پرشاہ وئیے را

پرشاہ:   وئیےرا،  וַיֵּרָא،  Vayera:

اس ہفتے کے  پرشاہ کا عبرانی نام ہے "ویرا” جسکا مطلب ہے "نظر آنا” یا پھر” ظاہر ہونا۔” جیسے کہ پیدائش 18:1 میں لکھا ہے ” پھر خداوند ممرے کے بلوطوں میں اسے نظر آیا۔۔۔۔”۔ اس ہفتے آپ کلام سے ان حوالوں کو پڑھ سکتے ہیں؛

توراہ:   پیدائش 18:1 سے 22:24

ہاف تاراہ:  2 سلاطین 4:1 سے 37

بریت خداشاہ: لوقا 1:26 سے 38، اور  24:36 سے 53، 2 پطرس 2:4 سے 11

خدا کا کلام ہمارے لئے اسکا پیغام ہے۔  خدا نے کلام میں اپنے راستباز لوگوں کی غلطیوں کی نشاندہی کی  تاکہ وہ اپنی کوتاہیوں کی معافی مانگ سکیں اور صحیح راستے پر چل سکیں۔ جب آپ کلام سے ان حوالوں کو پڑھیں  تو سوچیں کہ خداوند آپ  کو اپنی  کن کوتاہیوں کو سُدھارنے کو کہہ رہے ہیں۔ ہمیشہ کی طرح میں کچھ سوالات پیش کر رہی ہوں کہ آپ سوچ سکیں کہ خدا کا پیغام کیا ہے۔

