خروج 37 باب

آپ کلام مقدس سے خروج 37 باب مکمل خود پڑھیں۔

ہم نے پچھلے باب میں پڑھا تھا کہ پہلے بنی اسرائیل نے خیمہ اجتماع  کے  پردوں  اور تختوں  پر کام کیا۔ انھوں نے ستون کھڑے کئے اور پردوں کو جوڑا۔ اس باب میں ہم پاک ترین مقام اور پاک مقام کے ظروف کے  بنانے کا پڑھتے ہیں سب سے پہلے بضلی ایل نے عہد کے صندوق کو بنانا شروع کیا۔ خیمہ اجتماع اور پھر ہیکل میں عہد کا صندوق  ، خداوند کی موجودگی کو ظاہر کرنے کے لئے تھا۔ بہت سے اس بات پر بحث کرنا پسند کرتے ہیں خاص طور پر کہ عہد کا صندوق، اس پر بنائے گئے کروبی بھی تو  بت پرستی کی علامت ہیں۔ ایسا ہر گز نہیں۔ عہد کا صندوق، توریت کو  اور پھر بعد میں "من” کو رکھنے کے لئے  تھا۔ تبھی اسکو شہادت کا صندوق اور عہد نامہ کا صندوق بھی کہا گیا ہے ۔خروج 25:16 میں ہم پڑھتے ہیں؛

اور تو اس شہادت نامہ کو جو میں تجھے دونگا اسی صندوق میں رکھنا۔

   توریت  روحانی روٹی کی علامت ہے اور من ، جسمانی روٹی کی ۔  عہد کے صندوق کو رکھنے کے لئے مشکان بنائی گئی۔  یہی تعلیم یہودی دانشور دیتے آئے ہیں کہ عہد کا صندوق وہ جگہ ہے جہاں خداوند کی موجودگی ظاہر ہوتی تھی۔ عہد کے صندوق کے لئے ہم کفارہ کا سر پوش  جو کے خالص سونے سے بنایا گیا تھا، اسکے بارے میں  بھی پڑھتے ہیں۔ کفارہ کا سر پوش، عہد کے صندوق کا ہی حصہ تھا مگر اسکو ایسے بیان کیا گیا ہے جیسے کہ یہ ایک علیحدہ  ظرف ہے۔ خروج 25:21  سے 22میں ہم پڑھتے ہیں کہ؛

اور تو اس سرپوش کو اس صندوق کے اوپر لگانا اور وہ عہد نامہ جو میں تجھے دونگا اسے اس صندوق کے اندر رکھنا۔ وہاں میں تجھ سے ملا کرونگا اور اس سر پوش کے اوپر سے اور کروبیوں کے بیچ میں سے جو عہد نامہ کے صندوق کے اوپر ہونگے اس سب احکام کے بارے میں جو میں بنی اسرائیل کے لئے تجھے دونگا تجھ سے بات چیت کیا کرونگا۔

سرپوش کے اوپر سے اور کروبیوں کے  بیچ میں سے۔۔۔۔کروبیوں کا منہ آمنے سامنے سرپوش کی طرف ایسے تھے کہ جیسے انکی نظر کسی پر ہے ۔  عہد کے صندوق کو ہرگز بت پرستی سے تشبیہ نہیں دی جا سکتی۔ میں پہلے بھی بیان کر چکی ہوں کہ کروبیوں کو خداوند نے باغ عدن  میں زندگی کے درخت کی حفاظت کے لئے رکھا  (پیدایش 3:24)۔ اور توریت کے بارے میں میں بتا چکی ہوئی ہوں کہ وہ زندگی کا درخت بھی ہے (امثال 3:17 سے 18)۔ باقی آپ خود شاید سمجھ چکے ہیں کہ میں کیا کہنا چاہ رہی ہوں۔ کروبی، جلال کے تخت کے گرد ہیں۔  کروبیوں کے چہرےسر پوش کی طرف اور  ایک دوسرے کے مقابل تھے (خروج 37:9)۔ اس آیت  میں "ایک دوسرے کے مقابل ” کو عبرانی میں عجیب طریقے سے لکھا گیا ہوا ہے۔  عبرانی میں  لکھا ہے "ایش ایل اخیوؤ، איש אל אחיו Ish el achiv, ” جسکا لفظی معنی بنتا  "آدمی اپنے بھائی کے”۔  ہم اسکی تفصیل میں نہیں جائیں گے۔

عہد کے صندوق کے بعد ہم پڑھتے ہیں کہ بضلی ایل نے  میز بنائی اور اسکے بعد شمعدان اور پھربخور جلانے کی قربانگاہ۔ آخر میں اس نے مسح کرنے کا پاک تیل اور خوشبودار مصالح کا خالص  بخور بنایا۔

  پاک ترین مقام اور پاک مقام  یعنی اندر کے ظروف پہلے بنے۔ کلام مقدس میں ہمیں  1 سموئیل 16:7 میں لکھا ہوا نظر آتا ہے؛

پر خداوند نے سموئیل سے کہا  کہ تو اسکے چہرہ اور اسکے قد  کی بلندی کو نہ دیکھ  اسلئے کہ میں نے اسے نا پسند کیا ہے کیونکہ خداوند انسان کی مانند نظر نہیں کرتا اسلئے کہ انسان ظاہری صورت کو دیکھتا ہے پر خداوند دل پر نظر کرتا ہے۔

میں نے پہلے بتایا تھا  کہ مسکن  کو انسان سے تشبیہ دی گئی ہے اور ہمیں نئے عہد نامے میں بھی لکھا ملتا ہے کہ ہم خداوند کا مسکن ہیں۔اگر آپ سوچتے ہیں کہ آپ خداوند کا مسکن ہیں تو ذرا غور کریں۔ خداوند کے عہد کے صندوق  میں موجود توریت اور روحانی روٹی ہمارے بدن کا حصہ ہے۔ ہم اسکی شریعت کو بیان کرنے والوں میں سے ہیں۔ اسکی توریت ہمارے دلوں کی  پر لکھی گئی ہے۔ ہم وہ روحانی روٹی خداوند کی میز پر سے کھاتے ہیں جو  ہمیں روحانی  قوت بخشتی ہے۔ اسکا کلام، شمعدان کے نور کی مانند ہے جو ہمیں منور کرتا ہے اور بخور وہ دعائیں اور مناجاتیں ہیں جو ہم اسکی حضوری میں پیش کرتے ہیں۔

میں اپنے اس مختصر مطالعے کو یہیں ختم کرتی ہوں۔ اگلی دفعہ ہم خروج 38 باب کا مطالعہ کریں گے۔