دوھرا رہے ہیں؟ آپ انکو کیسے سدھار سکتے ہیں؟
- اضحاق کے نوکروں کو وادی میں کھودتے کھودتے بہتے پانی کا سوتا ملا مگر جرار کے چرواہوں نے اس کے چرواہوں سے جھگڑا کیا اور کنوئیں پر قبضہ کر لیا۔ اضحاق نے جھگڑے کا جواب جھگڑے سے نہیں دیا بلکہ انھوں نے پھر ایک اور کنواں کھودا مگر اس پر بھی جھگڑا اٹھا۔ اضحاق وہاں سے دوسری جگہ پر چلے گئے ور پھر ایک اور کنواں کھودا۔ متی 18:21 سے 22 آیات کا سبق انھوں نے اپنی زندگی میں اپنایا اور خداوند نے انھیں برکت دی۔ نئے عہد نامہ کا پیغام پرانے عہد نامے سے ہٹ کر نہیں۔ انھوں نے اپنے سے کینہ رکھنے والوں کو معاف کیا۔ کیا آپ اپنی زندگی میں ان لوگوں کو معاف کرتے ہیں جو آپ سے کینہ رکھتے ہیں؟
- اضحاق اور ابی ملک نے آپس میں "جیو اور جینے دو” کی قسم اٹھائی۔ کیا آپ دوسروں کو آرام سے جینے دیتے ہیں یا کہ پھر انکی زندگی کو ویسے ہی محال بنا دینا چاہتے ہیں جیسے کبھی انھوں نے آپ کی زندگی کو محال بنایا ہوا تھا؟ امثال 16:7 پر ایک نظر ڈالیں۔
- یعقوب نے اپنے باپ سے دھوکے سے پہلوٹھے کی برکت حاصل کی۔ آپ کا کیا خیال ہے کہ کیا خدا نے یعقوب کے لئے اضحاق کی دی ہوئی برکت کی دعا کو فوراً سن لیا تھا؟
- اضحاق کو اپنے بیٹے یعقوب کے دھوکے کا پتہ چلا تو انھوں نے اپنی برکت واپس لینے کی نہیں کی اور نہ ہی انھوں نے یعقوب پر کسی قسم کی لعنت بھیجی۔ انھوں نے اپنی طرف سے اپنے بیٹے عیسو کو بھی بچی کھچی برکت دی مگر وہی ہرگز نہیں جو یعقوب کو دی تھی۔ اس فریب نے اضحاق ، ربقہ ، عیسو اور یعقوب کی زندگی کو ایک نیا موڑ دیا۔ آپ کی روحانی زندگی میں کس واقعے نے آپ کی زندگی کو بدل دیا ہے؟
- عیسو پہلے بھی خدا وند سے دور ہی تھا مگر وہ اور خدا سے دور ہٹتا گیا اس نے کنعانی لڑکیوں سے شادی کی۔ جب یعقوب کو اضحاق نے نصیحت کی کہ کنعانی لڑکیوں میں سے کسی سے نہ شادی کرنا تو عیسو کو احساس تو ہوا کہ اسکے والدین کی نظر میں یہ مناسب نہیں تھا مگر نہ تو اس نے توبہ کی اور نہ ہی ان کو طلاق دی بلکہ الٹا اس نے ایک اور شادی کی۔ آپ اس سے کس قسم کا سبق حاصل کرتے ہیں؟
- ملاکی کو پڑھ کر سوچیں ؛ خداوند نے ادوم پر اپنا قہر بھیجا کہ اگر وہ اپنی ویران جگہوں کو تعمیر کرینگے تو خدا انھیں ہر بار ڈھا دے گا مگر اسرائیل سے خدا نے محبت رکھی اور اسرائیل کا جواب ، خدا کی محبت کے بدلے میں کیا تھا؟ انھوں نے نہ تو خدا کو اپنے مالک کے طور پر تعظیم دی اور نہ ہی باپ کے طور پر۔ آپ سے بھی تو خدا نے محبت کی کہ آپ کو گناہ سے بچانے کی خاطر اپنا اکلوتا بیٹا قربان کیا۔ آپ خدا کی محبت کا جواب کس طرح سے دیتے ہیں؟
- جب لوگ خدا کے حضور میں حقیر نذرانے گذار رہے تھے تو خداوند یہ دیکھ رہے تھے کہ کون ہے جو کہ ہیکل کے دروازے ان لوگوں پر بند کرے گا تاکہ وہ خدا کی توہین کرنا بند کریں مگر خدا کو کوئی نہیں نظر آیا۔ آپ میں اپنے آسمانی باپ کی عزت کی کتنی غیرت ہے؟ خدا نے لوگوں کے اس عمل پر لعنت بھیجی۔ کیا آپ اسی لعنت کا شکار ہیں؟ کیا آپ خداوند کے حضور حقیر نذر لا کر خداوند کی توہین کرتے ہیں؟
- خداوند اپنے کاہنوں سے چاہتے تھے کہ وہ راستی سے خدا کی خدمت کریں اور لوگوں کو شرعی مسائل سمجھائیں۔ اگر آ پ خدا کی کاہنوں میں سے ہیں تو کیا آپ راستی سے خداوند کی خدمت کر رہے ہیں؟ کیا آپ شریعت سے اتنا واقف ہیں کہ لوگوں کو شرعی مسائل سمجھائیں؟
- روش خودیش یعنی نئے چاند کے ساتھ نئے مہینے کا آغاز۔ ہاف تاراہ کا حصہ 1 سموئیل سے ہے اسکو پڑھ کر سوچیں کہ ساؤل بادشاہ کے خیال میں کیوں داؤد ناپاک ہوگا جو کہ نئے چاند کے کھانے میں شامل نہیں ہوا؟ شرعی معاملہ؟ کیا آپ جانتے ہیں کہ شریعت کے مطابق ناپاکی کیا ہو سکتی ہے؟
- رومیوں 9 باب کا حوالہ پڑھ کر سوچیں کہ کیا آپ خدا کے وعدے کے فرزند ہیں، تولدوت؟
خداوند خدا آپ کی راستباز زندگی گذارنے میں آپ کی رہنمائی کریں اور جب جب آپ کو روحانی توانائی کی ضرورت ہو تو وہ آپ کو صیون سے مدد بھیجیں۔ آمین
موضوع: عیسو = ادوم = مسیحیت = بےدین (2017 آڈیو میسج)
Title: Esau = Edom = Christianity = Godless (2017 Audio Message)