  • ابرہام نے جب تین مردوں کو اپنے خیمے کے سامنے دیکھا تو وہ زمین تک جھکا۔ اس نے خداوند کو پہچانا کہ خداوند یہوواہ خود اسکے پاس آئے ہیں۔ کیا آپ کبھی خدا کی حضوری میں جھکے ہیں؟ کیا آپ نے کبھی خداوند کو پہچان کر اپنے گھر میں انکا استقبال کیا ہے؟
  • ابرہام نے اپنے مہمانوں کی گرم جوشی سے مہمان نوازی کی۔ کیا آپ صرف انکی گرم جوشی سےمہمان نوازی کرتے ہیں جن کی آپ کی نظر میں اہمیت ہے یا جو کہ آپ کے لئے فائدہ مند ہیں  یا کہ  پھرآپ اپنے ہر مہمان کو اتنی ہی اہمیت دیتے ہیں جن سے آپ کو کوئی فائدہ  ہو یا نہ ہو؟ (لوقا 6:32 سے 33)۔
  • خدا نے ابرہام کو کہا کہ وہ جب موسم بہار میں اسکے پاس آئیں گے تو  سارہ کا بیٹا ہوگا۔ سارہ کو یہ سن کردل میں ہنسی آئی تھی کیونکہ ابرہام اور سارہ ضیف تھے اور انکی  عمر وہ نہیں تھی کہ انکے بچے ہوسکتے۔ خدا نے سارہ کی چھپی ہنسی کو دیکھ لیا تھا۔ خدا نے کہا کہ سارہ کیونکر ہنسی؟ کیا خدا کے نزدیک کوئی بات مشکل ہے؟ میں جب پہلے کبھی اپنی بیٹی کا سوچتی تھی تو جب مجھے خیال آتا تھا کہ ڈاکٹروں نے اسکے لئے کیا کہا تھا تو یہ آیت ہمیشہ سے ہی میرے لئے حوصلے کا باعث رہی ہے۔ میں نے اپنے آپ کو ہمیشہ یہی یاد دلایا کہ خدا کے نزدیک کچھ مشکل نہیں ہے۔ میری بیٹی کبھی وہیل چیر پر ہوتی تھی اب وہ والکر  walker,کا استعمال کرکے چلتی ہے۔ مجھے اب بھی یہی یقین ہے کہ خدا کے لئے کچھ مشکل نہیں وہ میری بیٹی کو باقی تمام کی  طرح مکمل شفا دینے کا اختیار رکھتے ہیں۔ ایسا ہو یا نہ ہو میں خداوند  سے کوئی گلہ نہیں کرونگی کیونکہ ہر ایک چیز میرے اپنے فائدہ کے لئے ہے۔  آپ خدا کے بارے میں کیا سوچتے ہیں؟
  • خدا نے ابرہام سے نہیں چھپایا کہ  وہ سدوم اورعمورہ  تباہ کرنے لگے ہیں۔ ابرہام نے خداوند سے  پوچھا کہ کیا وہ راستبازوں کو  بد کے ساتھ ساتھ  تباہ کر دے گا؟ کیا آپ کا خدا سے اتنا قریبی رشتہ ہے کہ وہ آپ کو پوشیدہ باتیں بتائے؟
  • لوط نے فرشتوں کی مہمان نوازی کی اورجب شہر کے لوگوں نے اسے دھمکی دی کہ اگر لوط انکو ان مردوں کے ساتھ صحبت نہیں کرنے دے گا تو وہ اسکے ساتھ بھی بدسلوکی کریں گے۔ لوط نے سدوم کے مردوں کو ان فرشتوں کے بدلے میں اپنی بیٹیاں پیش کی۔ آپ کے خیال میں کیا لوط نے یہ کہہ کر صحیح کیا تھا؟ کیا آپ کو بدی اور اچھائی کی تمیز ہے کہ جان سکیں کہ خدا کے نزدیک کیا برا ہے اور کیا اچھا؟ کیا آپ بدی اور اچھائی کو دنیا کے پیمانے سے ناپتے ہیں یا کہ پھر خداوند کے کلام سے؟
  • فرشتوں نے لوط اور اسکے گھرانے کو آنے والی تباہی سے بچانے کے لئے انکو شہر سے باہر نکال کیا مگر لوط نے نکلنے میں جلدی نہیں کی۔ اسکی بیوی نے پیچھے مڑ کر دیکھا ، اس نے وہ کیا جس کو کرنے سے فرشتوں نے منع کیا تھا اور وہ نمک کا ستون بن گئی۔ آپ کا خدا آپ کی خاطر آئے کہ آپ گناہ میں تباہ نہ ہوجائیں۔ کیا آپ کی نظر میں اپنا دھن و دولت خدا کے حکم سے زیادہ ضروری ہے؟کیا آپ اپنی  ماضی کی زندگی کو زیادہ ترجیح دیتے ہیں؟
  • لوط کی بیٹیوں نے باپ کو اتنا نشہ آلود کر دیا کہ وہ اسکے کب ہم آغوش ہوئیں اسکو پتہ نہ چلا۔ لوط کی بیٹیاں اسی سے ہی حاملہ ہوئیں ۔ کیا آپ دنیاکے نشے میں اتنے مست ہیں کہ آپ کو علم نہیں کہ آپ نے خدا کے خلاف کیا گناہ کیا ہے؟ کس گناہ نے آپ کے ذریعے جنم لیا ہے؟
  • ایک بار پھر سے ابرہام نے جرار کے بادشاہ ابی ملک سے مکمل سچ نہیں بولا اور کہا کہ سارہ اسکی بہن ہے تاکہ ابرہام کی جان بخشی رہے۔ کیا آپ بھی اپنی کچھ غلطیوں کو بار بار دھراتے ہیں؟ آپ ان سے کیسے چھٹکارا پا سکتے ہیں؟
