پرشاہ بیریشیت
پرشاہ: بیریشیت، בראשית ,Beresheet
میں آپ لوگوں کے ساتھ ایک نیا سلسلہ شروع کرنے لگی ہوں۔ اگر آپ نے میرا عید خیام پر آرٹیکل پڑھا تھا تو آپ نے پڑھا ہوگا کہ میں نے اس میں "سم- خا توراہ” کا ذکر کیا تھا۔ کہ ہر سال عید خیام کے آٹھویں دن کے بعد توریت کو ایک بار پھر سے نئے سرے سے پڑھنا شروع کیا جاتا ہے۔
یہودیوں نے توریت کے 54 حصے کیے ہوئے ہیں ان حصوں کو پرشاہ، פָּרָשָׁה،Parsha کہتے ہیں۔ ہر ہفتے کلام مقدس کے خاص حوالے پڑھے جاتے ہیں۔ روش خودیش والے دن یا پھر خاص سبتوں پر کچھ اور حوالے بھی پڑھے جاتے ہیں۔ پرشاہ میں توراہ، תּוֹרָה Torah, موسیٰ کی لکھی پانچ کتابوں (پیدائش، خروج، احبار، گنتی اور استثنا) میں سے حوالے ہیں جبکہ ہاف تاراہ، הפטרה، Haftorah، پرانے عہد نامے سے نبیوں یا تحریرات کاحصہ ہے جو کہ توریت (توراہ) کے درج حوالے سے متعلق ہے۔ میسیانک یہودیوں نے نئے عہد نامے سے جس کو عبرانی میں بریت خداشاہ، בְּרִית חֲדָשָׁה، Brit Chadasha کہتے ہیں ، آیات کو پرشاہ کےحصہ میں شامل کیا ہے۔ بریت خداشاہ، ہاف تارہ کی ہی طرح توریت سے متعلق نئے عہد نامے کے حصے/حوالے ہیں۔ ان پرشاہ کا اپنا ایک نام ہے۔ میں ہر ہفتے کے پرشاہ کے متعلق آپ کو ایک مختصر سا تعارف لکھ کر دوں گی تاکہ اگر آپ نے گھر میں خود ان حصوں کو پڑھنا ہے تو آپ ان کو پڑھ پائیں۔ ساتھ ہی میں آپ کو اپنی روحانی زندگی کو مضبوط بنانے کے لئے کچھ سوال دونگی کہ آپ انکا جواب اپنی روحانی زندگی میں دیکھ پائیں۔
عید خیام کے بعد جو پہلا "پرشاہ ” ہے اسکا نام ہے "بیرشیت، בְּרֵאשִׁית، Bereshit”۔ آپ کلام میں سے ان حوالوں کو خود پڑھیں۔
پرشاہ- بیرشیت، בְּרֵאשִׁית، Bereshit
توراہ- پیدائش 1:1 آیت سے 6 باب کی 8 آیت
ہاف تاراہ- یسعیاہ 42:5 آیت سے 43 باب کی 11 آیت
بریت خداشاہ- یوحنا 1:1 سے 14 ، کلسیوں 1:15 سے 17 ، افسیوں 1:21، فلپیوں 2:9 سے 11، عبرانیوں 1:1 سے 3، رومیوں 11:36، مکاشفہ 4:11 اور مکاشفہ 22:6 سے 21
جیسے کہ بیرشیت کا مطلب ہے ” ابتدا میں” آپ اس حصے میں یہی پڑھیں گے کہ خدا نے ابتدا میں آسمان و زمین کو بنایا۔ کلام کے یہ حصے پڑھتے ہوئے ان باتوں کو سوچیں؛
- خدا نے ابتدا میں آسمان و زمین کو پیدا کیا صرف اور صرف اپنے منہ کے کلام سے۔ خدا کچھ نہ سے ، کچھ بنانے کی قوت اور اختیار رکھتے ہیں۔ آپ کی زندگی میں کس چیز کی کمی ہے جس کو خداوند اپنے کلام کے وسیلے سے پورا یا مکمل کر سکتے ہیں؟ اور اگر کر سکتے ہیں تو وہ ایسا کیوں کریں؟ زبور 138:8 میں لکھا ہے؛
خداوند میرے لئے سب کچھ کریگا۔ ائے خداوند تیری شفقت ابدی ہے۔ اپنی دستکاری کو ترک نہ کر۔
- خدا نے ساتویں دن آرام کیا، کیا ہمیں بھی ساتویں دن آرام کرنا چاہئے؟
