صداقت اور راستبازی کے لیے دعا
ادونائی ضیدقینو؛ (YHWH Tsidqenue) آپ خداوند خدا میری صداقت ہیں۔ میری زبان سے آپ کی صداقت کا ذکر ہوگا اور دن بھر آپ کی تعریف ہوگی (زبور 35:28)۔ ائے خدا ! آپ کا تخت ابدالآبد ہے ۔ آپ کی سلطنت کا عصا راستی کا عصا ہے (زبور 45:6) ائے خدا! جیسا آپ کا نام ہے ویسی ہی آپ کی ستائش زمین کی انتہا تک ہے آپ کا دہنا ہاتھ صداقت سے معمور ہے (زبور 48:10)۔ میرا منہ آپ کی صداقت کا اور آپ کی نجات کا بیان دن بھر کریگا ۔ کیونکہ مجھے انکا شمار معلوم نہیں (زبور 71:15)۔ صداقت اور عدل آپ کے تخت کی بنیاد ہیں۔ شفقت اور وفاداری آپ کے آگے آگے چلتی ہیں (زبور 89:14)۔
شفقت اور راستی باہم مل گئی ہیں۔ صداقت اور سلامتی نے ایک دوسرے کا بوسہ لیا ہے(زبور 85:10)۔ راستی زمین سے نکلتی ہے اور صداقت آسمان پر سے جھانکتی ہے (زبور 85:11) صداقت اسکے آگے آگے چلیگی اور اسکے نقش قدم کو ہماری راہ بنائیگی (زبور 85:13)اور آسمان اسکی صداقت بیان کرینگے کیونکہ خداوند آپ ہی انصاف کرنے والے ہیں (زبور 50:6)۔ خداوند کی صداقت پہاڑوں کی مانند ہے۔ ان کے احکام نہایت عمیق ہیں۔ ائے خداوند! آپ انسان اور حیوان دونوں کو محفوظ رکھتے ہیں (زبور 36:6)۔ ائے خدا! آپ کی صداقت بھی بہت بلند ہے۔ ائے خدا آپ کی مانند کون ہے جس نے بڑے بڑے کام کئے ہیں؟ (زبور 71:19) میں نے بڑے مجمع میں صداقت کی بشارت دی ہے۔ دیکھ میں اپنا منہ بند نہیں کرونگا۔ ائے خداوند! آپ جانتے ہیں (زبور 40:9) آپ کے پہچاننے والوں پر آپ کی شفقت دائمی ہو اور راست دلوں پر آپ کی صداقت (زبور 36:10)۔ آپ صداقت سے اپنے لوگوں کی اور انصاف سے غریبوں کی عدالت کریں گے (زبور 72:2)۔ میں نے صداقت سے محبت رکھی اور بدکاری سے نفرت اسلئے خدا میرے خدا نے شادمانی کے تیل سے مجھ کو میرے ہمسروں سے زیادہ مسح کیا ہے (زبور 45:7)۔ اور میری زبان دن بھر آپ کی صداقت کا ذکر کرے گی کیونکہ میرا نقصان چاہنے والے شرمندہ اور پشیمان ہوئے ہیں (زبور 71:24)۔ اور ہم تو سب کے سب ایسے ہیں جیسے ناپاک چیز اور ہماری تمام راستبازی ناپاک لباس کی مانند ہے اور ہم سب پتے کی طرح کملا جاتے ہیں اور ہماری بدکرداری آندھی کی مانند ہمکو اڑا لے جاتی ہے (یسعیاہ 64:6)۔ صداقت کے پھاٹکوں کو میرے لئے کھول دو۔ میں ان سے داخل ہو کر خداوند کا شکر کرونگا (زبور 118:19)۔ دیکھیں میں آپ کے قوانین کا مشتاق رہا ہوں۔ مجھے اپنی صداقت سے زندہ کریں (زبور 119:40)۔ آپ کی صداقت ابدی صداقت ہے اور آپ کی شریعت برحق ہے (زبور 119:142) آپ کی شہادتیں ہمیشہ راست ہیں۔ مجھے فہم عطا کر تو میں زندہ رہوں گا (زبور 119:144)۔ میری زبان آپ کے کلام کا گیت گائے کیونکہ آپ کے سب فرمان برحق ہیں (زبور 119:172)۔ وہ آپ کے بڑے احسان کی یادگار کا بیان کریں گے اور آپ کی صداقت کا گیت گائیں گے (زبور 145:7)۔ میں خداوند خدا کی قدرت کے کاموں کا اظہار کروں گا۔ میں صرف آپ کی ہی صداقت کا ذکر کروں گا (زبور 71:16)۔ تب آپ صداقت کی قربانیوں اور سوختنی قربانی اور پوری سوختنی قربانی سے خوش ہوں گے اور (ہم) آپ کے مذبح پر بچھڑے چڑھائیں گے (زبور 51:19)۔ (ہم) دن بھر آپ کے نام سے خوشی مناتے ہیں اور آپ کی صداقت سے سرفراز ہوتے ہیں (زبور 89:16)۔ ائے خداوند! میری دعا سنیں۔ میری التجا پر کان لگائیں۔ اپنی وفاداری اور صداقت میں مجھے جواب دیں (زبور 143:1)۔ ائے خداوند! اپنے نام کی خاطر مجھے زندہ کریں۔ اپنی صداقت میں میری جان کو مصیبت سے نکالیں (زبور 143:11)۔ میرے منہ کی سب باتیں صداقت کی ہیں۔ ان میں کچھ ٹیڑھا ترچھا نہیں ہے (امثال 8:8)۔ دولت و عزت میرے ساتھ ہیں۔ بلکہ دائمی دولت اور صداقت بھی (امثال 8:18)۔ میں صداقت کی راہ پر اور انصاف کے راستوں میں چلتی ہوں (امثال 8:20)۔ (میں جانتی ہوں خداوند کہ ) قہر کے دن مال کام نہیں آتا لیکن صداقت موت سے رہائی دیتی ہے (امثال 11:4) راستبازوں کی صداقت ان کو رہائی دے گی لیکن دغاباز اپنی ہی بدنیتی میں پھنس جائیں گے (امثال 11:6)۔ صداقت کی راہ میں زندگی ہے اور اسکے راستہ میں ہرگز موت نہیں (امثال 12:28)۔ جو صداقت اور شفقت کی پیروی کرتا ہے زندگی اور صداقت و عزت پاتا ہے (امثال 21:21)۔ (ائے خداوند آپ مجھے صداقت بخشیں اور صادق بنائیں)۔ رات کو میری جان آپ کی مشتاق ہے۔ ہاں میری روح آپ کی جستجو میں کوشاں رہے گی کیونکہ جب آپ کی عدالت زمین پر جاری ہے تو دنیا کے باشندے صداقت سیکھتے ہیں (یسعیاہ 26:9)۔ میں خداوند میں بہت شادمان ہوں گی۔ میری جان میرے خدا میں مسرور ہوگی کیونکہ انھوں نے مجھے نجات کے کپڑے پہنائے۔ انھوں نے راستبازی کے خلعت سے مجھے ملبس کیا جیسے دلہا سہرے سے اپنے آپ کو آراستہ کرتا ہے اور دلہن اپنے زیوروں سے اپنا سنگار کرتی ہے (یسعیاہ 61:10) خداوند اپنے کلام کو تمام اور منقطع کر کے اس کے مطابق زمین پر عمل کریں گے۔ (رومیوں 9:28) پس جو بونے والے کے لئے بیج اور کھانے والے کے لئے روٹی بہم پہنچاتا ہے وہی( ہمارے )لئے بیج بہم پہنچائیں گے اور اس میں ترقی دیں گے اور ہماری راستبازی کے پھلوں کو بڑھائیں گے (2 کرنتھیوں 9:10)۔ خداوند کے مٗقدس نام میں آمین، آمین اور ثم آمین۔