پرشاہ خیہ سارہ

پرشاہ: خیہ سارہ، חַיֵּי שָׂרָה ،  Chayei Sarah

ہمارے اس ہفتے کے پرشاہ کا نام ہے "خیہ سارہ”۔  عبرانی لفظ  "خیہ” کا مطلب ہے "زندگی”۔ جیسا کہ نام سے ظاہر ہوتا ہے یہ پرشاہ سارہ کی زندگی پر ہے۔ آپ اس ہفتے کلام سے ان حوالوں کو پڑھ سکتے ہیں؛

توراہ:   پیدائش 23:1 سے 25:18

ہاف تاراہ:  1 سلاطین 1:1 سے 31 آیات

بریت خداشاہ:  متی 1:1 سے 17 اور 1 کرنتھیوں 15:50 سے 57

اب تک اگر آپ میرے ساتھ ساتھ پرشاہ کے حوالوں کو پڑھتے آئے ہیں تو شاید آپ نے غور کیا ہو کہ پرشاہ ” بیرشیت” میں خدا نے آسمان اور زمین کو بنایا مگر آدمی نے آرام نہ پایا کیونکہ گناہ کا آغاز ہوا ۔ پرشاہ "نواخ” میں نوح سے تمام قومیں نکلی۔پانی کے طوفان کے بعد  نوح نے آرام پایا اور جیتا رہا۔ بعد میں خدا نے ابرہام کو پکارا اور پرشاہ "لیخ لیخا” میں ہم نے پڑھا  کہ ابرہام نے خدا کے حکم کو مان کر اپنے سارے خاندان کو چھوڑ کر  اپنی بیوی اور بھتیجے لوط کے ہمراہ کنعان کی  سرزمین  پر اپنا ڈیرا ڈالا۔  پرشاہ "وئیےرا” میں خدا وند ابرہام  پر ظاہر ہوئے اور ابرہام نے یہوواہ  کو یہوواہ یری کے طور پر جانا۔ کہنے کو تو اس ہفتے کا پرشاہ "سارہ کی زندگی” کہلاتا ہے مگر 23 باب صرف  سارہ کی زندگی کے سال بیان کرتا ہے۔ آپ جب اس ہفتے کا پرشاہ کو پڑھیں تو ان باتوں کو سوچیں؛

