(پیدائش 17 باب (دوسرا حصہ

image_pdfimage_print

پچھلی بار ہم نے پڑھا تھا کہ خداوند خدای قادر نے ایک بار پھر سے اپنے اور ابرہام کے درمیان عہد باندھا تھا۔ میں نے پچھلی بار ذکر کیا تھا کہ اسمعیل بھی ابرہام  ہی کی اولاد ہے اور ہم نے پیدائش 16 باب میں پڑھا تھا کہ خداوند نے اسمعیل کی ماں ہاجرہ سے عہد کیا تھا کہ وہ اسمعیل کو بہت بڑھائے گا یہاں تک کہ کثرت کے سبب انکا شمار نہ ہو سکے گا۔  پیدائش 17:10  میں خدانے ابرہام کو کہا کہ

اور میرا عہد جو میرے اور تیرے درمیان اور تیرے بعد تیری نسل کے درمیان ہے اور جسے تم مانو گے سو یہ ہے کہ تم میں سے ہر ایک فرزندِ نرینہ  کا ختنہ کیا جائے۔

ختنہ خداوند نے اپنے اور ابرہام  اور اسکے گھرانے کے ساتھ عہد کے نشان کے طور پر باندھا تھا۔ خدا نے پشت در پشت ہر ایک لڑکے کا ختنہ کروانے کو کہا تھا جو  کم سے کم آٹھ روز کا ہو۔  اب  ہم تھوڑی سی بات "ختنہ” کے موضوع پر کرتے ہیں کہ آیا کیا یہ آج بھی اتنا ہی اہم ہے جتنا پرانے عہد نامے کے دور میں  تھا یا پھر مسیح کے آنے کے بعد اب اسکی ضرورت نہیں رہی۔   مجھے علم ہے کہ میرے آرٹیکلز ہمارے رومن کیتھولک بہن بھائی بھی پڑھتے ہیں۔  جیسے میں ہمیشہ سے کہتی آئی ہوں ایک بار پھر کہوں گی کہ کوئی بھی آپ کو خدا سے  زیادہ بہتر کلام کو نہیں سمجھا سکتا۔  چاہے وہ آپ ہوں یا میں اگر کلام کو سمجھنا ہے تو ہمیشہ خدا سے رہنمائی حاصل کریں۔ آج کے دور میں جس کو دیکھو ہر کوئی یہ کہتا ہے، کلام پڑھو تو علم ہو گا، قران پڑھو تو تب سچائی جانو گے۔۔۔۔ ابرہام کے پاس توریت نہیں تھی مگر خدا تب بھی ابرہام سے بات کرتا تھا۔ خدا نے ہی اسے سچائی کی راہ پر چلنے  میں  رہنمائی کی تھی۔ اگر خدا واقعی میں یکساں ہے تو کیا وہ آج آپ کی رہنمائی نہیں کرے گا؟ خدا سے سچے دل سے دعا کریں  کہ وہ آپ کی رہنمائی کرے اور وہ ضرور آپ کو حق اور سچائی کی راہ پر لائے گا جو کہ ابدی زندگی  کی طرف لے کر جاتی ہے نا کہ موت کی طرف۔

رومن کیتھولک چرچوں میں سکھایا جاتا ہے کہ اب ختنہ کروانے کی ضرورت نہیں کیونکہ  گلتیوں 5:6 میں لکھا ہے؛

اور مسیح یسوع میں نہ تو ختنہ کچھ کام کا ہے نہ نامختونی مگر ایمان جو محبت کی راہ سے اثر کرتا ہے۔

اور کچھ اسی قسم کا پیغام جو کہ رومیوں 4:9 سے 12 آیات میں لکھا ہے لگتا ایسا ہی ہے کہ اسی بات کی طرف اشارہ کرتی ہے کہ ختنہ ضروری نہیں۔  اور پھر گلتیوں 2:1 سے تین میں  ططس کے بارے میں یہی لکھا ہے کہ وہ جو کہ یونانی ہے ختنہ کرانے پر مجبور نہ  کیا گیا۔  کیا واقعی ختنہ  کی ضرورت نہیں رہی ہے؟

عبرانی میں ختنہ کے اس عہد کو "بریت می لاہ،   בְרִית מִילָה، Brit Milah” کہتے ہیں۔ جب خدا نے ابرہام کو یہ عہد نشان کے طور پر دیا تھا تو  خدا نے پیدائش 17:13 سے 14 آیات میں یہ کہا تھا؛

لازم ہے کہ تیرے خانہ زاد اور تیرے زر خرید کا ختنہ کیا جائے اور میرا عہد تمہارے جسم میں ابدی عہد ہوگا۔ اور وہ فرزند نرینہ جسکا ختنہ نہ ہوا ہو اپنے لوگوں میں سے کاٹ ڈالا جائے کیونکہ اس نے میرا عہد توڑا۔

ہمیں علم ہے کہ خدا نے ابرہام کو اسکے ایمان کی بنا پر راستباز ٹھہرایا اور یہی بات آپ رومیوں کے 4 باب میں بھی پڑھتے ہیں۔ مگر ساتھ ہی میں رومیوں 4:11 میں یہ بھی لکھا ہے ابرہام کے لیے کہ؛

اور اس نے ختنہ کا نشان پایا کہ اس ایمان کی راستبازی پر مہر ہوجائے جو اسے نامختونی کی حالت میں حاصل تھا تاکہ وہ ان سب کا باپ ٹھہرے جو باوجود نامختون ہونے کے ایمان لاتے ہیں اور انکے لئے بھی راستبازی محسوب کی جائے۔