- خداوند نے آدم کو مددگار مہیا کیا۔ آپ کا اپنے مددگار کے بارے میں کیا خیال ہے؟ آپ کا مددگار کون ہے؟
- خدا نے آدم سے پوچھا کہ وہ کہاں ہے کیونکہ آدم اپنے گناہ کی وجہ سے خدا کا سامنا نہیں کرنا چاہتا تھا۔ آپ سے بھی آج خداوند یہی پوچھ رہے ہیں کہ آپ کہاں ہیں؟ اپنی روحانی زندگی میں جھانکیں۔
- قائن کی نسل خدا سے دور ہو کر بدی کی طرف بڑھ گئی۔ آپ اپنے بار ے میں اور اپنی نسل کے بارے میں کیا سوچتے ہیں کہ آپ کس کی طرف کو قدم اٹھا رہے ہیں؟
- کلام میں نسل کا لکھتے ہوئے تمام بیٹے اور بیٹیوں کے نام نہیں لکھے گئے صرف وہ جو کہ اہمیت رکھتے تھے۔ کیا آپ خدا کے حضور میں اہمیت رکھتے ہیں یا اس قابل ہیں کہ اسکی نظر میں آپ کی اہمیت ہو؟
- پیدائش کے ان حوالوں میں ہم پڑھتے ہیں کہ خدا نے آدم، حوا اور بعد میں قائن اور پھر نوح کے ساتھ بات کی، کیا خدا وند آج آپ کے ساتھ بات کر سکتے ہیں؟
- قائن پر تو خدا نے لعنت بھیجی۔ گناہ کی بنا پر انسان خدا سے جدا ہوا اور گناہ زمین پر بڑھتا گیامگر نوح خدا کی نظر میں راستباز ٹھہرا۔ کیا آپ خدا کی نظر میں راستباز ہیں؟ کیا آپ پر کسی قسم کی لعنت ہے؟ کون ہے جو آپ کی لعنت کو دور کر سکتا ہے اور کیوں؟
- یسعیاہ کے حوالے کو پڑھ کر سوچیں کہ یشوعا نے آپ کے سامنے کس قسم کی مثال رکھی۔ کیا آپ اپنے آپ کو خدا کا اچھا خادم سمجھتے ہیں یشوعا کی تعلیم کے مطابق یا کہ پھر وہ خادم جو کہ خدا کی بات نہیں سننا چاہتا ہے؟
- مکاشفہ 22 باب کا حوالہ پڑھ کر سوچیں کہ کیا آپ پاک سے پاک ہوتے جا رہے ہیں یا کہ پھر برائی میں رہ کر اور بُرے بن رہیں ہیں؟ کب وہ وقت آپ کی زندگی میں آئے گا جب آپ توبہ کریں گے اور اسکے راستبازوں میں شمار ہونگے تاکہ زندگی کے درخت کے پاس آنے کا اختیار پا سکیں؟
- کیا آپ خدا کے کلام میں اپنی سوچ کے مطابق کچھ اضافہ کر رہیں ہیں یا اس کی ان نبوت کی باتوں سے نکال رہے ہیں؟ آپ کے خیال میں آپ نے جن باتوں کا اضافہ کیا ہے یا پھر اپنی سوچ کے مطابق گھٹایا ہے کیا آپ ان آفتوں کی سزا کے لائق ہیں؟ کون ہے جو کہ آپ کو ان آفتوں سے بچا کرزندگی کے درخت اور مقدس شہر میں داخل ہونے کی اجازت دے سکتا ہے؟
یہ صرف چند سوال تھے ۔ جیسے آپ کلام کا مطالعہ شروع کریں گے خدا کی روح آپ کے ذہن میں اور سوالات بھی ڈالے گی جو شاید خدا چاہتا ہے کہ آپ ان کو سوچیں اور سمجھیں۔ اور اگر کسی طرح سے آپ کے کردار میں کوئی کمی ہے تو ان باتوں کو سوچ سمجھ کر صحیح راستہ اپنانا آپ کی اپنی مرضی پر منحصر ہے۔
خداوند یہوواہ پاک آپ کو برکت دے اور اپنے کلام کو سمجھانے میں آپ کی مدد کرے۔ آمین
پرشاہ بیریشیت کا آڈیو میسج سننے کے لئے پلے بٹن کو کلک کریں۔
آپ خداوند کی صورت میں بنائے گئے ہیں۔ (2017 آڈیو میسج)
You have been made in God’s image. (2017 Audio Message).