خروج 38 باب

آپ کلام مقدس سے خروج کا 38 باب مکمل خود پڑھیں میں وہی آیات لکھونگی جسکی ضرورت سمجھونگی۔

ہم نے پچھلے چند ابواب میں پاک ترین مقام اور پاک مقام کی  چیزوں کے بارے میں پڑھا تھا۔ اس باب میں ہم  باہر کے احاطے کے ظروف کے بنانے کا پڑھتے ہیں۔ پاک ترین اور پاک مقام کی اشیا لکڑی سے تیار کی گئی جن پر سونا  منڈھا گیا اب ہم مذبح کے بنانے کا پڑھتے ہیں جس میں لکڑی پر سونا نہیں بلکہ پیتل منڈھا گیا۔ مذبح کے سب ظروف بھی پیتل سے ہی بنائے گئے۔

 پیتل اسرائیلی عورتوں نے خوشی سے ہدیہ میں دیا تھا۔ پیتل کو اسرائیل عورتیں شیشے کے طور پر استعمال کرتی تھیں۔  خروج 38:8 میں لکھا ہے؛

اور جو خدمت گذارعورتیں خیمہ اجتماع کے دروازہ پر خدمت کرتی تھیں انکے آئینوں کے پیتل سے اُس  نے پیتل کا حوض اور پیتل ہی کی اسکی کرسی بنائی۔

 ویسے تو میں یہاں عورتوں  کی خدمت پر بھی بات کر سکتی ہوں مگر ابھی نہیں پھر کسی آرٹیکل میں J ۔پیتل کو عبرانی میں  نخوشت، נחשת، Nechoshet” کہتے ہیں۔   اس چمکتے پیتل  کو  یہودی دانشور "یتزر ہرا،יֵצֶר הַרַע,  Yetzer HaRa” سے جوڑتے ہیں۔ یتزر ہرا، ہم میں برائی کے رجحان کو بیان کرتا ہے۔ یعقوب  1:23 میں ہم پڑھتے ہیں؛

کیونکہ جو کوئی کلام کا سننے والا ہو اور اس پر عمل کرنے والا نہ ہو وہ اس شخص کی مانند ہے جو اپنی قدرتی صورت آئینہ میں دیکھتا ہے۔

 اپنی قدرتی صورت ۔۔۔۔ عبرانی لفظ نخوشت میں نخاش، נחש،  Nachash چھپا ہے۔ نخاش، عبرانی میں سانپ کو کہتے ہیں۔پیتل کا حوض ، خیمہ اجتماع اور مذبح کے بیچ میں رکھا جانا تھا جس میں دھونے کے لئے پانی بھرا جانا تھا۔ کاہنوں کو اپنے ہاتھ پاؤں دھو کر مذبح کے نزدیک جانا تھا۔

باہر کے احاطے  یعنی صحن کے گرد باریک کتان کے پردے تھے جو کہ ستونوں  کے کنڈؤں سے لگائے گئے تھے۔ "واوی حا عمودیم،   ווי העמודים Vave HaAmmudim, ” میں   "واوی” سے مراد کنڈے ہیں اور "عمودیم” سے مراد ستون ہیں۔ میں نے اپنی توریت کے طومار پر بنائی ہوئی ویڈیو میں دکھایا تھا کہ کیسے توریت  کے طومار میں ہمیں یہ ستون اور واو دکھائی دیتے ہیں۔ اگر آپ نے یہ ویڈیو نہیں دیکھی تو وقت نکال کر اسے ضرور  یو ٹیوب پر یا پھر میری ویب سائٹ پر دیکھیں۔   ابھی بھی میں بہت سی باتوں کی تفصیل میں نہیں جاؤنگی  مگر میں کچھ روحانی باتیں ضرور بیان کرونگی اس امید کے ساتھ کہ آپ کے دلوں میں خداوند کی توریت کو مزید جاننے کی خواہش ابھرے گی۔

مشکان کے صحن  کے پردے جو کہ توریت کے طومار نما ہیں،  خداوند کے کلام کو ظاہر کرتے ہیں۔ کلام مقدس میں  رومیوں 10:17 میں لکھا ہے؛

پس ایمان سننے سے پیدا ہوتا ہے اور سننا مسیح کے کلام سے۔

جب ہم خداوند کے کلام کو سن کر اس پر ایمان لاتے ہیں تو ہم میں اسے مزید جاننے کی خواہش پیدا ہوتی ہے۔ ہم مشکان کے دروازے سے اندر کے احاطے میں داخل ہوتے ہیں۔ میں نے بیان کیا تھا کہ مشکان انسان نما ہے۔ یشوعا نے یوحنا 17:20 سے 22 میں کہا؛