  • سارہ کی جسمانی زندگی تو تمام ہوگئی مگر اسکی نسل سارہ کے ذریعے اس سرزمین پر، جسکو خدا نے انکے لیا چنا تھا قائم رہی۔ ابرہام نے اسکو دفن کرنے کے لئے زمین خریدی۔ گو کہ وہ اس سرزمین پر ایک اجنبی تھا اور قانون کے مطابق زمین نہیں خرید سکتا تھا مگر چونکہ خدا کی یہی مرضی تھی اسلئے وہ زمین خرید پائے۔ سارہ کی موت صدمے کا باعث تھی مگر اسی صدمے میں خداوند نے ابرہام سے اپنا وعدہ بھی پورا کیا۔ خدا نے ابرہام سے کہا تھا کہ وہ انھیں اس ملک میں لے کر جائیں گے جو خداوند نے انکے لئے چنا ہے۔ آپ نے بھی کتنے ہی صدمے برداشت کیے ہونگے مگر کیا آپ نے کبھی یہ سوچا ہے کہ یہ وقتی صدمہ آپ کی زندگی میں خدا کے وعدے کو کس طرح سے پورا کرتا ہے؟
  • مکفیلہ کا غار، ابرہام نے بھاری قیمت دے کر خریدا تھا۔ خدانے آپ کی خاطر اپنے بیٹے کا خون بہا کر آپ کو اور مجھے مول لیا۔ کیا آپ اسکے اس بات کے شکرگزار ہیں؟ انسان کسی کے دئیے ہوئے  قیمتی تحفے کا اسی وقت شکرگذار ہوتا ہے جب اُسے اسکی قیمت کا بھی اندازہ ہو۔ یشوعا کے خون کی قیمت کے بارے میں آپ نے کبھی سوچا ہے؟
  • ابرہام نے اپنے بیٹے کے لئے اپنے نوکر الیعزر کو کہا کہ ابراہام کے بھائی کے خاندان سے اسکے بیٹے کے لئے بیوی چنے۔ کیا آپ اپنے لئے یا اپنی اولاد کے لئے غیر قوموں میں رشتہ ڈھونڈ رہے ہیں؟کیا آپ نے کبھی یہ سوچا ہے کہ آپکا یہ قدم آپ کی زندگی کو کیسے اجیرن بنا سکتا ہے؟ کیا آپ کے لئے یہی خدا کی بھی مرضی ہے؟
  • ابرہام کے نوکر نے خدا سے مدد مانگی۔ ابرہام نے بھی اسکو یہی یقین دلایا تھا کہ خداوند خود اسکی مدد کریں گے۔ کیا آپ اپنی زندگی کے بڑے بڑے فیصلوں میں خدا کی مدد مانگتے ہیں؟ الیعزر نے خدا سے ایک نشان مانگا تاکہ اسے کامل یقین ہو کہ جس لڑکی کو وہ اپنے مالک اضحاق کے لیے چن رہا ہے وہی خدا وندنے بھی  اضحاق کے لئے چنی ہے۔ آپ بھی خداوند  سے نشان طلب کر سکتے ہیں ۔
  • ربقہ وہ لڑکی تھی جسکو خدا نے اضحاق کے لئے چنا تھا۔ الیعزر نے جو خدا سے نشان مانگا تھا ربقہ اس میں پوری اتری تھی۔ ربقہ میں وہ خاصیت تھی جو خدا کو پسند تھی۔ آپ اپنے کردار کو جھانک کر دیکھیں کیا آپ میں وہ خاصیت ہے جو خدا کو پسند ہے؟ کیا آپ خدا کے چنے ہوئے لوگوں میں سے ہیں؟ اگر ہیں تو کیوں اوراگر نہیں تو کیوں نہیں؟ کیا آپ کسی ایسے سے اس بارے میں پوچھنا چاہیں گے جو کہ آپ کو آپ کے بارے میں خدا کی رائے بتا سکے؟
  • الیعزر نے مدد مانگنے کے لئے دعا کی تھی اور جب خدا نے اسکی مدد کی تو اس نے شکرگذاری بھی ظاہر کی۔ اکثر لوگ کام مکمل ہونے کے بعد شکر گذار ہونا بھول جاتے ہیں ۔ کیا آپ  ان لمحوں میں جب خدا نے آپ کی التجا  سن کر آپ کی مدد کی ہو شکرگذار ہوتے ہیں؟
  • ربقہ کو اضحاق اپنی ماں کے خیمہ میں لایا جس پر اب اسکا اختیار تھا۔ آپ اپنے خاندان کی  میراث کو کس طرح قائم رکھتے ہیں؟
  • ربقہ کی محبت سے اضحاق نے اپنی ماں کے مرنے کے بعد تسلی پائی۔ کیا آپ نے کبھی سوچا ہے کہ خدا آپ کو آپ کے صدمے میں کس طرح تسلی بخشتےہیں؟
  • ابرہام نے ایک اور شادی کی اور انکے اور بھی بچے ہوئے۔ ابرہام جانتے تھےکہ کس کے ساتھ خدا نے کنعان سرزمین کا وعدہ کیا اور کون ہیں جن کا اس میراث میں حصہ نہ ہوگا اسلئے انھوں نے اپنی حرموں کے بیٹوں کو بہت کچھ انعام دے کر  اضحاق سے دور کیا اور اپنا سب کچھ اضحاق کے نام کیا۔ کیا آپ خدا کی بادشاہت کے وارث ہیں یا کہ پھر آپ کا انعام صرف اسی جسمانی زندگی تک ہے؟ کون ہے جو کہ وعدے کی سرزمین کا وارث ٹھہرتا ہے؟
  • ابرہام نے وفات پائی اور اپنے لوگوں میں جاملے، اسمعیل نے وفات پائی اور اپنے لوگوں میں جاملا۔ آپ کے خیال میں ابرہام کے لوگ کون تھے اور اسمعیل کے لوگ کون تھے؟ آپ کے خیال میں آپ کے لوگ کون ہیں جن میں بلآخر آپ بھی جاملیں گے؟
  • اگر آپ کے پاس وقت ہو تو کلام سے 1 سلاطین 1:1-10 اور یسعیاہ 60:6 کو پڑھ کر جانیں کہ خدا کیسے مدیان کو آخری وقت میں اپنے لوگوں کے لئے استعمال کرے گا۔ آپ یسعیاہ  60 پورا پڑھ سکتے ہیں اور کچھ ان ناموں کے بارے میں جان سکتے ہیں کہ کیسے و ہ  آخری دنوں میں  خدا کا کلام پورا کریں گے۔
  • 1 سلاطین 1 باب پڑھ کر سوچیں کہ کیسے سارہ اور بت سبع اپنے اپنے  خاوند کی دل سے عزت کرتی تھیں اور اسی عزت میں ساتھ میں انھوں نے بھی عزت پائی۔ اگر آپ کی شادی ہوئی ہے تو کیا آپ نے کبھی سوچا ہے کہ آپ اپنے میاں یا اپنی بیوی کو کس قسم کی عزت دیتے ہیں؟
  • صرف داؤد بادشاہ چن سکتے تھے کہ کونسا بیٹا انکے بعد ملک کی گدی کو سنبھالے گا۔ ان کے اس  بیٹے کا نام سلیمان تھا  جسکا مطلب "مکمل یا کامل” بھی بنتا ہے۔  گو کہ داود بادشاہ نے بت سبع کو کہا تھا کہ سلیمان ہی بادشاہ بنے گا مگر پرشاہ  کا یہ حوالہ اس  کے سلیمان کو بادشاہ بنانے کےاعلان سے پہلے ہی  ختم ہوجاتا ہے۔  یشوعا ہمارا بادشاہ ہے   ۔ کیا آپ اپنے بادشاہ  کے منتظر ہیں کہ کب انکی بادشاہت کا علان ہوگا؟
  • متی 1 باب کو پڑھ کر اسکی 17 آیت پر غور کریں کیونکہ اس میں 14+14+14  نسلوں کا ذکر ہے۔ آپ اپنی بائبل میں ان نسلوں کو گنیں۔ کیا کلام میں کوئی غلطی ہے؟  پہلے آپ اس کی تفتیش خود کریں میں اسکا جواب  کبھی علیحدہ آرٹیکل میں دونگی۔  یشوعا کے نام پر یہ نسب نامہ ختم ہوتا ہے۔ آپ کی زندگی کس کے نام پر  ختم ہوتی ہے؟

میری خدا سے دعا ہے کہ وہ آپ کی رہنمائی کرے تاکہ آپ کلام کی سچائی کو اچھی طرح جان پائیں۔ آمین

موضوع: آپ مجھے کیسے یاد رکھیں گے؟ (2017 آڈیو میسج)

Title: How will you remember me? (2017 Audio Message)