یعقوب 2:14  سے 26 آیات  کے مطابق  ایمان اور اعمال دونوں لازم ہیں کیونکہ یعقوب 2:17 میں بیان ہے ؛

اسی طرح ایمان بھی اگر اسکے ساتھ اعمال نہ ہوں تو اپنی ذات سے مردہ ہے۔

پولس (اسکا اصل نام عبرانی میں شاؤل ہے) نے لوگوں کو رومیوں 2 میں دل کے ختنہ کا کہا جس کے بارے میں خدا نے یرمیاہ 31:33 میں  کہا مگر پھر اسکے بعد رومیوں 3:1 سے 2 میں  شاؤل نے کہا؛

پس یہودی کو کیا فوقیت ہے اور ختنہ سے کیا فائدہ؟ ہر طرح سے بہت ۔ خاص کر یہ کہ خدا کا کلام انکے سپرد ہوا۔

اب ذرا ان  آیتوں کو  ایک طرف رکھ کر کچھ اور باتوں کے بارے میں سوچیں۔ نئے عہد نامے کے مطابق  ہمارے لیے کہا گیا ہے کہ ہم اپنے نہیں بلکہ قیمت سے خریدے گئے ہیں۔ 1 کرنتھیوں 6:20؛

کیونکہ قیمت سے خریدے گئے ہو۔ پس اپنے بدن سے خدا کا جلال ظاہر کرو۔

ططس 2:14 میں یسوع (یشوعا) کے لیے  لکھا ہے؛

جس نے اپنے آپ کو ہمارے واسطے دے دیا تاکہ فدیہ ہو کر ہمیں ہر طرح کی بیدینی سے چھڑا لے اور پاک کر کے اپنی خاص ملکیت کے لئے ایسی امت بنائے جو نیک کاموں  میں سرگرم ہو۔

اور اعمال 20:28 میں لکھا ہے؛

پس اپنی اور اس سارے گلہ کی خبرداری کرو جسکا روح القدس نے تمہیں نگہبان ٹھہرایا تاکہ خدا کی کلیسیا کی گلہ بانی کرو  جسے اس نے خاص اپنے خون سے مول لیا۔

ہمیں یہ بھی علم ہے کہ خدا نے ہمیں اپنا فرزند  کہا ہے کیونکہ گلتیوں  3:14  اور26 اور 29 میں یہ لکھا ہے؛

تاکہ مسیح یسوع میں ابرہام کی برکت غیر قوموں تک بھی پہنچے اور ہم اس ایمان کے وسیلہ سے اس روح کو حاصل کریں جسکا وعدہ ہوا ہے۔

کیونکہ تم سب اس ایمان کے وسیلہ سے جو مسیح یسوع میں ہے خدا کے فرزند ہو۔

اور اگر تم مسیح کے ہو تو ابرہام کی نسل اور وعدہ کے مطابق وارث ہو۔

اب ایک بار پھر سے خدا نے جو ابرہام کو  ختنہ کا عہد دیا تھا اسکے بارے میں پڑھیں  جو کہ  پیدائش 17:13 اور 14 آیت میں لکھا ہے؛

لازم ہے کہ تیرے خانہ زاد اور تیرے زر خرید کا ختنہ کیا جائے اور میرا عہد تمہارے جسم میں ابدی عہد ہوگا۔ اور وہ فرزند نرینہ جسکا ختنہ نہ ہوا ہو اپنے لوگوں میں سے کاٹ ڈالا جائے کیونکہ اس نے میرا عہد توڑا۔

خدا نے ابرہام اور اسکے خانہ زاد اور زر خرید کے ختنہ کا کہا تھا۔ خدا نے ہمیں  یشوعا کے خون بہانے کے سبب خرید لیا  اور یشوعا کی بنا پر ابرہام  کی نسل میں شامل کیا۔ خدا نے ہمیں اپنا فرزند کہا ہے۔ ختنہ شریعت  دینے سے پہلے تعین کیا گیا تھا۔ اگر ابرہام کی طرح ہم بھی صرف خدا پر  ایمان لانے کے سبب سے راستباز ہیں  اور اگر خدا کے احکام (شریعت) ہمارے دلوں پر لکھی گئی ہے تو ختنہ،  جو کہ ابرہام کے ساتھ عہد کا نشان ہے، لازم ہے۔ اور اگر ختنہ نہ ہوا ہو تو آپ اسکے لوگوں میں سے  کاٹ ڈالے جائیں گے کیونکہ آپ نے اس وعدہ کو جو خدا نے ابرہام اور اسکی  نسل سے پشت در پشت کیا تھا، قائم نہیں رکھا۔ یعقوب 2:21 میں ابرہام کے لیے لکھا ہے؛

جب ہمارے باپ ابرہام نے اپنے بیٹے اضحاق کو قربنگاہ  پر قربان کیا تو کیا وہ اعمال سے راستباز نہ ٹھہرا۔

  اگر آپ ان میں سے ہیں جنکا ختنہ نہیں ہوا ہے تو میری خدا سے دعا ہے کہ وہ آپ کو اپنے اس پیغام کو سمجھنے میں آپ کی مدد کرے۔ اور اگر آپ کا ختنہ ہو گیا ہوا ہے تو میری دعا ہے کہ خدا آپ کے دلوں کا ختنہ بھی کرے اور اگر آپ کے دل کے ختنہ ہوا ہوا ہے تو میری یہ دعا ہے کہ ابرہام سے کیے ہوئےخدا کے عہد کے وارث آپ بھی بنیں۔

ہم پیدائش 17 باب کا باقی مطالعہ اگلی بار کریں گے۔ خدا آپ کو اپنا کلام سمجھنے کی توفیق عطا کرے آمین۔