میں صرف ان ہی کے لئے درخواست نہیں کرتا بلکہ انکے لئے بھی جو انکے کلام کے وسیلہ سے مجھ پر ایمان لائینگے۔ تاکہ وہ سب ایک ہوں یعنی جس طرح ائے باپ! تو مجھ میں ہے اور میں تجھ میں ہوں وہ بھی ہم میں ہوں اور دنیا ایمان لائے کہ تو ہی نے مجھے بھیجا ہے۔ اور وہ جلال جو تو نے مجھے دیا ہےمیں نے انہیں دیا ہےتاکہ وہ ایک ہوں  جیسے ہم ایک ہیں۔

خداوند میں ایک ہونے کے لئے مشکان یعنی خداوند کے گھر کے اندر  قدم رکھنا ہے۔  اپنے آپ کو پاک کرنا ہے کیونکہ یہ بھی خداوند ہی کا حکم ہے   جو کہ ہمیں احبار 11، 19 اور 20 باب میں اور پھر نئے عہد نامے میں  1 پطرس 1 باب میں ملتا ہے کہ "پاک ہو کیونکہ میں پاک ہوں۔  ”  پیتل کے حوض کا پانی ہاتھ پاؤں کو دھونے کے لئے تھا۔ ہاتھ اور پاؤں ہمارے روزانہ کے اعمال اور چال کو ظاہر کرتے ہیں۔ پیتل کا حوض، آئینے میں ہمیں اپنی صورت  یعنی باطن دیکھنے کی ضرورت ہے کہ ہم  یتزر ہرا کو یعنی اس نخاش کو اپنے تابع کر سکیں جیسا کہ خداوند کا کلام کہتا ہے (پیدایش 4:7)؛

اگر تو بھلا کرے تو کیا مقبول نہ ہوگا؟ اور اگر تو بھلا نہ کرے تو گناہ دروازہ پر دبکا بیٹھا ہے  اورتیرا مشتاق ہے پر تو اس پر غالب آ۔

پانی سے اپنے آپ کو دھو کر (بپتسمہ) اگلا قدم مذبح کی طرف جو کہ روزانہ کی اور خاص قربانیوں کے لئے تھا۔  ویسے تو میرے ذہن میں بہت سی آیات ہیں مگر ابھی کے لئے میں زبور 4:5  اور رومیوں 12:1 لکھ رہی ہوں؛

صداقت کی قربانیاں گذرانو اور خداوند پر توکل کرو۔

رومیوں 12:1

پس ائے بھائیو! میں خدا کی رحمتیں یاد دلا کر تم سے التماس کرتا ہوں کہ اپنے بدن ایسی قربانی ہونے کے لئے نذر کرو جو زندہ اور پاک اور خدا کو پسندیدہ ہو۔ یہی تمہاری معقول عبادت ہے۔

پاک مقام اور پاک ترین مقام میں عام شخص داخل نہیں ہوسکتا تھا۔ اسکے لئے خدا کا کاہن ہونا لازمی ہے۔ شمع دان خدا کا نور یعنی اسکا کلام ہے اور خداوند کی میز پر روٹی ہماری روحانی روٹی ہے۔ بخور  جلانے کی قربانگاہ کے بارے میں میں نے پہلے بھی ذکر کیا تھا کہ وہ ہماری دعائیں ہیں اور عہد کے صندوق سے متعلق بھی میں پہلے ذکر کر چکی ہوں کہ  اس کیا موجود تھا اور اسکی کیا اہمیت ہے۔ خداوند عہد کے صندوق کے اوپر کفارہ کے سرپوش پر  کروبیوں کے بیچ میں اپنے کاہن سے بات چیت کریں۔ اس مقام میں کوئی بھی داخل نہیں ہوسکتا تھا سوائے سردار کاہن کے۔  اسکے لئے آپ کو سردار کاہن کی ضرورت ہے۔

 تمام باتوں کو آپ ایک ایک کرکے خود جوڑیں اور مشکان کے تصور کو  یوحنا 17 باب کی  اوپر دی ہوئی آیت کے مطابق سمجھنے کی کوشش کریں۔ میں اس مطالعہ کو یہیں ختم کرتی ہوں۔ خداوند خدا آپ کو حکمت کی روح دیں تاکہ آپ کلام کی باتوں کو سمجھ سکیں، یشوعا کے نام میں۔ آمین