  • خدا نے ایک بار پھر سے سارہ کو غیر مرد کے ہاتھ سے چھڑایا۔ ابرہام نے ابی ملک کو  غلط سمجھا کہ اس میں کوئی خدا خوفی نہیں ہوگی۔ کیا خدا آپ کو بار بار غلط ہاتھوں سے چھڑاتے آئے ہیں؟ کیا آپ ہر ایک انسان کو غلط سمجھتے آئے ہیں؟ کیا آپ اپنی نظر میں دوسروں سے زیادہ راستباز ہیں؟
  • خدا نے ابر ہام کے ساتھ اپنا وعدہ پورا کیا اور سارہ کا بیٹا اضحاق ہوا۔ کچھ ہی عرصے میں سارہ کی ماضی کی غلطی سارہ کے لئے پریشانی کا باعث بنی جب اسماعیل نےاضحاق کے ساتھ غلط حرکت کی اور سارہ کو ابرہام کو کہنا پڑا کہ وہ ہاجرہ کو اور اسکے بیٹے کو گھر سے نکال دے۔ آپ کی ماضی کی کونسی غلطی آپ کے سامنے آئی ہے جسکا حل نکالنے میں آپ کو دشواری ہو رہی ہو؟ کیا آپ کے خیال میں خدا آپ کو اس مشکل صورت حال سے باہر نکال سکتا ہے؟
  • ہاجرہ جو کہ مصری تھی اس نے جانا کہ خدا اسکے ساتھ اسکے مشکل وقت میں بھی ہے۔ کیا آپ کو لگتا ہے کہ آپ اس صورت حال میں ہیں جہاں صرف موت نظر آتی ہے اور کوئی راہ نہیں دکھائی دیتی۔ کیا آپ خدا سے کہہ سکتے ہیں کہ وہ آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اپنی اس مشکل سے باہر نکلنے کی راہ دیکھ سکیں؟
  • ابرہام سے خدا نے اضحاق کی قربانی مانگی اور ابرہام اپنا بیٹا قربان کرنے کے لئے تیار ہوگئے۔ کیا آپ خدا کی خاطر اپنی پیاری چیز قربان کرنے کی قوت و طاقت رکھتے ہیں؟
  • 2 سلاطین 4 باب میں دو مختلف عورتوں کی کہانی ہے ایک عورت نبی کی بیوی تھی اسکا شوہر مر گیا تھا اور وہ قرضے میں ڈوبی تھی۔ اسکو ڈر تھا کہ کہیں اسکے بیٹے قرضے کی بنا پر غلامی میں نہ چلے جائیں۔ الیشع نے اس کے لئے معجزہ کیا اور نہ صرف یہ کہ وہ قرض ادا کر پائی بلکہ ساتھ میں انکے لئے اتنا بھی ہوگیا کہ  وہ اپنی زندگی بسر کر سکیں۔ کیا آپ قرضے میں ڈوبے ہیں؟ کیا خداوند آپ کے ایسا معجزہ کرسکتے ہیں یا کیا آپ کی نظر میں خدا کے لئے یہ کام مشکل ہے؟
  • دوسری عورت نے الیشع نبی کی خاطر اکے لئے ایک کوٹھری بنائی تاکہ وہ جب بھی آئے وہاں رہ پائے۔ اسکی اولاد نہیں تھی الیشع کے دعا دینےپر انکو خدا نے بیٹا دیا۔ سارہ کی طرح اس عورت کے حاملہ ہونے کی بھی امید نہیں تھی مگر خدا کے لئے یہ بات مشکل نہیں ہے۔ خدا نے اسے بیٹا دیا مگر کچھ عرصے کے بعد وہ مر گیا۔ اس عورت کا ایمان تھا کہ  خداوند  اسے دھوکا نہیں دے سکتے جو اسکا ہے وہ اسکا ہی رہے گا۔ الیشع نے اسکے بیٹے کے لئے خدا سے دعا کی اور وہ زندہ ہوگیا۔ کیا آپ کی نظر میں خدا کے لئے آپ کی کوئی حثیت نہیں کہ جب چاہا دیا اور جب چاہا واپس لے لیا؟ کیا آپ سوچ رہے ہیں کہ خداوند آپ کو خوشحال نہیں دیکھنا چاہتے؟ کیا آپ کی نظر میں خدا کے لئے ایک بار  کچھ دے کر اور پھر  واپس لے کر  دوبارہ دینا مشکل ہے؟
  • نئے عہد نامے کا حوالہ پڑھ کر سوچیں کہ یشوعا آپ کی خاطر اپنی آسمان کی بادشاہت چھوڑ کر زمین پر ایک معمولی سا انسان بن کر آیا۔ اس نے آپ کی خاطر دکھ اٹھایا اور زندہ ہوا۔ آخر یشوعا کو کیا ضرورت پڑی تھی کہ وہ ایسا کرتے؟ سب کچھ بحال کرنے کی خاطر یشوعا نے اپنا آپ دے دیا۔  اگر آپ اسکے پیروکاروں میں سے ہیں تو کیا وہ آپ کی خوشی کو بحال کرنے کی قوت نہیں رکھتے؟

آسمانی باپ آپ کی مردہ زندگی کو اپنے نام کی خاطر بحال کرے اور آپ کی خوشی کو دوبالا کرے، یشوعا کے نام میں۔ آمین

موضوع: جہاں رویا نہیں۔۔۔ (2017 آڈیو میسج)

Title: Where there is no vision…. (2017 Audio Message)